اسلام آباد(آئی این پی )سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ فوج کے پاس اسلحہ
ہے اس لیے ان سے لڑا نہیں جا سکتا، اگر اسٹیبلشمنٹ نے سیاست دانوں کو سیاسی عمل سے باہر کیا تو ملک میں مسلح گروہوں کے ابھرنے کا خطرہ پیدا ہو جائے گا۔ اپنے ایک بیان میںملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، اسٹیبلشمنٹ کے کردار اور سیاسی جماعتوں کے رویے پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ایک سیاست دان ہیں اور ان کے پاس ہتھیار اٹھانے کا کوئی جواز یا ارادہ نہیں ہے، اگر فوج انہیں سیاست کرنے کی اجازت دے گی تو وہ سیاست کریں گے اور اگر اجازت نہیں دی گئی تو وہ سیاست بھی نہیں کر سکیں گے، اس وقت یہ فیصلہ اسٹیبلشمنٹ نے کرنا ہے کہ آیا انہوں نے ملک میں سیاست دانوں کو جمہوری اسپیس دینی ہے یا پھر اس خلا کو پر کرنے کے لیے کسی مسلح گروہ کو موقع فراہم کرنا ہے۔اپنی ماضی کی سیاسی وابستگیوں اور فیصلوں پر روشنی ڈالتے ہوئے فواد چوہدری نے انکشاف کیا کہ اگر وہ چاہتے تو استحکامِ پاکستان پارٹی میں شامل ہو سکتے تھے، اور اگر وہ اس پارٹی کا حصہ بن جاتے تو آج وزیر ہوتے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے اصولوں کی بنیاد پر فیصلے کیے اور کسی بھی نام نہاد سمجھوتے کے تحت وزارت حاصل کرنے سے گریز کیا۔ملکی نظام میں اسٹیبلشمنٹ کے کردار پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فوج اور اسٹیبلشمنٹ اس وقت نظام کا پارٹ اینڈ پارسل بن چکی ہے

