امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات مسائل کا حل نہیں ہیں، بلکہ اس سے سیاسی بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب اقتدار میں موجود قوتیں گورنر راج اور ایمرجنسی کے ذریعے حکومت کرنے کی کوشش کرتی ہیں تو اس کا واضح مطلب ہے کہ حکومت کا چراغ بجھنے والا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام اور جمہوری عمل کو نقصان پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کے مطابق، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی تاریخ گورنر راج نافذ کرنے اور عوامی مینڈیٹ تسلیم نہ کرنے سے عبارت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ سیاسی صورتِ حال کا حل طاقت کے استعمال یا غیر معمولی اقدامات میں نہیں بلکہ سیاسی مذاکرات اور جمہوری رویوں میں ہے۔ حکومت اور اپوزیشن کو اختلافات ختم کرنے کے لیے بات چیت کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔

