لاہور (نیوز ایجنسیاں )دنیا کے بڑے آلودہ شہروں میں لاہور ایک بار پھر سرفہرست رہا ۔عالمی ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق لاہور کی فضا میں آلودگی 292پرٹیکولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ پنجاب کے دیگر متعدد شہروں میں بھی فضائی معیار انتہائی مضر صحت رہا۔ننکانہ صاحب میں سب سے زیادہ 685اور ڈیرہ غازی خان میں 611 پرٹیکولیٹ میٹر فضائی آلودگی ریکارڈ کی گئی۔اس کے علاوہ جھنگ میں 498، ملتان میں 382، سرگودھا میں 363، فیصل آباد میں 323، گوجرانوالہ میں 296 پرٹیکولیٹ میٹر فضائی آلودگی ریکارڈ کی گئی۔ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی کی موجودہ سطح صحت کیلئے نقصان دہ ہوسکتی ہے، شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز، کھلی فضا میں ورزش محدود رکھنے اور باہر نکلتے وقت حفاظتی ماسک استعمال کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور شہر میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ فضائی آلودگی کی صورتحال بدستور تشویش ناک ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ے۔اعداد و شمار کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 67 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا کی رفتار 2کلومیٹر فی گھنٹہ رہی۔ تاہم بالائی خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے اضلاع پشاور، کوہاٹ، دیر، چترال، سوات، مانسہرہ، کوہستان، کرم اور باجوڑ میں بادل برسنے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی بعض مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔بلوچستان کے متعدد اضلاع جن میں کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، ژوب، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، قلات، دالبندین، بارکھان، موسی خیل، نوکنڈی اور خضدار شامل ہیں، میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بلند پہاڑی سلسلوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کراچی میں موسم نسبتاً گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
فضائی آلودگی
