لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو
معاشی طور پر مستحکم بنانا وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ سی ایم آئی ٹی انٹرن شپ پروگرام اسی وژن کا عملی ثبوت ہے جس کے تحت ہزاروں نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں تربیت اور عملی تجربہ حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔ اپنے بیان میں عظمی بخاری نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے چار ماہ پر مشتمل اس انٹرن شپ پروگرام کے دوران ہر انٹرن کو ماہانہ50 ہزار روپے وظیفہ بھی فراہم کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد نوجوان گریجویٹس کو جدید آئی ٹی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانا ہے۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ سی ایم آئی ٹی انٹرن شپ پروگرام کے تیسرے مرحلے کے لیے رجسٹریشن جاری ہے جس کے ذریعے مزید گریجویٹس کو آئی ٹی کے شعبے میں تربیت حاصل کرنے اور روزگار کمانے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ عظمی بخاری نے کہا کہ نوجوانوں کے مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے حکومت پنجاب صرف لفظی جمع خرچ نہیں بلکہ عملی اقدامات کر رہی ہے۔ نوجوانوں کو ہنر، تربیت اور معاشی مواقع فراہم کرنا ہی وزیرِ اعلی مریم نواز شریف کے ترقی کرتے پنجاب کا عملی اظہار ہے۔
نوجوانوں کو معاشی طور پر مستحکم بنانا مریم نواز کی اولین ترجیح: عظمیٰ بخاری

