تہران، واشنگٹن(نیوز ایجنسیاں )ایران نے امریکا کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے سے انکار کردیا، ایرانی فوج نے امریکی لوکس ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ قطری وزیراعظم نے کہا ہے کہ قطر ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ ادھر امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی معیشت شدید دبائو کا شکار ہے اور ایرانی قیادت پریشانی میں مبتلا ہے۔ایران نے امریکا کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے سے انکار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تہران کی جانب سے پیش کردہ سات شرائط پوری ہونے تک واشنگٹن سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے خبردار کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے کسی بھی جارحانہ اقدام کے نتیجے میں جنگ کا دائرہ مزید وسیع ہوسکتا ہے۔ایرانی پاسداران انقلاب سے وابستہ خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابقپارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے قالیباف نے کہا کہ ایران کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور امریکا کی حالیہ دھمکیاں اس کی مایوسی کی عکاسی کرتی ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کسی بھی جارحانہ کارروائی کا بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہے۔ دشمن کی کسی بھی غلطی کے جواب میں میدان جنگ کا جغرافیہ بدل دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر واشنگٹن نے کوئی غلط اندازہ لگایا تو تنازع جغرافیائی طور پر مزید پھیل سکتا ہے۔ ایران کو دھمکیاں دینا ایران کی باوقار عوام کی توہین ہے، ایران پر غیرمعمولی معاشی دبا ڈالنا امریکا کا اپنی بے بسی کا اظہار ہے۔ باقر قالیباف نے کہا کہ ایران کی 7 شرائط پوری ہونے تک ایران مذاکرات میں شامل نہیں ہوگا، ہمارا مقف برقرار ہے، شرائط پوری ہونے تک کوئی پیش رفت یا بات چیت نہیں ہوگی۔قالیباف کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے حالیہ بیانات کے ردعمل میں سامنے آیا ہے۔ دریں اثناء ایرانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ نے اعلان کیا ہے کہ فوج کے مقامی طور پر تیار کردہ فضائی دفاعی نظام نے خلیج فارس کی فضا میں ایک امریکی لوکس ڈرون کو تباہ کر دیا ہے۔ایرانی میڈ یا کے مطابق فوج کے بیان کے مطابق اس ڈرون کو آج آبنائے ہرمز کے مشرق میں نشانہ بنا کر گرایا گیا۔ یہ کارروائی ملک کے مربوط فضائی دفاعی نیٹ ورک کے تحت کام کرنے والے ملکی ساختہ فضائی دفاعی نظاموں کے ذریعے کی گئی۔ادھر قطری وزیراعظم نے کہا ہے کہ قطر ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔یہ بات قطر کے وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی نے امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو سے واشنگٹن میں ملاقات کے بعد کہی۔دونوں رہنماوں کی یہ ملاقات قطر اور امریکہ کے درمیان سٹریٹجک مذاکرات کے فریم ورک کے تحت منعقد ہوئی۔ملاقات کے بعد جاری سرکاری بیانات کے مطابق دونوں فریقوں نے سیاسی، اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور ثقافتی شعبوں میں تعاون اور سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔قطری وزارتِ خارجہ کے ایکس اکانٹ سے جاری بیان کے مطابق دونوں ممالک نے بین الاقوامی آبی راستوں میں جہاز رانی کی آزادی کی اہمیت پر زور دیا۔قطر ایران اور امریکا کے درمیان ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے اور جنگ کے خاتمے کے لیے اب تک دونوں فریقوں کے سامنے مختلف تجاویز اور منصوبے پیش کر چکا ہے۔قطر کا کہنا ہے کہ حالیہ مذاکرات میں دونوں ممالک کے اعلی عہدے داروں نے کشیدگی کم کرنے، خطے میں سلامتی اور استحکام کو مضبوط بنانے، اور سفارتی کوششوں و باہمی رابطہ کاری کو جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔دوسری جانب امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے دعوی کیا ہے کہ ایران کی معیشت شدید دبائو کا شکار ہے اور ایرانی قیادت پریشانی میں مبتلا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ امریکی محکمہ خزانہ نے ایران کے خلاف نئی پابندیاں عائد کی ہیں جن کا ہدف درجنوں افراد اور ادارے ہیں۔امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق نئی پابندیوں کا مقصد ایران کے عالمی خفیہ مالیاتی نیٹ ورک کو توڑنا ہے۔اسکاٹ بیسنٹ کا کہنا ہے کہ ایران کا خفیہ مالیاتی نظام دیوالیہ حکومت کے لئے آخری مالی سہارا ہے، امریکا غیر قانونی مالیاتی نیٹ ورکس کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھے گا۔
ایران / انکار
