اسلام آباد(این این آئی)بھارت میں سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد پر پابندی اور کرتارپور راہداری کی بندش کا معاملہ ایک بار پھر موضوعِ بحث بن گیا ، بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان نے پاکستان میں منعقد ہونے والی ورلڈ پنجابی کانفرنس میں شرکت کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے مودی حکومت کی پالیسیوں پر سوالات اٹھا دیئے۔بھارتی جریدے ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھگونت مان نے بھارتی پنجاب اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جب مودی حکومت انہیں فرانس اور جاپان جانے کی اجازت نہیں دیتی تو پاکستان جانے کی اجازت کیسے دے گی؟۔رپورٹ کے مطابق بھارتی پنجاب اسمبلی کے سپیکر اور ارکان نے بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا۔بھگونت مان نے اسمبلی کے ارکان کے ساتھ کرتارپور اور ننکانہ صاحب میں حاضری کیلئے کرتارپور راہداری کھولنے کا مطالبہ بھی کیا۔
