لاہور(آئی این پی )پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہندو برادری نے دیوالی کا تہوار بھرپور روایتی جوش و
جذبے اور مذہبی عقیدت کے ساتھ منا یا ۔ ملک کے کئی شہروں میں دیوالی کی رنگا رنگ تقریبات منعقد ہو ئیں، اس موقع پر گھروں اور عبادت گاہوں کو چراغوں اور روشنیوں سے سجایا گیا جبکہ خاندان اور دوست ایک دوسرے کو مبارکباد اور تحائف پیش کئے گئے ۔لاہور میں منعقد ہ دیوالی کی تقریب میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے شرکت کی، جبکہ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت سیاسی قیادت نے ہندو برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔چییرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہندو بہن بھائیوں کے آنگن آباد رہیں، ان کے بچے خوش رہیں اور ان کے خواب روشن ہوں۔ سابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے ہندو برادری کے وفد سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ دیوالی کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر انہوں نے ہندو برادری کو تہوار کی مبارکباد دی۔واضح رہے کہ دیوالی ہندو مذہب کا اہم تہوار ہے، جسے روشنیوں کے تہوار کے طور پر منایا جاتا ہے۔
دنیا بھر میں ہندو برادری نے دیوالی کا تہوارر روایتی جوش و جذبے سے منایا

