واشنگٹن، تہران ، انقرہ ( نیوز ایجنسیاں) ایران سے جنگ بندی، مذاکرات بحالی کیلئے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کوششیں تیز کردیں۔ گزشتہ 2 ہفتوں سے اہم علاقائی ثالثوں قطر کے وزیراعظم ،پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے تقریباً روزانہ رابطے میں ہیں۔ ادھر ترک صدر نے امریکی ہم منصب سے رابطہ کرکے ایران امریکہ کشیدگی سفارت کاری سے حل کرنے پر زور دیا ہے۔ دوسری جانب برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کو روس سے جدید ایس 400ائیر ڈیفنس سسٹم ملنے کا امکان ہے جس کیلئے دونوں ملکوں میں معاہدہ طے پاگیا ہے۔ادھر آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکر میں بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر آگ لگ گئی، جبکہ ترجمان پاسداران انقلاب نے امریکہ کے آئرن گیٹ منصوبے کو محض الفاظ کا کھیل قرار دیدیاہے۔ایران کے ساتھ نئی جنگ بندی اور جوہری مذاکرات کی بحالی کے لیے امریکہ کی سفارتی کوششیں تیز ہوگئی ہیں، جن میں پاکستان اور قطر ثالثی کا کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ان رابطوں کی قیادت کر رہے ہیں۔امریکی ویب سائٹ ایکسوس کی رپورٹ کے مطابق جے ڈی وینس گزشتہ 2 ہفتوں سے اہم علاقائی ثالثوں، قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی اور پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے تقریباً روزانہ رابطے میں ہیں۔ ان رابطوں کا مقصد ایران کے ساتھ جنگ بندی اور جوہری مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے لیے پیشرفت کرنا ہے۔رپورٹ کے مطابق وینس نے تقریباً 2ہفتے قبل ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی کو خط بھی بھیجا تھا جس میں براہِ راست مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی تجویز دی گئی۔ ایرانی حکام نے مبینہ طور پر اس خط کو سفارتی کوششوں میں مثبت پیشرفت کا ذریعہ قرار دیا ہے۔امریکی خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر جیرڈ کشنر بھی ان کوششوں میں شامل ہیں۔ امریکی اور ایرانی حکام کے درمیان تکنیکی سطح کی ابتدائی ملاقات کے امکان پر بھی بات ہوئی ہے تاہم تاحال ایسی کوئی ملاقات نہیں ہوسکی۔ ثالثی کے عمل سے واقف ذرائع کے مطابق مذاکرات میں کچھ پیشرفت ضرور ہوئی ہے، لیکن عمل سست روی کا شکار ہے۔دوسری جانب خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کی شکست کے بعد جے ڈی وینس نے اپنی سیاسی شناخت کو صدر ٹرمپ سے قدرے الگ انداز میں پیش کرنا شروع کردیا ہے۔ انہوں نے انتخابی نتائج کے بعد سوشل میڈیا پر بیان میں ایران جنگ کو ری پبلکنز کی شکست کی ایک وجہ قرار دیتے ہوئے تنازع جلد ختم کرنے، عوام کے لیے مہنگائی کم کرنے اور امریکی خارجہ پالیسی پر نظرثانی پر زور دیا۔ادھربرطانوی اخبار دی ٹیلی گراف نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کو جلد ہی روس سے جدید ائیر ڈیفنس سسٹم ایس 400ملنے والا ہے، دونوں ممالک کے درمیان اس دفاعی نظام کی خریداری کا معاہدہ طے پا چکا ہے۔اخبار کے مطابق ایران کے صدر مسعود پزشکیان اور ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ محسن رضائی کے حالیہ دوروں کے دوران روس اور ایران کے درمیان دفاعی تعاون سمیت گیس کی نئی پائپ لائن بچھانے کے منصوبے پر بھی بات چیت ہوئی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روس کئی برس سے ایران کو ایس 400 دفاعی نظام فروخت کرنے کا عندیہ دیتا رہا ہے، تاہم اسرائیل اور خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات خراب ہونے کے خدشے کے باعث اب تک اس معاہدے پر پیش رفت نہیں ہو سکی تھی۔برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایران نے حالیہ عرصے میں روس کے ساتھ ہتھیاروں کی فراہمی کے متعدد معاہدے کیے ہیں، بظاہر یہ معاہدے ایران کے طویل مدتی دفاعی منصوبوں کا حصہ ہیں جن کا مقصد امریکا کے ساتھ ممکنہ جنگ کی صورت میں اپنی دفاعی صلاحیت بہتر بنانا ہے۔اخبار نے ایران کیلئے روسی میزائلوں کی تیاری کا بھی انکشاف کیا ہے جنہیں ہیلی کاپٹر سے فائر کیا جا سکتا ہے، محسن رضائی کے دورہ ماسکو سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے پر بھی سوالات اٹھ گئے ہیں کہ روس ایران کی مدد نہیں کر رہا۔