All posts by Khabrain News

اُلٹا چور کوتوال کو ڈانٹے؛ عالمی فوجداری عدالت انسانیت کی دشمن بن چکی ہے، نیتن یاہو

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے روایتی ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی فوجداری عدالت سے اپنے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کو سیاہ دن قرار دیدیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے عالمی فوجداری عدالت کے اپنے وارنٹ گرفتاری کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک اس فیصلے کو ہرگز تسلیم نہیں کرے گا۔

اسرائیلی وزیراعظم نے فیصلے کے دن کو سیاہ روز قرار دیتے ہوئے اپنے جارحانہ عزائم کو دہرایا کہ عالمی فوجداری کا یہ فیصلہ انھیں ان کے ملک کے دفاع سے ہرگز نہیں روک سکتا۔

وزیراعظم نیتن یاہو نے مزید کہا کہ عالمی فوجداری عدالت انسانیت کی دشمن بن کر جانبدار اور سیاسی فیصلے کر رہی ہے۔  یہ فیصلہ جمہوری ریاستوں کے دفاع کے حق کی پامالی ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم نے الزام عائد کیا کہ عالمی فوجداری عدالت اسرائیل کے خلاف ہونے والے جنگی جرائم کو نظر انداز کر کے حماس کے جرائم کو چھپا رہی ہے۔

یاد رہے کہ عالمی فوجداری عدالت نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور وزیر دفاع سمیت حماس کے رہنما اور اعلیٰ ترین کمانڈر محمد دیف کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے تھے۔

یاد رہے کہ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ جولائی میں محمد دیف ایک فضائی حملے میں ہلاک ہوچکے ہیں۔

گزشتہ روز عالمی فوجداری عدالت نے بتایا تھا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کی گرفتاری کے وارنٹ غزہ میں 8 اکتوبر 2023 سے 20 مئی 2024 کے دوران انسانیت سوز مظالم اور جنگی جرائم پر جاری کیے ہیں۔

عدالت کا مزید کہنا تھا کہ گواہان کو تحفظ فراہم کرنے اور تحقیقات کو شفاف بنانے کے لیے گرفتاری کے وارنٹوں کو “خفیہ” رکھا گیا ہے۔

پی ٹی آئی احتجاج میں گرفتار دو خواتین کو شناخت پریڈ پر جیل بھیجنے کا فیصلہ معطل

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی احتجاج کے دوران گرفتار دو خواتین کو شناخت پریڈ پر جیل بھیجنے کا فیصلہ معطل کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری اور جسٹس بابر ستار نے درخواست پر احکامات جاری کیے۔

پی ٹی آئی کی دو خواتین روبینہ غفور اور شہناز ملک کو انسداد دہشت گردی عدالت نے پانچ روز کے لیے شناخت پریڈ پر جیل بھیجا تھا، پی ٹی آئی کے وکیل انصر کیانی نے شناخت پریڈ کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

وکیل انصر کیانی نے کہا کہ اسی مقدمہ میں 9 خواتین گرفتار ہوئی اور شناخت پریڈ نہیں کرائی گئی،دونوں خواتین مقدمہ میں نامزد بھی نہیں اور نہ ہی پولیس کے پاس کوئی شواہد موجود ہیں، دونوں خواتین کی شناخت پریڈ کا فیصلہ کالعدم قرار دیکر رہا کیا جائے۔

عدالت نے دونوں خواتین کو رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایس ایچ او کو نوٹس جاری کر دیا اور ہدایت دی کہ 26 نومبر کو دونوں خواتین عدالت میں پیش ہوں اور ایس ایچ او کوہسار ریکارڈ سمیت عدالت پیش ہوں۔

روس نے یوکرین کو خطرناک ہتھیاروں کی تجربہ گاہ سمجھ لیا ہے، صدر زیلنسکی

یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ بین البراعظمی بیلسٹک میزائل استعمال کرکے روس نے ثابت کردیا کہ وہ خطے میں امن نہیں چاہتا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے کہا کہ روس نے ہائپرسونک میزائل حملہ کرکے دنیا کو اپنے جارحانہ عزائم کے بارے میں بتایا۔

یوکرینی صدر نے کہا کہ اگر روس کی جارحیت کو ابھی نہ روکا گیا تو یہ جنگ دیگر مغربی ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لی گی۔

صدر ایلنسکی نے کہا کہ نئے بیلسٹک میزائل کا استعمال اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ روس امن نہیں بلکہ جنگ چاہتا ہے۔

یوکرین کے صدر نے عالمی قوتوں سے اپیل کی کہ روس کے اس جارحانہ اقدام کی کھل کر مذمت کریں اور اسے روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

