راولپنڈی(خصوصی رپورٹر )آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن (APPSMA) نے وزیراعلی پنجاب کے خصوصی اقدام کے تحت منعقد ہونے والے پنجاب یوتھ اسپورٹس گالا کو نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ، جسمانی صحت، مثبت سرگرمیوں اور پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایک قابلِ تحسین اقدام قرار دیتے ہوئے اس میں نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانے کے لیے رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں کم از کم 10 سے 15 روز کی توسیع کا مطالبہ کیا ہے۔اس سلسلے میں مرکزی صدر ایپسما پاکستان کاشف ادیب جوادانی کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ پنجاب، لاہور کو باضابطہ خط ارسال کیا گیا ہے، جس میں مقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنجاب بھر میں نجی تعلیمی اداروں کا وسیع نیٹ ورک موجود ہے۔ ان اداروں تک بروقت معلومات پہنچانے، طلبہ کو متحرک کرنے، ابتدائی انتخابی مراحل مکمل کرنے اور رجسٹریشن کے تمام مراحل طے کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ پنجاب یوتھ اسپورٹس گالا میں سرکاری و نجی سکولوں، کالجز، یونیورسٹیوں اور دیگر اہل اداروں کے طلبہ کو اپنی کھیلوں کی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع فراہم کیا گیا ہے۔ تاہم محدود وقت کے باعث بہت سے تعلیمی ادارے اور طلبہ مقررہ تاریخ تک رجسٹریشن مکمل کرنے سے محروم رہ سکتے ہیں.ایپسما نے مطالبہ کیا کہ رجسٹریشن کی مدت میں کم از کم 10 سے 15 روز کی توسیع کی جائے تاکہ پنجاب بھر کے نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ کو یکساں مواقع میسر آسکیں اور اس صوبائی سطح کے اہم کھیلوں کے مقابلوں میں زیادہ سے زیادہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔ایپسما کی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسوسی ایشن پنجاب بھر میں اپنے ممبر اداروں کے ذریعے اسپورٹس گالا کی تشہیر، طلبہ کی حوصلہ افزائی اور رجسٹریشن کے عمل کو مثر بنانے کے لیے سپورٹس بورڈ پنجاب کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی.ایپسما کے مطابق کھیلوں کا فروغ صرف مقابلوں کے انعقاد تک محدود نہیں بلکہ یہ نوجوان نسل میں نظم و ضبط، برداشت، ٹیم ورک، خود اعتمادی اور صحت مند معاشرتی رویوں کو پروان چڑھانے کا ایک مثر ذریعہ ہے۔ لہذا ضروری ہے کہ اس قومی و صوبائی اہمیت کے حامل اقدام میں کسی بھی تعلیمی ادارے یا باصلاحیت طالب علم کی شرکت محض وقت کی کمی کے باعث متاثر نہ ہو۔ایپسما نے امید ظاہر کی کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نجی تعلیمی اداروں اور طلبہ کے وسیع تر مفاد میں اس درخواست پر ہمدردانہ غور کرتے ہوئے رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع کا باضابطہ اعلان کرے گا۔
