کراچی(این این آئی) پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے شہر کے مختلف علاقوں میں تین علیحدہ کارروائیوں کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی اسمگل شدہ چھالیہ، بھارتی ساختہ گٹکا، تمباکو مصنوعات، شیشہ فلیورز اور شیشہ کے لوازمات ضبط کرلیے۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ماتحت ادارے پاکستان کسٹمز کے کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کے مطابق ضبط کیے گئے سامان کی مجموعی مالیت 14 کروڑ 53 لاکھ 76 ہزار روپے ہے۔ کارروائیاں آر سی ڈی شاہراہ، سپر ہائی وے اور نمائش چورنگی کے علاقوں میں کی گئیں۔تفصیلات کے مطابق پہلی کارروائی میں کسٹمز حکام نے آر سی ڈی شاہراہ پر نیو یوسف گوٹھ ٹرمینل کے قریب دو ٹرالروں پر لدے چار 20 فٹ کنٹینرز کو روک کر تلاشی لی۔ اس دوران جانوروں کی خوراک کے تھیلوں کے پیچھے چھپائی گئی 20 ہزار کلوگرام کٹی ہوئی چھالیہ برآمد کرلی گئی۔
