لاہور( این این آئی)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے عظیم صوفی بزرگ حضرت علی ہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخش کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حضرت داتا گنج بخش کی تعلیمات محبت، اخوت، بھائی چارے، رواداری، باہمی ہم آہنگی اور خدمت انسانیت کا لازوال پیغام ہیں، جو صدیوں سے پاکستان سمیت دنیا بھر کے عقیدت مندوں کے لیے روحانی رہنمائی اور مشعل راہ کا ذریعہ ہیں۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ حکومت مزار پر حاضری دینے والے تمام زائرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی، جبکہ بیرونِ ملک سے آنے والے عقیدت مندوں کی سہولت اور آسانی کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ وہ پرسکون، باوقار اور آسان ماحول میں اپنی روحانی حاضری مکمل کر سکیں۔مزار پر آمد کے موقع پر سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار محمد علی خان اور دیگر متعلقہ افسران نے نائب وزیراعظم کا استقبال کیا۔