صدر ایلنسکی نے کہا کہ روس نے یوکرینی سرزمین کو ہتھیاروں کے تجربہ کرنے کی جگہ سمجھ لیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز یوکرین نے دعویٰ کیا تھا کہ روس نے اس کی سرزمین پر بین البراعظمی بیلسٹک مزائل سے حملہ کیا ہے۔

جس پر روسی صدر ولادیمیر پوٹن کا کہنا تھا کہ ڈنیپرو میں واقع یوکرینی سرکاری ایرو اسپیس مینوفیکچرر پیوڈینماش کے پلانٹ کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا ہے۔

تاہم روسی صدر نے یہ نہیں بتایا کہ اس حملے میں کس قسم کا میزائل استعمال کیا گیا۔ انھوں نے یوکرین کے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کے استعمال کے الزام کی تردید یا تصدیق نہیں کی۔

بنوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، تین خوارج ہلاک اور دو زخمی

بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے خفیہ اطلاع پر آپریشن میں تین خوارج ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 22 نومبر کی علی الصباح سیکیورٹی فورسز نے بنوں ضلع میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک کامیاب آپریشن کیا جس میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا،  فائرنگ کے نتیجے میں 3 خوارج واصل جہنم ہوئے جبکہ 2 زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، یہ دہشت گرد ماضی میں سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ علاقے میں کسی بھی مزید خوارج کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

کراچی: ٹریلر کے نیچے آکر موٹرسائیکل سوار چچا بھتیجا جاں بحق

نیٹی جیٹی کے قریب ٹریفک حادثے میں چچا اور سات سالہ بھتیجا جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں متوفی بچے کے والد اور چچا شامل ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈاکس کے علاقے کیماڑی نیٹی جیٹی پل پر جمعرات کو رات گئے ٹریلر سے کچل کر موٹرسائیکل سوار ایک شخص جاں بحق اور سات سالہ بچہ اور اس کے والد سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔

جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش اور زخمیوں کو چھیپا ایمبولینسوں کے ذریعے سول اسپتال منتقتل کیا گیا جبکہ زخمی ہونے والے بچے کو پرائیوٹ گاڑی کے ذریعے کھارادر میں واقعے نجی اسپتال ( کتیانہ میمن اسپتال ) لے جایا گیا۔

سول اسپتال میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 25 سالہ عرفان کے نام سے کی گئی جبکہ سول اسپتال لائے جانے والے زخمیوں کی 27 سالہ محمد شیخ ولد شیخ احمد اور لبل شیخ ولد شیخ احمد شامل ہیں۔

 دوسری جانب زخمی حالت میں نجی اسپتال لے جایا جانے والا سات سالہ بچہ ایان ولد لبل شیخ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، متوفی ایان زخمی ہونے والے لبل شیخ کا بیٹا تھا۔

موقع پر موجود ایک شخص نے ایکسپریس کو بتایا کہ دو موٹرسائیکلوں پر ایک ہی خاندان کے 8 افراد سوار تھے جو ماڑی پور مچھر کالونی کے رہائشی ہیں اور کلفٹن سی ویو سیر و تفریح  کے لیے گئے تھے اور وہاں سے واپس آرہے تھے، ایک موٹرسائیکل حادثے میں محفوظ رہی۔

عینی شاہد نے بتایا کہ نیٹی جیٹی پل پر موٹر سائیکل سلپ ہوکر گری، عقب سے آنے والا ٹریلر  اس پر چڑھ گیا جس کے نیتجے میں عرفان موقع پر جاں بحق جبکہ ایان، اس کے والد لبل شیخ اور ایان کا چچا محمد شیخ زخمی ہوگئے، حادثے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور حادثے کے ذمہ دار ٹریلر کو قبضے میں لے لیا ہے جس کا ڈرائیو موقع سے فرار ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے ذمے دار ٹریلر کے اندر سے بیئر اور شراب کی بوتلیں برآمد ہوئی ہیں، ٹریلر کو تھانے منتقل کر کے اس کے مالک اور ڈرائیور کی تلاش اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس؛ بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔

عدالت نے نیب کو بشریٰ بی بی کو گرفتار کرکے 26 نومبر پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ضامن کو بھی شو کاز نوٹس جاری کر دیا۔

بشریٰ بی بی کے وکیل نے آج بھی طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنا کی درخواست کی۔ نیب نے اعتراض کیا کہ بشریٰ بی بی کا میڈیکل پشاور لیڈی ریڈنگ اسپتال کا ہے جبکہ نوٹری اٹیسٹیشں اسلام آباد سے ہوئی۔

