لاہور(کرائم رپورٹر)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی لاہور زون نے گلبرگ میں کارروائی کرتے ہوئے 3جعلی کال سینٹرز پر چھاپے مار کر 59 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں 52مرد اور 7خواتین شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران 61 لیپ ٹاپس، 21 کمپیوٹر سسٹمز اور52موبائل فونز برآمد کیے گئے۔ ترجمان کے مطابق ملزمان غیر ملکی شہریوں کو موبائل فون اپ گریڈ کرنے اور سستے پیکجز کی پیشکش کے نام پر دھوکا دیتے تھے۔ ملزمان جعلی ایپ کے ذریعے رجسٹرڈ ریسٹورنٹس کا ڈیٹا ہیک کرتے اور ہفتہ وار ادائیگیاں اپنے اکانٹس میں منتقل کر لیتے تھے۔این سی سی آئی اے کے مطابق ملزمان کی جانب سے حاصل کی گئی رقم ٹریڈنگ اور منی ٹرانسفر ایپس کے ذریعے منتقل کی جاتی تھی۔ ترجمان نے کہا کہ ملزمان کی سرگرمیوں سے پاکستان کی ڈیجیٹل ساکھ کو نقصان پہنچا۔
