شین زو(این این آئی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ شین ژوـ24 کی تاریخی خلائی پرواز پاکستان کے خلائی پروگرام میں ایک نئے دور کا نقطہ آغاز ہے، پاکستانی خلا باز ذیشان علی کے ہمراہ پاکستان کا سبز ہلالی پرچم خلا کی وسعتوں میں بلند ہو رہا ہے، جو 26 کروڑ پاکستانیوں کی سائنسی ترقی، جدید ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق سے وابستہ امیدوں اور امنگوں کی عکاسی کرتا ہے۔ایکس پہ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ شاہراہوں سے انفارمیشن سپر ہائی ویز اور اب آسمانوں کی وسعتوں تک پاکستان ترقی کے ایک نئے سفر پر گامزن ہے۔ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی اور سی پیک کا سفر بھی نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور شراکت داری کی یہ داستان آسمانوں سے بھی آگے بڑھ رہی ہے۔پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی خلا کی جانب یہ تاریخی اْڑان ایک روشن، ترقی یافتہ اور شاندار مستقبل کی جانب پیش قدمی ہے۔ یہ صرف آغاز ہے اور پاکستان کی کامیابیوں کا سفر مستقبل میں مزید بلندیوں کو چھوئے گا۔انہوں نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ زندہ باد اور پاک چین دوستی پائندہ باد۔
