راولپنڈی،پشاور،کوہاٹ(نیوز ایجنسیاں ) سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں
عزم استحکام ویژن کے تحت موثر کارروائیاں کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 18دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے، کوہاٹ میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 7 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کر کے 13 خوارج کو ہلاک کر دیا، سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان اور گردونواح میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسزنے فتنہ الخوارج کی نقل و حرکت پر مسلسل نگرانی رکھتے ہوئے ان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی۔دوسری جانب سکیورٹی فورسز کی آپریشن ردالفتنہ 3کے تحت بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے خلاف بھی موثر کارروائیاں جاری ہیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقوں سیاپشت اورکلی گشتری میں سکیورٹی فورسزنے فتنہ الہندوستان کیخلاف آپریشن کے دوران 5 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا، ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے، دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں پوری شدت سے جاری رہیں گی۔دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں 7 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ دہشتگرد فرار ہوگئے ۔ڈی پی او مظہر اقبال کے مطابق شادی پور میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنادیا گیا۔ڈی پی او نے بتایا کہ دہشتگردوں کی فائرنگ میں 7 اہلکار زخمی ہوئے جنہیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ پولیس کی بھرپور جوابی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہوگئے۔ڈی پی او کا کہنا ہے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے اور دہشتگردوں کو جلد از جلد ڈھونڈنے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔
دہشت گرد ہلاک
