چکوال(بیورو رپورٹ)ضلع بھر میں قائم سرکاری مراکز صحت کی حالت زار ہو یا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ضلع بھر کے مریضوں کیساتھ ہونے والا امتیازی سلوک غریب مریض ہر جگہ ذلیل وخوار ہونے پر مجبور ہے،حال ہی میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال میں امراض دل کے ٹیسٹ کیلئے کیتھ لیب کے قیام کے حوالہ سے اچھی خبر سامنے آئی ہے جس سے ضلع بھر سے آنے والے مریضوں کو سہولیات میسر آسکیں گی لیکن دوسری جانب جدید مشینری اور لیب کے قیام سے مریضوں کا علاج ممکن نہیں اس کیلئے ماہرین امراض کی تعیناتی اور پیرا میڈیکل اسٹاف کا پورا ہونا ضروری ہے،ضلع چکوال میں مراکز صحت کا جائزہ لیا جائے تو سرکاری سطح پر متعدد سہولیات کی فراہمی کے باوجود بنیادی سہولیات کی شدید کمی ہے،جس کو پورا کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کی ضرورت ہے اگر ضلع کے مرکزی یعنی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی بات کی جائے تو یہاں مریضوں کو کئی ایک مشکلات کا سامنا ہے جس میں عام چیک اپ کیلئے بھی سفارش کی ضرورت پیش آتی ہے،جو کہ تشویش ناک امر ہے،ڈپٹی کمشنر چکوال سارہ حیات گوندل ضلع بھر میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے سنجیدہ ہیں لیکن ان کی سنجیدگی اس وقت تک بے کار ہے جب تک محکمہ صحت کے افسران اور ذمہ داران بھی اس سلسلہ میں سنجیدگی سے کام نہ کریں تاکہ مریضوں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے
