فلوریڈا(این این آئی)فلوریڈا کے علاقے پام بیچ کائونٹی میں تباہ ہونے والا بزنس جیٹ زمین پر گرنے سے پہلے ہی فضا میں جزوی طور پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگیا تھا۔ تفتیش کاروں کے مطابق ملبہ آدھے میل کے دائرے تک پھیلا ہوا ہے اور کچھ
حصے حادثے کی اصل جگہ سے کافی دور مل سکتے ہیں۔ آخری آڈیو ریکارڈنگ میں کو۔پائلٹ کو گھبرائی ہوئی آواز میں چیختے ہوئے سنا گیا کہ ہم 20,000 فٹ فی منٹ کی رفتار سے نیچے جا رہے ہیں، ہم زمین سے ٹکرانے والے ہیں۔فلائٹ ڈیٹا کے مطابق طیارہ محض ایک منٹ میں تقریباً 27,000 فٹ نیچے گرا۔ابتدائی شواہد کے مطابق طیارہ زمین پر گرنے سے پہلے ہی فضا میں مبینہ طور پر ٹوٹنا شروع ہو گیا تھا، جس کے باعث اس کا ملبہ دور دور تک بکھر گیا۔ ہوا بازی کے ماہرین میں سوشل میڈیا پر زبردست بحث چل رہی ہے۔
