لاہور (جنرل رپورٹر)محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے سرکاری کالجز میں اساتذہ کی کمی پوری کرنے کے لیے 7 ہزار عارضی اساتذہ کی بھرتیوں کو ممکن بنا دیا ہے۔ بھرتی کیے گئے اساتذہ کو 75 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا، جبکہ ان کی تقرری 9 سے 10 ماہ کے کنٹریکٹ پر کی گئی ہے۔عارضی اساتذہ کو کالج موزوں نہ ہونے کی صورت میں تبادلے کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے۔ ڈی پی آئی کے مطابق عارضی اساتذہ کی سرکاری کالجز میں تعیناتی کا عمل رواں ہفتے مکمل کر لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق گزشتہ تعلیمی سال بھی سرکاری کالجز میں 7 ہزار عارضی اساتذہ بھرتی کیے گئے تھے۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن نے اس سال عارضی اساتذہ کی تعداد بڑھا کر 9 ہزار کرنے کی درخواست کی تھی، تاہم حکومت پنجاب کی جانب سے اضافی بھرتیوں کی منظوری نہیں دی گئی۔دوسری جانب کالجز کے سربراہان کی جانب سے عارضی اساتذہ کی فراہمی میں تاخیر کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔ سرکاری کالجز میں اساتذہ کی ہزاروں مستقل اسامیاں تاحال خالی ہیں، جنہیں پر کرنے کے بجائے عارضی بنیادوں پر بھرتیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ حکومت کی جانب سے مستقل اسامیوں کو خالی رکھنے کے حوالے سے تاحال کوئی تسلی بخش جواز سامنے نہیں آ سکا۔
