فیصل آباد(بیورورپورٹ)انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ہسپتال میں مبینہ طور پر طبی غفلت کے باعث مریض جاں بحق ہو گیا، متوفی کے ورثاء ہسپتال انتظامیہ اور متعلقہ ڈاکٹرز کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے، تفصیل کے مطابق فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ہسپتال میں زیرِ علاج محمد کلیم دورانِ آپریشن انتقال کر گیا، متوفی کے لواحقین نے ڈاکٹروں پر مبینہ غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریض کا پہلے بائی پاس آپریشن کیا گیا تھا بعد ازاں دوبارہ آپریشن کرنا پڑا، ڈاکٹروں نے مریض کے گردے فیل ہونے کو موت کی وجہ بتایا، لواحقین کا دعویٰ ہے کہ انہیں دس روز تک مریض سے ملنے نہیں دیا گیا اور آج صبح متوفی کی نعش حوالے کی گئی، متوفی کے لواحقین نے متعلقہ ڈاکٹرز اور ہسپتال انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیا اور نعرے بازی کی، مزکورہ واقعہ کے خلاف لواحقین کے احتجاج کی ویڈیو بھی منظرِ عام پر آ گئی ہے، متوفی کے لواحقین نے واقعہ کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، اس حوالے سے موقف جاننے کے لیے میڈیکل سپرنٹینڈنٹ فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈاکٹر رانا ندیم سے متعدد مرتبہ رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر انھوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔
