راولپنڈی (سٹی رپورٹر)حکومت پنجاب نے راولپنڈی سمیت صوبہ بھر کے سرکاری و نجی سکولوں میں بچوں کو غیر صحت بخش کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے اور ان کے استعمال پر پابندی عائد کر دی، سکولوں میں کولڈ ڈرنکس، بوتلوں والے مشروبات، بچوں کے چورن، ببل گم، چیونگم، سپاری اور دیگر مضر صحت اشیا کی فروخت اور استعمال سختی سے ممنوع قرار دے دیا گیا۔ خلاف ورزی کرنے والے سکولوں، کینٹین مالکان اور ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔حکومتی ہدایات کے مطابق سکولوں میں بچوں کو صحت بخش خوراک کی فراہمی یقینی بنانے اور مضر صحت اشیا کے استعمال کی حوصلہ شکنی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ سکول انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی کینٹینوں میں فروخت ہونے والی اشیائے خورونوش کی کڑی نگرانی کریں اور ممنوعہ اشیا کی فروخت فوری طور پر بند کروائیں۔راولپنڈی کے تعلیمی اداروں میں بھی ان ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے سکول انتظامیہ اور متعلقہ حکام کو مثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ والدین اور شہریوں نے حکومتی اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سکولوں میں بچوں کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور کینٹینوں کی باقاعدہ چیکنگ کا نظام وضع کیا جائے۔
