ریاض،صنعا، انقرہ (نیوز ایجنسیاں) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پر حوثیوں کا کروز میزائل حملہ ناکام بنا دیا گیا، سعودی اتحاد نے میزائل کو فضا میں ہی روک کر تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتحادی افواج نے بدھ کی علی الصبح اعلان کیا کہ اس نے ملک بھر میں حوثی باغیوں کے 60فوجی اہداف پر حملے کیے ہیں ۔ اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ یہ حملے صنعا، عمران، صعدہ اور حدیدہ میں حوثی گروپ کے ٹھکانوں پر کیے گئے۔اتحادی افواج کے مطابق ان حملوں میں زیرِ زمین بیلسٹک میزائل ذخیرہ کرنے کی تنصیبات پر مشتمل سرنگوں کو تباہ کیا گیا، جبکہ ڈرون تیار کرنے اور ذخیرہ کرنے والی ورکشاپس کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ اتحادی فوج کے مطابق یمن کے ساحلی شہر الحدیدہ اور شمالی صوبے صعدہ میں سعودی اتحادی فورسز کے فضائی حملوں میں 11 افراد ہلاک ہوگئے ۔حوثی گروپ کے زیرانتظام ٹیلی ویژن چینل نے حملے اور فیکٹری میں لگنے والی آگ کی ویڈیو بھی جاری کی ہے۔یمن میں تازہ جھڑپوں اور بدلتی ہوئی صورت حال کے دوران سعودی عرب نے حوثیوں کے خلاف سرگرم فوجی اتحاد کے کمانڈر کو بھی تبدیل کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ حالیہ لڑائی میں سعودی حمایت یافتہ یمنی فورسز کی مختلف علاقوں سے پسپائی کے بعد کیا گیا۔خطے کے مبصرین کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے اثرات یمن کے محاذ پر بھی دکھائی دے رہے ہیں۔دوبارہ شروع ہونے والی لڑائی میں حوثی گروپ نے کئی علاقوں میں پیش قدمی کی ہے، جبکہ مختلف محاذوں پر جھڑپوں میں بھی شدت آگئی ہے۔دوسری جانب یمنی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ فوجی کارروائیوں میں حوثیوں کے 178 جنگجو اورکمانڈر ہلاک جبکہ 74 فوجی گاڑیاں اور دیگر جنگی سازوسامان تباہ کردیا گیا ہے۔ادھر ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو ادارہ جاتی شکل دینے کیلئے نومبر میں ایک اور اہم اجلاس منعقد ہوگا، ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے اجلاس کی تصدیق کردی۔ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے ایک بیان میں کہا کہ تینوں ممالک کے حکام نومبر میں مکہ دفاعی معاہدے کے تحت مشترکہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور معاہدے پر عمل درآمد سے متعلق امور پر مذاکرات کریں گے۔ہاکان فیدان نے بتایا کہ اجلاس میں معاہدے کو ادارہ جاتی شکل دینے، مشترکہ دفاعی تعاون کے فروغ اور علاقائی سلامتی کے معاملات پر غور کیا جائے گا۔
حوثی حملہ
