لاہور (جنرل رپورٹر)پنجاب یونیورسٹی اور ترکیہ کے شہر ازمیر میں واقع یاشار یونیورسٹی کے درمیان بین الاقوامی تعلیمی تعاون، طلبہ اور اساتذہ کے تبادلے، مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں اور ثقافتی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت اور تبادلہ طلبہ کا معاہدہ طے پاگیا۔ اس سلسلے میں دستاویزات پر دستخط کی تقریب کا انعقاد وائس چانسلر آفس کے کمیٹی روم ہوا، جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، یاشار یونیورسٹی ترکیہ کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر لیونٹ قندیلر، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز پروفیسر ڈاکٹر یامینہ سلمان و دیگرنے شرکت کی۔معاہدوں کے تحت دونوں جامعات مشترکہ تعلیمی کورسز اور پروگرامز متعارف کروانے، تعلیمی کریڈٹس کی منتقلی، انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ کے تبادلے اور تدریس، تحقیق اور علمی لیکچرز کے لیے اساتذہ کے تبادلے کے مواقع پیدا کرنے کیلئے کام کریں گے۔اس تعاون کے تحت مشترکہ تحقیقی منصوبوں، تعلیمی وتحقیقی مواد، تحقیقی مقالہ جات اور لائبریری کے وسائل کے تبادلے کے علاوہ مشترکہ کانفرنسز، سیمینارز اور ورکشاپس کے انعقاد کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔تبادلہ طلبہ کے معاہدے کے مطابق دونوں جامعات، طلبہ کے باہمی تبادلے میں سہولت فراہم کریں گی۔ طلبہ کو میزبان یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع میسر آئیں گے، جبکہ حاصل کردہ تعلیمی کریڈٹس متعلقہ تعلیمی تقاضوں اور منظوری سے مشروط ہوں گے اور انہیں ان کی اپنی یونیورسٹی کی ڈگری میں شمار کیا جا سکے گا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تعاون پنجاب یونیورسٹی کے بین الاقوامی تعلیمی روابط کو مزید مضبوط کرنے میں معاون ہوگا اور پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلیمی تبادلے، تحقیقی اشتراک اور ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے طلبہ اور اساتذہ کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
