پیرس (نیوز ایجنسیاں)فرانس میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف دارالحکومت
پیرس سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے شدت اختیار کرگئے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق متعدد شہروں میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی رپورٹ ہوئیں، جس دوران پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کا استعمال کیا، مظاہروں کے دوران اب تک 121افراد کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔دوسری جانب شہر لیون میں احتجاجی مظاہروں کی کوریج کرنے والی فرانسیسی ٹی وی چینل کی ٹیم کو بھی مظاہرین کے حملے کا سامنا کرنا پڑا، حملے کے دوران ایک صحافی زخمی ہوگیا، جبکہ مظاہرین نے ٹی وی ٹیم کا کیمرہ بھی توڑ دیا۔ مہنگائی، توانائی کی قیمتوں میں اضافے اور نئے مالیاتی ٹیکسوں کے خلاف مختلف مزدور یونینوں اور عوام کی طرف سے شروع ہونے والی ملک بھر کی ہڑتال نے حکومت کے لیے شدید مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ فرانسیسی وزارتِ داخلہ کے حکام کے مطابق اس احتجاج کی وجہ سے ریلوے نظام، میٹرو ٹرینیں اور تعلیمی ادارے بری طرح متاثر ہوئے ہیں جبکہ دسیوں ہزار مظاہرین سڑکوں پر نکل کر حکومت مخالف نعرے بازی کر رہے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ موجودہ معاشی پالیسیوں نے متوسط طبقے کی کمر توڑ دی ہے اور روزمرہ کی اشیا خریدنا ناممکن ہوتا جا تی ہے۔ دوسری جانب حکومت کا کہنا تھا کہ مالیاتی خسارے پر قابو پانے کے لیے یہ اصلاحات ناگزیر ہیں، تاہم امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی اضافی نفری کو حساس چوراہوں پر تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے۔
جھڑپیں
