لاہور (این این آئی)پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران اپوزیشن رکن احمر بھٹی نے سرکاری افسران کی دوہری شہریت کا معاملہ اٹھا دیا۔ جس پر اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے سوال اٹھایا کہ اگر منتخب رکن اسمبلی دوہری شہریت نہیں رکھ سکتا تو سرکاری افسر کیسے دوہری شہریت رکھ سکتا ہے؟۔کس نے سرکاری افسران کے لئے دوہری قانون بنایا ہے اس قانون کو دیکھ سکتے ہیں، سپیکر پنجاب اسمبلی نے صوبائی وزیر خزانہ و پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمن کو سرکاری افسران کے لئے دوہری شہریت کے قانون کو سامنے لانے کی ہدایت کردی۔انہوں نے کہا کہ جب یہ قانون سامنے آئے گا تو پھر دیکھیں گے کہ وہ سرکاری افسر سرکاری نوکری رکھے یا پھر دوہری شہریت رکھے۔ صوبائی وزیر مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ اس وقت پنجاب کے کل دس افسران کے پاس دوہری شہریت ہے، پنجاب میں پانچ ڈی ایم جی اور پانچ پولیس افسران ہیں جن کے پاس دوہری شہریت ہے۔محکمہ قانون کہتا ہے کہ موجودہ قوانین کسی بھی سرکاری ملازم کو دوہری شہریت رکھنے سے منع نہیں کرتا، وقت ملازمت امیدوار کے لئے لازم ہے کہ وہ اپنی شہریت اور سکونت کا ثبوت لف درخواست کرے۔
دوہری شہریت
