اسلام آباد(لیڈی رپورٹر)یہ خبر کسی پریس ریلیز سے نہیں نکلی، یہ ان گلیوں، بھٹوں، ورکشاپوں اور سرکاری فائلوں سے نکلی ہے جہاں پاکستان کا مستقبل روز دفن ہو رہا ہے۔ تحقیق میں سب سے بڑا انکشاف یہ سامنے آیا کہ بچوں کے حقوق کے نام پر بننے والے نظام نے بچوں کو تحفظ دینے کے بجائے انہیں کاغذوں میں گم کر دیا ہے۔ ایک طرف پارلیمنٹ میں بچوں کے حقوق پر بڑی بڑی باتیں ہو رہی ہیں، دوسری طرف زمینی حقیقت یہ ہے کہ 2 کروڑ 60 لاکھ سے زائد بچے آج بھی اسکول سے باہر ہیں۔ یہ صرف ایک اعداد نہیں، یہ 2 کروڑ 60 لاکھ ٹوٹے ہوئے خواب ہیں۔پارلیمانی کاکس آن چائلڈ رائٹس کی کنوینر ڈاکٹر نگہت شکیل خان نے ایک ایسا انکشاف کیا جو اب تک سرکاری تقریروں میں چھپایا جاتا رہا۔ ان کے مطابق انرولمنٹ مہموں میں پرائیویٹ اسکولوں کے بچوں کو عارضی طور پر سرکاری اسکولوں میں داخل دکھایا جاتا ہے، مہم ختم، بچہ واپس، اور فائل میں تعداد پوری۔ یعنی حکومت کو بتایا جاتا ہے کہ لاکھوں بچے اسکول آ گئے، جبکہ حقیقت میں وہ بچے کبھی سرکاری اسکول کی دہلیز تک نہیں پہنچے۔ اور جو بچے واقعی آتے ہیں، کئی اسکولوں میں ایک ہی کمرے میں پہلی سے پانچویں جماعت تک کے بچے ایک ہی استاد کے سامنے بیٹھے ہیں۔ ایک استاد، پانچ جماعتیں، ایک کمرہ، اسے تعلیم کہیں گے یا بچوں کے ساتھ مذاق؟تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ چائلڈ لیبر صرف غربت کا نتیجہ نہیں، یہ ایک پورا نیٹ ورک ہے۔ بھٹہ مالک کو سستی مزدوری چاہیے، ورکشاپ والے کو کم تنخواہ پر لڑکا چاہیے، گھر والوں کو کم پیسوں پر ملازمہ چاہیے، اور اس پورے نظام میں سب سے سستا اور بے آواز مزدور بچہ ہے۔ غربت نے بچوں سے کتاب چھین کر اوزار تھما دیے ہیں، جو بچہ ڈاکٹر، استاد یا انجینئر بن سکتا تھا، وہ ساری زندگی مزدور بن کر رہ جاتا ہے۔ قانون موجود ہے، لیکن عمل درآمد نہیں ہے، اسی لیے بھٹے پر بچہ کام کر رہا ہے اور ہوٹل میں 12 سال کا بچہ برتن دھو رہا ہے۔بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی، جسمانی و ذہنی تشدد، یہ وہ زخم ہیں جو نظر نہیں آتے لیکن پوری زندگی کو کھا جاتے ہیں۔ بیشتر واقعات تھانے تک پہنچتے ہی نہیں، خاندان بدنامی کے ڈر سے خاموش، بچہ ڈر سے چپ، اور نظام انصاف اتنا سست کہ انصاف ملتے ملتے بچہ بڑا ہو جاتا ہے۔ اسی طرح 14، 15 سال کی بچیوں کی شادیاں، سب کو پتہ ہوتا ہے کہ بچی کم عمر ہے، پھر بھی نکاح ہو جاتا ہے، بچی کا اسکول چھوٹ جاتا ہے، خواب ٹوٹ جاتے ہیں، اور اس کی صحت دا پر لگ جاتی ہے۔ یہ شادی نہیں، یہ بچپن کا قتل ہے۔ڈاکٹر نگہت شکیل خان کا دو ٹوک مقف ہے کہ یہ کسی ایک وزارت، ایک ادارے یا ایک سیاسی جماعت کا مسئلہ نہیں، یہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے۔ اگر آج بچوں کو محفوظ نہ بنایا گیا تو قوم اپنا مستقبل خود اپنے ہاتھوں سے برباد کر لے گی۔ ان کے مطابق اب تقریروں کا وقت ختم ہو چکا ہے، اب عملی اقدامات چاہییں۔ قوانین پر سختی سے عمل درآمد ہو، بجٹ میں بچوں کی تعلیم، صحت، تحفظ اور جووینائل جسٹس کے لیے واضح رقم رکھی جائے، ہر ضلع میں فعال چائلڈ پروٹیکشن سسٹم اور ہیلپ لائن ہو، غریب خاندانوں کو معاشی سہارا دیا جائے تاکہ انہیں بچے سے مزدوری نہ کروانی پڑے، اور والدین، اساتذہ، علمائے کرام و میڈیا کے ذریعے ایسی آگاہی پھیلائی جائے کہ بچہ زیادتی پر خاموش رہنے کے بجائے آواز اٹھا سکے۔