لاہور(پ ر)صوبائی وزیر خوراک سلمی بٹ سے سی ای او سیور فوڈز اور سرپرستِ اعلی ریسٹورنٹس، کیٹررز، سویٹس اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن چوہدری محمد نعیم نے ممبر والٹن کینٹ بورڈ میاں فقیر حسین کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں فوڈ انڈسٹری کو درپیش مسائل، کاروباری طبقے کو سہولیات کی فراہمی، فوڈ سیفٹی قوانین پر عمل درآمد اور متعلقہ حکومتی اداروں کے ساتھ مثر رابطہ کاری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران سلمی بٹ کو صوبائی وزیر خوراک کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی گئی اور پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا گیا۔چوہدری محمد نعیم نے کہا کہ ریسٹورنٹس، کیٹررز، سویٹس اور بیکرز سے وابستہ کاروباری طبقہ معیشت اور روزگار کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اس شعبے کے مسائل حل کرنے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے متعلقہ نمائندہ تنظیموں کو پالیسی سازی میں اعتماد میں لینا ضروری ہے۔محمد فاروق چوہدری نے کاروباری برادری اور حکومتی اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ مسائل کی بروقت نشاندہی اور ان کے حل کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جا سکیں۔ممتاز احمد نے فوڈ سیفٹی کے معیار کو بہتر بنانے، صارفین کو معیاری خوراک کی فراہمی اور کاروباری طبقے کو سہولیات دینے کے لیے باہمی تعاون کی اہمیت اجاگر کی۔ملاقات میں ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدور اور دیگر معروف کاروباری شخصیات بھی موجود تھیں۔
