لاہور (خبر نگار) پنجاب سیڈ کارپوریشن میں انتظامی معاملات سنگین صورت اختیار کر گئے، ادارے کے ملازمین اور یونینز نے ایم ڈی فرحان کی پالیسیوں، مبینہ ناقص فیصلوں اور دوہرے معیار کے خلاف بغاوت کا علم بلند کر دیا۔ ملازمین کی جانب سے وزیر زراعت پنجاب کو بھجوائی گئی تحریری شکایت نے ادارے کی کارکردگی، مالی معاملات اور انتظامی شفافیت پر کئی بڑے سوالات کھڑے کر دیئے ہیں۔ دوسری جانب ادارے کے خلاف خبر شائع ہونے کے بعد ایم ڈی فرحان کے مبینہ طور پر ملازمین پر برہم ہونے، ترجمان کو بھی آڑے ہاتھوں لینے اور اپنے تبادلے کے لیے سفارشیں کرانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ یونینز کی جانب سے وزیر زراعت پنجاب کو ارسال کیے گئے خط میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ایم ڈی کی مبینہ ناقص منصوبہ بندی اور بروقت فیصلے نہ کرنے کے باعث رواں سال کپاس کے بیج کی پرکیورمنٹ نہ ہوسکی، جس کے نتیجے میں آئندہ سیزن میں کسانوں کو معیاری کپاس کے بیج کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کسانوں کو بیج فراہم کرنے والا بنیادی ادارہ اگر اپنی ہی بیج کی خریداری کا انتظام نہیں کر سکتا تو اس کی ذمہ داری کون قبول کرے گا؟ شکایت میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ خریف 2026 ء کے دوران دھان کے بیج کی پرکیورمنٹ میں حصہ لینے والے گرورز کو بروقت ادائیگیاں نہیں کی گئیں، جس پر گرورز نے دوسری گاڑی دینے سے انکار کر دیا ہے۔ اس صورتحال سے دھان کے بیج کی خریداری کا مقررہ ہدف متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح شلجم کے بیج کا بزنس پلان تاخیر سے جاری ہونے کے باعث کاشت متاثر ہونے اور پیداوار میں کمی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ یونینز نے سال 2026-27 ء کے ٹھیکے کے حوالے سے بھی سنگین اعتراضات اٹھاتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ مبینہ طور پر من پسند ٹھیکیدار کو نوازنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس سے ادارے کو تقریباً سات کروڑ روپے کا نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ اگر یہ الزامات درست ثابت ہوتے ہیں تو یہ محض انتظامی غفلت نہیں بلکہ سرکاری وسائل کے تحفظ اور ٹھیکوں کے شفاف نظام پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہوگا۔ اس معاملے میں ٹینڈر دستاویزات، تقابلی مالی گوشواروں اور منظوریوں کی آزادانہ جانچ ضروری ہے۔ شکایت کا ایک حیران کن پہلو یہ بھی ہے کہ یونینز نے الزام لگایا ہے کہ تجربہ کار ڈائریکٹرز اور زرعی ماہرین کی موجودگی کے باوجود اہم پالیسی فیصلوں، بزنس پلان اور سرکاری خط و کتابت کے لیے چیٹ جی پی ٹی اور مصنوعی ذہانت پر غیر معمولی انحصار کیا جا رہا ہے۔ ملازمین کا موقف ہے کہ زرعی ادارے زمینی حقائق، فیلڈ کے تجربے اور گرورز کی مشاورت سے چلتے ہیں، محض مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ تجاویز کی بنیاد پر نہیں۔ اے آئی معاون ذریعہ ضرور ہوسکتی ہے، لیکن فیصلوں کی ذمہ داری متعلقہ افسران اور ماہرین پر ہی عائد ہوتی ہے۔ یونینز نے دوہرے معیار کا الزام لگاتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ ایک طرف بیمار ملازمین کے علاج، فیلڈ گاڑیوں کی مرمت اور آئل چینجنگ پر پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں، جبکہ دوسری طرف ایم ڈی کے زیر استعمال تین سے چار گاڑیوں اور تقریباً 800 لٹر پٹرول کے استعمال کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ سوال اُٹھایا گیا ہے کہ اگر ادارے میں مالی بچت ناگزیر ہے تو اس کا اطلاق صرف ماتحت ملازمین اور فیلڈ عملے تک محدود کیوں ہے؟ اس دعوے کی تصدیق کے لیے گاڑیوں کے لاگ بکس، فیول سلپس، منظوریوں اور مرمتی بلوں کا آڈٹ کیا جانا چاہیے۔ ادارے کے انتظامی معاملات اور ملازمین کی شکایات منظر عام پر آنے کے بعد مبینہ طور پر ایم ڈی فرحان ملازمین پر سیخ پا ہوگئے اور ترجمان کو بھی آڑے ہاتھوں لینے کی اطلاعات ہیں۔ ملازمین کے حلقوں میں یہ سوال گردش کر رہا ہے کہ اگر ادارے کے معاملات شفاف اور فیصلے درست ہیں تو شکایات کا جواب ریکارڈ اور دستاویزات کے ذریعے دینے کے بجائے ملازمین پر برہمی کیوں ظاہر کی جا رہی ہے؟ دوسری جانب تبادلے کے لیے سفارشیں کرانے کی اطلاعات بھی زیر گردش ہیں، تاہم ان اطلاعات کی آزادانہ تصدیق ہونا باقی ہے۔ یونینز نے وزیر زراعت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن کے تمام معاملات کی اعلیٰ سطحی اور غیر جانبدارانہ انکوائری کرائی جائے، ایم ڈی کے خلاف پیش کردہ الزامات کا ریکارڈ طلب کیا جائے اور ادارے کو زرعی شعبے کا تجربہ رکھنے والے ایسے افسر کے سپرد کیا جائے جو ماہرین، ڈائریکٹرز، گرورز اور فیلڈ عملے کی مشاورت سے ادارے کو چلانے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
