کراچی(این این آئی) بھارتی جیلوں سے 9 سال بعد رہائی پانے والے چار پاکستانی ماہی گیروں کو رینجرز حکام نے ایدھی فاؤنڈیشن کے حوالے کردیا۔ ایدھی ترجمان کے مطابق رہائی پانے والے ماہی گیروں میں احمد نواز، عبدالرحمن، وقاص علی اور ارشد شامل ہیں۔ترجمان کے مطابق احمد نواز اور عبدالرحمن کا تعلق کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 4 سے ہے، جبکہ وقاص علی اور ارشد تاحال اپنا مکمل پتہ بتانے سے قاصر ہیں۔ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان نے کہا کہ وقاص علی اور ارشد کی بائیومیٹرک تصدیق مکمل ہونے تک انہیں ایدھی ہوم میں رکھا جائے گا، تاکہ ان کی شناخت اور رہائشی کوائف کی تصدیق کی جاسکے۔واضح رہے کہ چاروں پاکستانی ماہی گیر تقریباً 9 سال بھارتی جیلوں میں قید رہنے کے بعد رہا ہوئے ہیں۔ رہائی کے بعد انہیں رینجرز حکام کے ذریعے ایدھی فاؤنڈیشن کے حوالے کیا گیا، جہاں ان کی دیکھ بھال اور ضروری انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
