صنعا(این این آئی)یمن کے جنوب مغربی صوبہ تعز میں حوثی ملیشیا کی گولہ باری اور مسلح کارروائیوں کے نتیجے میں گزشتہ ماہ اکتوبر کے دوران تیرہ اساتذہ اور ماہرینِ تعلیم جاں بحق جبکہ نو سکول مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکن سینٹر فار جسٹس اور یمنی اساتذہ یونین کی مشترکہ فیلڈ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ الشمایتین، المسراخ، جبل حبشی، صبر الموادم اور صالہ کے اضلاع میں رہائشی آبادیوں پر راکٹ حملوں اور چیک پوسٹوں پر فائرنگ سے تعلیمی عملے کو نشانہ بنایا گیا۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ تعلیمی شعبے سے وابستہ آٹھ کارکنوں کو اغوا کر کے غیر رسمی حراستی مراکز منتقل کیا گیا جہاں انہیں اہلِ خانہ سے رابطے اور قانونی معاونت سے محروم رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ چودہ اساتذہ کے گھروں پر چھاپے مار کر لوٹ مار کی گئی جبکہ المسراخ ضلع میں دھماکہ خیز مواد سے ایک ماہرِ تعلیم کا مکان اڑا دیا گیا، جس کے باعث صرف مقبنہ ڈائریکٹوریٹ سے نوے اساتذہ اور ان کے اہلِ خانہ نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔
