کراچی(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر
اپنے پیغام میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا قبضہ قابلِ مذمت ہے اور تقریباً آٹھ دہائیاں گزرنے کے باوجود کشمیری عوام اپنے بنیادی حق سے محروم ہیں۔شازیہ مری نے کہا کہ کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے حق سے محروم رکھنا عالمی انصاف کے دعوؤں پر سوالیہ نشان ہے۔ مسئلہ کشمیر محض زمین کا تنازع نہیں بلکہ لاکھوں انسانوں کی آزادی، شناخت اور مستقبل کا معاملہ ہے، جس کا منصفانہ حل ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کی۔ پاکستان پیپلز پارٹی بھی اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے کشمیری عوام کی جدوجہد کے ساتھ کھڑی ہے۔

