اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی وزیر مواصلات اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کی خلائی مشن پر روانہ ہونے والے پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے پاک چین لازوال دوستی اب زمین کی حدود سے نکل کر خلا تک پہنچ گئی ہے۔ ذیشان علی کی کامیابی پاکستانی قوم خصوصا نوجوان نسل کے لئیفخر اور حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ذیشان علی کی خلائی کامیابی پاکستان کے لئے باعثِ فخر اور تاریخی اعزاز ہے۔ پاکستانی نوجوان نے چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن تک رسائی حاصل کرکے تاریخ رقم کر دی۔ ذیشان علی کا خلائی مشن پاک چین دوستی اور باہمی تعاون کی نئی بلندیوں کا مظہر ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں پاکستان اور چین کا تعاون نئی تاریخ رقم کر رہا ہے۔ پاکستانی صلاحیتوں کا اعتراف خلائی تحقیق کے عالمی میدان میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ پاک چین لازوال دوستی اب زمین کی حدود سے نکل کر خلا تک پہنچ گئی ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ ذیشان علی کی تاریخی کامیابی پاکستان کے روشن مستقبل اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کی عکاس ہے۔
