راولپنڈی ، اسلام آباد ( نیوز ایجنسیاں) سکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان اور بلوچستان کے مختلفعلاقوں میں کارروائیاں، 24 دہشت گرد جہنم واصل جبکہ پاک فوج کے میجر سمیت 4 اہلکار مادر وطن پر قربان ہوگئے۔ سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان اور گرد و نواح میں کارروائیوں کے دوران 16خوارج ہلاک کر دئیے، 2 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ،ہلاک خوارج معصوم شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق خوارج کے ٹھکانوں پر کارروائیوں کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں گزشتہ 12گھنٹوں میں 16خوارج ہلاک ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق علی خیل میں 12خوارج مارے گئے، ان ہلاک خوارج میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 2افغان شہری بھی شامل تھے جبکہ میر علی اور دتہ خیل میں بھی 2، 2 خوارج مارے گئے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا کہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 بہادر جوانوں حوالدار عصمت علی اور نائیک آفتاب علی نے جامِ شہادت نوش کیا۔43سالہ حوالدار عصمت علی شہید کا تعلق ضلع صوابی اور 32سالہ نائیک آفتاب علی شہید کا تعلق ضلع مردان سے تھا، دونوں جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران خوارج کے نیٹ ورک کو بڑا دھچکا پہنچا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا، یہ ہلاک خوارج معصوم شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے جبکہ علاقے میں موجود باقی ماندہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری رہیں گے۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی، جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔دریں اثناء سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقوں کولپور، کارداگاپ اور نوشکی کے گردونواح میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کیں جہاں فتن الہندوستان کے 8دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔ کارروائیوں کے دوران پاک فوج کے میجر اور حوالدار شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)سے جاری اعلامیے کے مطابق سکیورٹی فورسز کے کولپور، کارداگاپ اور نوشکی کے گردونواح میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں اور 13نومبر سے کوئٹہ-تفتان قومی شاہراہ این40پر سکیورٹی فورسز کا گشت جاری ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ہلاک دہشت گردوں میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا اور کولپور آپریشن کے دوران اسلحے اور گولہ بارود کا بھاری ذخیرہ برآمد ہوا، سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے جاری ہیں اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کا گشت پر مامور فوجی گاڑیوں پر مسلح کواڈ کاپٹرز سے حملہ مقامی ٹریفک کو محفوظ رکھنے کے لیے کوئٹہ-تفتان نیشنل ہائی وے پر علاقے کی نگرانی اور گشت بھی جاری ہے۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ 13اور 14نومبر کی درمیانی شب، کولپور کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں خودکش بمبار سمیت ”فتن الہندوستان”کے 8دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، اسلحہ اور گولہ بارود کا ایک بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق 14 نومبرفتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے گشت پر مامور فوجی گاڑیوں کو مسلح کواڈ کاپٹرز (ڈرونز)کے ذریعے نشانہ بنایا، اس واقعے میں ضلع چکوال کے رہائشی میجر عمر منہاس ناصر اور کوٹلی ستیاں کے رہائشی حوالدار محمد عدنان خان نے جام شہادت نوش کیا۔بیان میں کہا گیا کہ ان قربانیوں کے باوجود سکیورٹی فورسز پر عزم ہیں اور آپریشنز جاری ہیں، ان علاقوں میں کلیئرنس آپریشنز دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارت اور دیگر دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی حمایت یافتہ تنظیم فتن الہندوستان معصوم شہریوں اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے لیے ڈرونز، آئی ای ڈیز اور دیگر تکنیکی ذرائع استعمال کر رہی ہے، ان کا مقصد علاقے میں امن اور معمول کے حالات برقرار رکھنے کے لیے حکومت اور سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کو نقصان پہنچانا ہے۔کارروائیوں کے حوالے سے کہا گیا کہ بھارت مسلسل فتنہ الہندوستان کو مالی معاونت فراہم کر رہا ہے اور انہیں جدید ترین آلات اور سازوسامان مہیا کر رہا ہے تاہم، سکیورٹی فورسز اس ابھرتے ہوئے خطرے سے پوری طرح آگاہ ہیں اور دہشت گردوں کو کسی قسم کی جگہ نہیں دیں گی، چاہے وہ کوئی بھی حربہ کیوں نہ استعمال کریں۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وژن عزم استحکام کے تحت، دہشت گردی کے خلاف یہ بھرپور مہم پوری رفتار سے جاری رکھے ہوئے ہیں، تاکہ ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ اور پشت پناہی والی دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے ختم کیا جا سکے، شہدا کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان اور شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پرسکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ قبل ازیں بنوں میں کنگر پل پولیس چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا، پولیس کی جوابی کارروائی میں 4خوارج مارے گئے ۔پولیس نے کہا کہ بنوں پولیس کی بروقت کارروائی سے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کر دیا گیا، خوارج نے نصف شب کنگر پل پولیس چوکی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔
دہشت گرد

