لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ سابق
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے عمران خان سے اپنے بھائی عاقب اللہ کو وزیراعلی خیبرپختونخوا بنانے کی درخواست کی تھی۔بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے اسد قیصر کی اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا تھا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر محمد علی سیف نے بتایا کہ انتخابات کے بعد اور علی امین گنڈاپور کی بطور وزیراعلی نامزدگی سے قبل ان کی اور اسد قیصر کی عمران خان سے مشترکہ ملاقات ہوئی تھی جس میں اسد قیصر نے اپنے بھائی عاقب اللہ کو وزیراعلی بنانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔بیرسٹر سیف کے مطابق عمران خان نے اسد قیصر کے بھائی کو وزیراعلی بنانے سے انکار کر دیا تھا جبکہ ایک اور ملاقات میں جنید اکبر کی موجودگی میں بھی عمران خان نے عاقب اللہ کو وزیراعلی بنانے کی حمایت نہیں کی تھی۔سابق مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ عمران خان نے ابتدا میں عاقب اللہ کو خیبرپختونخوا اسمبلی کا اسپیکر بنانے کی ہدایت کی تھی تاہم بعد میں فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے بابر سلیم سواتی کو اسپیکر نامزد کر دیا گیا۔
اسد قیصر نے عمران خان سے اپنے بھائی کو وزیراعلی پختونخوا بنانے کی درخواست کی جسے انہوں نے مسترد کیا: بیرسٹر سیف

