پشاور( ویب ڈیسک) پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے دہشت گردوں کو سرحد پار کرانے کے لیے بلااشتعال فائرنگ کی گئی جبکہ پاک فوج کی جوابی فائرنگ سے متعدد طالبان اہلکار ہلاک ہوگئے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک-افغان سرحد تائدہ سیکٹر، اپر کرم اورغوزگڑھی میں افغان طالبان کی خارجی دہشت گردوں کو سرحد پار کرانے کے لیے بلااشتعال فائرنگ کی جبکہ پاک فوج نے بھرپور جواب دیا۔سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج کا تائدہ سیکٹر، اپر کرم اورغوز گڑھی میں افغان طالبان کی بلااشتعال فائرنگ کا بھرپوراور مثرجواب دیا گیا، غوز گڑھی سرحد پر جوابی کارروائی میں افغان طالبان رجیم کے متعدد اہلکار ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ اپرکرم سیکٹرمیں پاک فوج نے آرٹلری فائرکے ذریعے افغان طالبان کی ٹاپسر پوسٹ اور شپولا بیس کیمپ کو نشانہ بنایا جبکہ پاک فوج کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں شپولا بیس کیمپ مکمل طور پر تباہ ہونے کی اطلاع ہے۔اس حوالے سے سکیورٹی ذرائع نے مزید بتایاکہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں طالبان اہلکاروں نے اپنی سرحدی پوسٹ بھی خالی کردی جبکہ علاقے میں فائرنگ کا تبادلہ تاحال جاری ہے۔بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج سرحدوں کے دفاع اور ملکی سلامتی کے لیے ہر وقت چوکس اور پرعزم ہے۔کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے کہا ہے کہ سرحد پار سے ہونے والی دراندازی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، ملکی سلامتی و خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جبکہ پاک فوج ہر نوعیت کے خطرات کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔وہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 154ویں پی ایم اے لانگ کورس، 39ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 73ویں انٹیگریٹڈ کورس اور 28ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی پائوسنگ آئوٹ پریڈ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔جنرل سید عامر رضا نے مزید کہا کہ ہماری سرحدوں کے پار حریفانہ عزائم رکھنے والوں کے لئے ہمارا موقف غیر متزلزل اور بالکل واضح ہے، کسی بھی قسم کی غلط فہمی کی صورت میں ایسا ردعمل دیا جائے گا جو تصور اور اندازوں سے کہیں بڑھ کر ہوگا۔کمانڈر اسٹریٹجک کمانڈ نے واضح کیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، تاہم امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سرحد پار سے ہونے والی جارحیت، اپنی علاقائی خودمختاری اور سرحدوں کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرے گا۔ایمان، تقوی، جہاد فی سبیل اللہ کے بنیادی اصولوں کی روشنی میں، پاکستان کی مسلح افواج اپنی مقدس سرزمین کے ایک ایک انچ کا دفاع ہر قیمت پر کرنے کیلئے تیار ہیں۔