دوسری جانب امریکی سنٹرل کمانڈ نے بحیرہ عمان میں ایک تجارتی جہاز کو ناکارہ بنا نے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہاز کو نشانہ تب بنایا گیا جب اس کے عملے نے متعدد انتباہات کو نظرانداز کرتے ہوئے مبینہ طور پر ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی کوشش کی۔سینٹ کام کے مطابق امریکی فوجی طیارے نے کارگو جہاز ایم وی ہدا کو نشانہ بنا کر ناکارہ بنا دیا، جہاز پر سینٹ کٹس اینڈ نیوس کا پرچم آویزاں تھا۔امریکی فوج کا کہنا ہے کہ کارروائی سے پہلے جہاز کے عملے کو ان حصوں سے دور ہونے کی ہدایت دی گئی تھی جنہیں نشانہ بنایا جانا تھا۔ دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے دعوی کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے قریب دو آئل ٹینکر بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد آگ کی زد میں آ گئے ۔پاسدارانِ انقلاب کے دعوے کے مطابق دو آئل ٹینکر، جن میں سے ایک آبنائے ہرمز اور دوسرا اس کے مشرقی علاقے میں موجود تھا، بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد آگ کی زد میں آ گئے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ بیان ایرانی میڈیا میں آنے والی ان رپورٹس کے بعد سامنے آیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ صوبہ ہرمزگان کے مختلف علاقوں میں دھماکوں سے ملتی جلتی آوازیں سنی گئی ہیں۔دریں اثناء ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکہ کا آئرن گیٹ منصوبہ محض الفاظ کا کھیل ہے۔ترجمان حسین محبی کی جانب سے جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ایران کا زمینی راستوں سے محاصرہ کرنے کا امریکی منصوبہ بھی غیر اہم ہے۔حسین محبی کا کہنا تھا کہ امریکہ مختلف عنوانات اور منصوبوں کے تحت ایران کا معاشی محاصرہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن وہ ناکام رہے گا۔قبل ازیں ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سربراہ محسن رضائی نے امریکا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جنگ اور انتخابات دونوں ہار چکا ہے، جبکہ امریکی قیادت میں بھی تبدیلیاں ہونے والی ہیں۔محسن رضائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں امریکی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس شکست تسلیم کر چکے ہیں، وزیر خارجہ مارکو روبیو رخصت ہونے والے ہیں اور وزیر جنگ پیٹ ہیگسیٹھ کو بھی عہدے سے ہٹایا جا رہا ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام)کے کمانڈر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اب پوڈکاسٹر بن چکے ہیں۔ایرانی عہدیدار نے امریکی قیادت کی صورتِ حال پر طنز کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ جب جنگ اور انتخابات دونوں ہار چکے ہو تو پھر ہمیں واشنگٹن میں اپنے پیغامات کس کے نام بھیجنے چاہئیں؟محسن رضائی نے امریکا کو نئی جنگ شروع کرنے کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکا نے جنگ شروع کی تو اسے انتہائی تباہ کن ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔دوسری جانب ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ سے کہا ہے کہ ترکیہ خطے اور دنیا میں امن کے قیام کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ترک صدر کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق صدر اردوان نے ڈونلڈ ٹرمپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کو سفارتکاری کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے، مسائل کے حل کیلئے مذاکرات اور سفارتی کوششوں کو ترجیح دی جانی چاہیے۔صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ ترکیہ یوکرین جنگ کے خاتمے کیلئے بھی اپنی کوششیں جاری رکھے گا، اس مقصد کے حصول کیلئے جنگ کے دونوں فریقوں، یوکرین اور روس کے ساتھ رابطوں اور مشاورت میں اضافہ کیا جانا چاہیے۔ترک صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انقرہ علاقائی اور عالمی سطح پر امن کے قیام کیلئے اپنا سفارتی کردار ادا کرتا رہے گا۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو دیے گئے ایک ٹیلی فونک انٹرویو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے لیے جاری مذاکرات میں پیش رفت ہوتی رہی تو ان کی جانب سے ایران پر نئے حملوں کا حکم دینے کا امکان انتہائی کم ہے، ایران بھی معاہدہ کرنے کے لیے بہت بے تاب ہے۔ سی این این کے مطابق امریکی صدر نے 20منٹ کی ٹیلی فونک گفتگو میں 5مرتبہ اس بات کا اعادہ کیا کہ ایران پر دوبارہ حملوں کا امکان بہت کم ہے۔ تاہم ٹرمپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ اس بات پر منحصر ہے کہ ایران ایک مضبوط معاہدے پر دستخط کرتا ہے یا نہیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو میں حملے ضرور کروں گا لیکن ہم نے ایران کو بہت بری طرح نشانہ بنایا ہے، ہم نے اسے اتنی شدید ضرب لگائی ہے کہ آپ تصور بھی نہیں کرسکتے، اس لیے دوبارہ حملہ کرنے کی ضرورت پیش آنیکا امکان بہت کم ہے، ایران معاشی طور پر تباہی کی جانب بڑھ رہا ہے، ہم اسے فوجی طور پر بھی نقصان پہنچا چکے ہیں اور چاہیں تو اس کا مکمل خاتمہ کرسکتے ہیں۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران ایک ناکام ہوتی ہوئی ریاست ہے، آپ نے وہاں مہنگائی کی شرح 301فیصد ہونے کی رپورٹ دیکھی ہوگی۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر انہوں نے دوبارہ حملوں کا حکم دیا تو امریکی فوج پہلے ہی خطے میں کارروائی کے لیے تیار ہے۔ہمارے پاس تین طیارہ بردار بحری جہاز موجود ہیں۔ہمارے تینوں طیارہ بردار بحری جہاز مکمل طور پر تیار اور ہتھیاروں سے لیس ہیں۔ہم نے ایران کے 38 پلوں کی نشاندہی کر رکھی ہے جنہیں ہم صرف ایک گھنٹے میں تباہ کرسکتے ہیں۔ میں ایسا نہیں کرنا چاہتا کیونکہ ان کی دوبارہ تعمیر میں تقریبا 10 سال لگ جائیں گے۔ مجھے پل تباہ کرنا پسند نہیں، پل تعمیر کرنا سب سے مشکل کاموں میں سے ایک ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹس پر سیاسی انتقام لینے، ری پبلکن رہنماؤں اور ان کے حامیوں کو جیل بھیجنے کی دھمکیاں دینے اور قانون کو سیاسی مخالفین کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے محکمہ انصاف کو مبینہ مجرمانہ اقدامات کی فوری تحقیقات کا حکم دینے کا اعلان کیا ہے۔عمان میں کارگو جہاز میں آگ لگ گئی، متحدہ عرب امارات نے 22افراد کو بچالیا۔ ایران کے بقول گزشتہ روز دن بھر میں 3آئل ٹینکرز غیرقانونی طور پر آبنانے ہرمز عبور کرنے کی کوشش میں بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے۔اماراتی نیشنل گارڈ کے مطابق جہاز میں سوار تمام افراد عرب ممالک سے تعلق رکھتے تھے۔ واقعے کی اطلاع جہاز کے عملے نے کوسٹ گارڈ کو دی، جس کے بعد امدادی کارروائی کے لیے خصوصی ٹیمیں فوری طور پر روانہ کی گئیں۔ایران کی مسلح افواج نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف بالادستی اور دشمنانہ پالیسیاں اختیار کرنے سے باز رہے بصورت دیگر ایران کے خلاف کھڑی ہونے والی ہر طاقت کو بالآخر زوال اور انتشار کا سامنا کرنا پڑے گا۔ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے اتوار کے روز اپنے بیان میں کہا کہ امریکا کی حالیہ سیاسی اور انتخابی پیش رفت دراصل ایران کے خلاف محاذ آرائی میں واشنگٹن کی ناکامیوں کی عکاسی کرتی ہے۔جنرل شکارچی نے امریکی وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکنز کی مبینہ شکست کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکی سیاست میں سامنے آنے والی تبدیلیاں محض اندرونی سیاسی اتار چڑھا کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک بڑی حقیقت کی نشاندہی کرتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ پیش رفت ایک طاقتور ایران کی مزاحمت کے سامنے امریکی ناکامی کا مظہر ہے۔ایرانی فوجی ترجمان نے مزید کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو ایران کے خلاف اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنی چاہیے، کیونکہ ایران کے خلاف محاذ آرائی کرنے والی طاقتیں بالآخر اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہیں گی۔ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی جاری ہے اور مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث خطے کی سکیورٹی صورتحال مسلسل غیر یقینی کا شکار ہے۔ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں اس کی اجازت کے بغیر مقررہ بحری راستے سے گزرنے والے 3آئل ٹینکرز میں دھماکوں کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اتوار کو جاری بیان میں کہا کہ صبح سے اب تک تین ایسے آئل ٹینکرز دھماکوں کے بعد آگ کی لپیٹ میں آگئے جو ایران کی جانب سے غیر مجاز قرار دیے گئے بحری راستے سے گزر رہے تھے۔
ٹرمپ