اس سارے بحران میں قومی اسمبلی کی پارلیمانی کاکس آن چائلڈ رائٹس ہی وہ واحد فورم ہے جو تمام سیاسی جماعتوں سے بالاتر ہو کر صرف بچوں کے لیے کام کر رہا ہے۔ ڈاکٹر نگہت شکیل خان کی کنوینرشپ میں یہ کاکس بچوں کے تحفظ کے لیے قانون سازی، موجودہ قوانین کے جائزے، بجٹ کے تجزیے، وفاق اور صوبوں میں ہم آہنگی اور سول سوسائٹی و نیشنل کمیشن آن رائٹس آف چائلڈ کے ساتھ مل کر حکمت عملی بنا رہا ہے۔ کاکس نے تعلیمی ایمرجنسی پر فلیگ شپ رپورٹ تیار کی ہے، پولیو کے خاتمے کے لیے قانون سازی پر زور دیا ہے، چائلڈ اسمگلنگ، جبری بھیک اور بچوں کے ساتھ بدسلوکی پر مشترکہ رپورٹ پر کام کیا ہے، اور آزاد کشمیر سمیت دیگر اسمبلیوں میں بھی چائلڈ رائٹس کاکس کے قیام کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں۔ لیکن اصل سوال اب بھی وہی ہے، کیا یہ کوششیں فائلوں سے نکل کر بھٹے، ورکشاپ اور گلی میں کھڑے اس بچے تک پہنچیں گی؟ کیونکہ اگر وہ بچہ آج بھی کام کر رہا ہے، تو اس کا مطلب ہے کہ نظام ابھی بھی ناکام ہے۔
بریکنگ نیوز
- چین:وفاقی وزیر احسن اقبال کا جلے یوگوآن پہنچنے پر شرکاء کے ساتھ گروپ فوٹو۔
- بچوں کے حقوق کیلئے بنے اداروں نے تحفظ دینے کی بجائے انہیں کاغذوں میںگم کر دیا
- جعلی پولیس مقابلہ کیس:نامزد ایس آئی و کانسٹیبل کی عبوری ضمانتوں میں 7 دسمبر تک توسیع
- پنجاب یونیورسٹی نے اپنی ریسرچ گرانٹ سکیم کے تحت فیکلٹی ممبران سے تحقیقی منصوبوں کی تجاویز طلب کر لی ہیں
- تھانہ نیلہ کی کارروائی،مردہ مرغیوں سے لدی گاڑی تحویل میں لے لی
- فتح جنگ: پنڈ بہادر خان کے نوجوان بلوچستان ایف سی کے طالب حسین اعوان شہید کی نماز جنازہ ادا کی جا رہی ہے دورس جانب شہید کی فائل فوٹو۔
- ڈاکٹر حمید جنرل ہو میو اور ڈاکٹر و لمار شوابے جرمنی کی تاریخی شراکت داری
- ایف سی بلوچستان کے جوان طالب حسین اعوان کی نماز جنازہ ادا
- پاکستان’ یوگنڈا کا زرعی تجارت سے استفادہ، چاول کی برآمدات میں اضافے ‘ تحقیقی شراکت داری کو مضبوط بنانے پر اتفاق
- سرکاری و نجی سکولوں میں بچوں کوغیر معیاری اشیاء کی فروخت پر پابندی
- سی پی او راولپنڈی کی پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں کھلی کچہری
- وزیر اعلی پنجاب کا دورہ راولپنڈی، تمام انتظامات اور تیاریاں مکمل کر لی گئیں
- سرکاری کالجز میں اساتذہ کی کمی پوری کرنے کیلئے عارضی ٹیچرز کی بھرتی ممکن بنا دی گئی’ اساتذہ کو 75 ہزار روپے ماہانہ ملے گا
- راولپنڈی، مزدا ‘ شہزور پک اَپ میں تصادم، دو افراد جاں بحق
- پنجاب بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ کیخلاف درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی
- وزیراعلی پنجاب کو غلام مصطفی راولپنڈی آمد پر سونے کا تاج پہنائے گے
- فتح جنگ،ڈھوک سیداں انٹرچینج سی پیک روڈ پر شہزور کی کھڑے ٹرک سے ٹکر، 2 افراد جاں بحق، 1 زخمی
- سب انسپکٹر مدثر حسین پولیس تھانہ ڈھڈیال کا نیا ایس ایچ او تعینات
- اسلام آباد کی مارکیٹوں کو لفٹر مافیا سے نجات دلائی جائے، اجمل بلوچ
- فتح جنگ: ایپکا تقریب میںشرکاء کا ضلعی و ڈویژنل عہدیدارن کے ہمراہ گروپ فوٹو
