اسلام آباد، لاہور ( کرائم رپورٹر، سٹی رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میں نئے صوبوں کی بازگشت تیز ہوگئی ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے بھی نئے صوبوں کی حمایت کردی جبکہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے نواب شاہ میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور ایک اہم شخصیت کا پیغام پہنچایا۔ ادھر وفاقی وزیر طارق فضل چودھری کا کہنا ہے کہ تمام جماعتیں اتفاق کریں گی تو (ن) لیگ بھی نئے صوبے بنانے پر اتفاق کرے گی۔وفافی وزیر داخلہ محسن نقوی کی نوابشاہ میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے اہم ملاقات ہوئی جس میں محسن نقوی نے اہم شخصیت کا پیغام بھی پہنچا دیا۔نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی لاہور سے اچانک خصوصے طیارے کے ذریعے نوابشاہ پہنچے۔ جہاں وہ ایئرپورٹ سے زرداری ہاؤس روانہ ہوئے۔صدر مملکت آصف زرداری سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ملاقات تقریباً 59منٹ جاری رہی جس میں انہوں نے اہم شخصیت کا پیغام پہنچایا جبکہ ملاقات کے دوران نئے صوبوں کے قیام سے متعلق ریفرنڈم کے معاملے پر صدر کو اعتماد میں لیا گیا۔ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے جے یو آئی کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے بھی صدر آصف علی زرداری سے گفتگو کی۔ اس ملاقات کے بعد وزیر داخلہ زرداری ہاؤس سے واپس ایئرپورٹ روانہ ہوئے۔زرداری ہاؤس کے ذرائع کے مطابق صدر آصف زرداری نے اپوزیشن پارٹیوں کے ساتھ مذاکرات سے معاملات حل کرنے پر زور دیا جبکہ ملاقات میں 16دسمبر کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے بھی گفتگو اور 28آئینی ویں ترمیم پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔دریں اثناء وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم کرالیں، اگر عوام نہیں چاہتے تو میں بھی کہوں گا کہ صوبے نہ بنائیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سیاسی جماعتیں نئے صوبوں کے حوالے سے عوامی سروے دیکھ لیں، عوامی سروے نئے صوبوں کے حق میں آ رہے ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ بلاول بھٹو نے کہا ملک میں سیاسی ری سیٹ کی ضرورت ہے، میری ذاتی رائے ہے کہ تمام چیزیں ری سیٹ ہونی چاہئیں، میری اور بلاول بھٹوکی رائے ایک جیسی ہے، سسٹم تو سارے کا سارا ٹھیک ہونے والا ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ابھی مولانا کے 6 سے 7 لوگوں کو نوٹس جاری ہوئے ہیں، مولانا کو نوٹس جاری نہیں ہوا، اگر کوئی کہہ رہا ہے کہ ملک میں کرپشن نہیں تو معذرت کے ساتھ کرپشن موجود ہے، جہاں کرپشن ہے اسے تسلیم کرنا اور درست کرنا ہوگا۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے جو قانونی حقوق بنتے ہیں وہ انہیں ملیں گے۔قبل ازیںبانی پی ٹی آئی نے نئے صوبے بنانے کی حمایت کر دی، پارٹی ذرائع کے مطابق انہوں نے بشریٰ بی بی اور اپنی بہنوں سمیت تمام خواتین اسیران کی رہائی کیلئے فوری طور پر مذاکرات کرنے کی بھی ہدایت کردی۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ملک میں نئے صوبے بنائے جانے کی واضح حمایت کرتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ نئے صوبے بننے چاہئیں اور یہ اقدام ملک کے مفاد میں ہے۔میڈیارپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر کی جیل میں ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ۔پارٹی ذرائع کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی اور اپنی بہنوں سمیت تمام خواتین اسیران کی رہائی کے کیلئے فوری طور پر مذاکرات کرنے کی ہدایت کی ہے۔اس مقصد کے لئے انہوں نے پارلیمانی پارٹی کو خواتین کی رہائی اور دیگر تمام اہم سیاسی معاملات پر حکومت یا متعلقہ فریقین سے مذاکرات کرنے کا باضابطہ مینڈیٹ دے دیا ہے، اور پیغام دیا ہے کہ تمام خواتین اسیران کی رہائی پارٹی کی اولین ترجیح ہوگی۔دوسری جانب ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ تحریک انصاف کے دو بڑے عہدیداروں نے لطیف کھوسہ کی بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات نہ کرائے جانے کی بھرپور کوشش کی تھی، تاہم تمام تر رکاوٹوں کے باوجود یہ ملاقات طے پا گئی اور اندرونی امور پر اہم فیصلے کیے گئے۔ادھربانی پی ٹی آئی عمران خان کی دو بہنوں نورین نیازی اور عظمی خان کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا۔نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو رہائی کے آرڈر جیل حکام کو موصول ہونے کے بعد رہا کیا گیا، دونوں بہنیں 3ایم پی او کے تحت کوٹ لکھپت جیل میں بند تھیں۔جیل حکام کے مطابق عمران خان کی تیسری بہن علیمہ خان کو تاحال جیل سے رہا نہیں کیا گیا، ان کی رہائی کے احکامات جیل حکام کو موصول نہیں ہوئے۔قبل ازیں پی ٹی آئی رہنما مشعال یوسفزئی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے وقت کی ضرورت ہیں لیکن طریقہ کار پر اعتراض ہے، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے ہم بات چیت کریں گے، پی ٹی آئی صوبوں کیخلاف نہیں،حمایت کرتے ہیں۔ مشعال یوسفزئی کا کہناتھا کہ بانی نے بھی کہا ہے صوبوں کے معاملے پر عوام سے پوچھا جائے۔ جبکہ وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کا کہناتھا کہ تمام جماعتیں اتفاق کریں گی تون لیگ بھی صوبے بنانے پر اتفاق کرے گی،پی ٹی آئی عرصے سے کہہ رہی ہے وہ صوبوں کے حق میں ہے،بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں رکنے کی وجوہات تھیں،چیئرمین پی ٹی آئی کے حکومت اور محسن نقوی سے رابطے ہیں، بطور وزیرداخلہ محسن نقوی بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کا فیصلہ کر سکتے ہیں،حکومت دبامیں نہیں اور نہ دباؤمیں آئیگی،محسن نقوی کوئی بات وزیراعظم کے علم میں لائے بغیر نہیں کرتے۔ان کا کہناتھا کہ محسن نقوی اسٹیبلشمنٹ کی نمائندگی کرتے ہیں تو حکومت اور اسٹیبلشمنٹ اکٹھی ہے۔
بازگشت

