پشاور (این این آئی) ایران سے اغوا ہونے والے پشاور کے شہری یاسر علی کو اغوا کرنے والے دونوں ملزمان افغان شہری نکلے۔ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) حکام کے مطابق بازیاب شہری تاوان کی غرض سے 7 لاکھ روپے ادا کر چکا ہے، ملزمان اس سے مزید 70 لاکھ روپے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ایران سے بازیاب ہونے والے مغوی یاسر علی نے بیان میں بتایا ہے کہ اغوا میں ملوث دونوں ملزمان افغان شہری ہیں۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے اہلِ خانہ پشاور میں مقیم ہیں، ملزمان کے اہلِ خانہ کے ذریعے یاسر علی کو بازیاب کروایا گیا۔ ایف آئی اے حکام نے بتایا ہے کہ اغوا کاروں کی گرفتاری کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔
