قصور(ڈسٹرکٹ رپورٹر) شیخ عماد کے قریب ٹریکٹر ٹرالی کے ساتھ خوفناک تصادم میں جاں بحق کمسن بھائی کے بعد زخمی بہن بھی دم توڑ گئی۔ تفصیل کے مطابق گذشتہ روز شیخم کے قریب قبر والا سٹاپ پر آلوئوں سے لدی ٹریکٹر ٹرالی اور موٹر سائیکل کے درمیان آمنے سامنے تصادم ہو گیاتھا جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار 14 سالہ فہیم ولد نصیر موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کی 15 سالہ بہن فرحین دختر نصیر شدید زخمی ہو گئی۔اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے زخمی لڑکی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال قصور منتقل کر دیا جبکہ جاں بحق لڑکے کی میت بھی ہسپتال پہنچا دی گئی۔ تاہم شدید زخمی فرحین بھی جانبر نہ ہو سکی اور دم توڑ گئی۔ پولیس مصروف کارروائی ہے۔
