کراچی(این این آئی) پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے منگھوپیر سے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے ملزم حنیف عرف شینا ولد سخی بادشاہ کو گرفتار کرلیا۔ رینجرز نے ملزم کے قبضے سے دو موبائل فون اور ایک موٹرسائیکل بھی برآمد کرلی۔ترجمان پاکستان رینجرز سندھ کے مطابق گرفتار ملزم نے 2012میں ٹی ٹی پی کمانڈرز اسماعیل اور مجاہد کی مدد سے افغانستان کے علاقے پنجوئی میں فتنہ الخوارج کے دہشت گرد عبداللہ سرحندی کی زیرنگرانی عسکری تربیت حاصل کی تھی۔ ملزم نے چھوٹے اور بڑے ہتھیار چلانے کے ساتھ خودساختہ آئی ای ڈیز بنانے کی تربیت بھی حاصل کی۔ترجمان کے مطابق عسکری تربیت مکمل کرنے کے بعد کمانڈر عبداللہ سرحندی نے ملزم کو کراچی میں خزانچی کی ذمہ داری سونپی، جبکہ اسے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے اور متعلقہ معلومات فراہم کرنے کا کام بھی دیا گیا تھا۔رینجرز کے مطابق 2012 اور 2013 کے دوران آپریشنز میں ملزم کے متعدد ساتھی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں مارے گئے، جس کے بعد ملزم روپوش ہوگیا۔ حال ہی میں وہ کراچی منتقل ہوا اور ایک ڈکیت گروہ کا نیٹ ورک منظم کرلیا۔
