چکوال(بیورو رپورٹ)عوام کو صاف، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی کسی بھی حکومت کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے، لیکن بدقسمتی سے ہمارے ہاں خوراک کے معیار اور اس کی ترسیل کے حوالے سے سامنے آنے والے واقعات ایک تشویش ناک صورت حال کی عکاسی کر رہے ہیں۔ چند روپوں کے منافع کی خاطر انسانی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کا رجحان اس قدر سنگین ہو چکا ہے کہ اب گوشت جیسی بنیادی غذائی ضرورت کے بارے میں بھی شہریوں کے ذہنوں میں شکوک و شبہات جنم لینے لگے ہیں۔ مردہ مرغیوں کی بین الاضلاعی ترسیل کی کوشش ناکام بنانے کا حالیہ واقعہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس نے خوراک کی حفاظت اور متعلقہ اداروں کی نگرانی کے نظام پر کئی اہم سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔تھانہ نیلہ کے ایس ایچ او انسپکٹر چوہدری صہیب ظفر نے پولیس ٹیم کے ہمراہ دورانِ گشت کارروائی کرتے ہوئے مردہ مرغیوں سے لدی گاڑی کو تحویل میں لے کر مقدمہ درج کیا۔ اطلاعات کے مطابق یہ مرغیاں ایک ضلع سے دوسرے ضلع منتقل کی جا رہی تھیں، جہاں انہیں بڑے ہوٹلوں اور مختلف فوڈ پوائنٹس پر سپلائی کیے جانے کا خدشہ تھا۔ پولیس کی بروقت کارروائی سے ایک ممکنہ غیر قانونی ترسیل روک دی گئی، تاہم اصل سوال یہ ہے کہ اگر یہ گاڑی راستے میں نہ پکڑی جاتی تو ان مرغیوں کا انجام کیا ہوتا اور کتنے شہری لاعلمی میں ایسی خوراک استعمال کرنے پر مجبور ہوتے؟ یہ پہلو اس معاملے کی سنگینی کو مزید واضح کرتا ہے۔اس واقعے کو محض ایک گاڑی پکڑے جانے یا ایک مقدمہ درج ہونے تک محدود نہیں سمجھنا چاہیے۔ یہ ایک ایسے کاروبار کی موجودگی کی طرف اشارہ کرتا ہے جس میں انسانی صحت کے مقابلے میں مالی منفعت کو ترجیح دی جاتی ہے۔ اس سے بھی زیادہ تشویش ناک بات یہ ہے کہ ایسے واقعات پہلی مرتبہ سامنے نہیں آئے اور خدشہ ہے کہ یہ سلسلہ مختلف علاقوں میں کسی نہ کسی شکل میں جاری ہے۔ اگر ایک مقام پر کارروائی ہوتی ہے تو ضروری نہیں کہ دوسرے مقامات پر بھی یہی سرگرمیاں رک جائیں۔ یہی وجہ ہے کہ صرف گاہے بگاہے چھاپے مارنے کے بجائے ایک ایسا مستقل نظام درکار ہے جو غیر قانونی ترسیل کو ابتدائی مرحلے ہی میں روک سکے۔تشویش کا دائرہ صرف مرغیوں تک محدود نہیں رہا بلکہ بکرے اور گائے کے گوشت کے معیار کے حوالے سے بھی شہریوں کے تحفظات بڑھ رہے ہیں۔ گزشتہ روز اسلام آباد سے کتوں اور گدھوں کا مبینہ طور پر 800 کلو گوشت برآمد ہونے کی اطلاعات نے عوامی تشویش میں مزید اضافہ کیا ہے۔ ایسے واقعات شہریوں کے اعتماد کو متاثر کرتے ہیں اور یہ سوچنے پر مجبور کرتے ہیں کہ بازاروں، ہوٹلوں اور کھانے پینے کے مراکز میں فراہم کیا جانے والا گوشت کس حد تک محفوظ اور قابلِ استعمال ہے۔ جب عام شہری اپنی روزمرہ خوراک کے بارے میں بھی مطمئن نہ ہو تو یہ صورت حال محض انتظامی غفلت نہیں بلکہ ایک سنجیدہ عوامی مسئلہ بن جاتی ہے۔اس مسئلے کا مستقل حل اسی صورت ممکن ہے جب ضلعی انتظامیہ، پولیس، محکمہ لائیو اسٹاک اور پنجاب فوڈ اتھارٹی باہمی رابطے کے ساتھ ایک جامع پالیسی مرتب کریں۔ جانوروں اور مرغیوں کے ذبح کرنے کے مقامات کی نگرانی، گوشت کی خرید و فروخت کا ریکارڈ، نقل و حمل کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیوں کی جانچ اور ہوٹلوں و فوڈ پوائنٹس پر اچانک معائنے اس نظام کا لازمی حصہ ہونے چاہئیں۔ بالخصوص بین الاضلاعی نقل و حمل کے دوران چیکنگ کا مؤثر طریقہ کار وضع کیا جائے تاکہ ایک ضلع سے دوسرے ضلع تک مضرِ صحت گوشت پہنچانا آسان نہ رہے
