راولپنڈی(این این آئی) پنجاب حکومت نے محکمہ جیل خانہ جات کے 58 افسران و اہلکار اسلام
آباد بھیجنے کی منظوری دیدی۔پنجاب کے 58 افسران و اہلکاروں کی خدمات ایک سال کے لیے ڈیپوٹیشن پر وفاقی وزارت داخلہ کے سپرد کر دیں گئیں۔اسلام آباد کی نئی ماڈل جیل کے انتظامی و سیکیورٹی امور کے لیے پنجاب سے عملہ طلب کیا گیا تھا جس کے پیش نظر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 58 افسران و اہلکاروں کی وفاق میں تعیناتی کی منظوری دی۔صوبائی حکومت نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا جس کے بعد اسلام آباد کی ماڈل جیل میں پنجاب کے تجربہ کار جیل افسران و اہلکار تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔آئی جی جیل خانہ جات میاں سالک جلال کے مطابق وفاقی حکام نے اسلام آباد کی نئی جیل کے لیے پنجاب سے 90 سے زائد افسران و اہلکاروں کی خدمات مانگی تھیں۔ پنجاب کی جیلوں کی اپنی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے 58 افسران و اہلکاروں کا انتخاب کیا گیا، ہوم سیکرٹری پنجاب کی تشکیل کردہ اعلیٰ سطحی کمیٹی نے 58 افسران و اہلکاروں کی ڈیپوٹیشن کی سفارش کی۔
