لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے)پنجاب بھر میں خفیہ ریکارڈنگ اور جاسوسی آلات کے استعمال اور خرید و فروخت پر 30روز کے لیے پابندی عائد کر دی گئی۔محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق دفعہ ایک سو چوالیس کے تحت خفیہ کیمروں والی اسمارٹ عینکوں ، ریکارڈنگ پین ، کی چین اور دیگر خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائسز کے استعمال اور خرید و فروخت پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ پابندی کا اطلاق ایسے آلات پر ہوگا جن کے ذریعے خفیہ طور پر تصاویر، ویڈیوز اور آواز ریکارڈ کی جا سکتی ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق خفیہ ریکارڈنگ آلات کے استعمال سے شہریوں کی نجی زندگی، حساس معلومات اور سیکیورٹی کو خطرات لاحق ہیں۔ تاہم لیپ ٹاپ، ٹیبلٹس، موبائل فونز اور پی ٹی اے سے منظور شدہ ٹرمینل آلات کو پابندی سے مستثنی قرار دیا گیا ہے۔پابندی کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہیجس کے تحت یہ پابندی 30 روز تک نافذ العمل رہے گی۔