بانی پی ٹی آئی کو عدالت پیش کیا گیا لیکن ملزمان نے آج بھی 342 کا بیان جمع نہیں کرایا۔

واضح رہے کہ بشری بی بی 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی 8 سماعتوں سے مسلسل غیر حاضر ہیں۔

اظہر علی نے پی سی بی کیساتھ نئے سفر کا آغاز کردیا

پاکستن کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کرکٹر و کپتان اظہر علی کو یوتھ ڈیولپمنٹ کا سربراہ مقرر کردیا۔

بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پی سی بی نے یوتھ ڈیولپمنٹ کا سربراہ کے طور پر سابق کپتان اظہر علی کو ذمہ داریاں سونپ دی ہیں، وہ اسوقت قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن کے طور پر بھی کام کررہے ہیں، ان کی تقرری ریکروٹمنٹ کے عمل کے مطابق کی گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ کے مستقبل کی تشکیل کیلئے نوجوانوں کی کرکٹ کی جامع حکمت عملی کو ڈیزائن اور نافذ کرنا، مضبوط گراس روٹ کرکٹ ڈھانچہ، ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشنوں کے ساتھ مل کر ایج گروپ کے پروگراموں کو مضبوط کرنا، پی سی بی کے پاتھ وے پروگرام کے تحت ابھرتے ہوئے کرکٹرز  کی تعلیم وتربیت، سیمینارز اور کلینک کا انعقاد خواہشمند کھلاڑیوں کیلئے آف فیلڈ ڈیولپمنٹ کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا شامل ہے۔

اظہر علی کا کہنا ہے میں اس اہم کردار کو نبھانے پر فخر محسوس کرتا ہوں اور پرجوش ہوں۔

پی سی بی نے اظہر علی کو ان کی تقرری پر مبارکباد دی ہے اور اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ ان کا تجربہ اور وژن پاکستان میں نوجوانوں کی کرکٹ کی ترقی اور کامیابی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

خیال رہے کہ 2002 میں آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ سے اپنے سفر کا آغاز کرنیوالے اظہر علی نے 2010 سے 2022 تک کے کریئر میں انہوں نے 97 ٹیسٹ اور 53 ون ڈے میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ انہوں نے 9 ٹیسٹ اور31 ون ڈے میچوں میں قومی ٹیم کی کپتانی بھی کی۔

اظہر علی 2017 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والے پاکستان کے تاریخی  اسکواڈ کے اہم رکن تھے۔

زلزلہ متاثرین کیس؛ حکومت رقم دے دیتی تو لوگ اب تک خود گھر بنا چکے ہوتے، جسٹس جمال مندوخیل

اکتوبر 2005 زلزلہ متاثرین کیس میں سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے حکومتوں سے پراگرس رپورٹ طلب کر لی ہے۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں چھ رکنی بینچ نے سماعت کی۔ آئینی بینچ نے ریمارکس دیے کہ بتایا جائے متاثرین آباد کاری اور منصوبوں کی تاخیر کا ذمہ دار کون ہے۔

جسٹس حسن رضوی نے کہا کہ 2005 کا زلزلہ آئے 19 سال ہو گزر چکے ہیں، اتنے عرصہ بچے جوان اور جوان بوڑھے ہو چکے ہوں گے، بتائیں حکام نے متاثرین کی بحالی کے لیے اب تک کیا کام کیا۔

جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس میں کہا کہ زلزلے کے بعد گھروں کی تعمیر کے لیے جنگلات زمین کیوں الاٹ کی گئی، زلزلے سے جہاں گھر گر گئے وہیں دوبارہ تعمیر کر دیتے، حکومت تعمیرات کے چکر میں پڑنے کے بجائے متاثرین کو رقم دے دیتی، متاثرین کو رقم ملتی وہ اب تک اپنے گھر خود بنا چکے ہوتے۔

جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ زلزلہ متاثرین کی تباہیاں میں نے خود اپنی آنکھوں سے دیکھی ہیں، نشتن گفتن برخاستن سے زیادہ زلزلہ متاثرہ علاقوں میں کچھ نہیں ہوا۔

جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیے کہ زلزلہ متاثرین کی بحالی وفاق اور صوبے کے تعاون سے ہونی تھی، محکموں کی بیڈ گورننس اور عدم تعاون سے متاثرین مشکلات جھیل رہے ہیں۔ بیڈ گورننس کی وجہ سے معاملات عدالتوں میں آتے ہیں، محکمے اپنا کام کریں تو عدالتوں میں کیسز نہ آئے۔

جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ زلزلے سے کتنے لوگ متاثر ہوئے، متاثرین کے لیے اب تک کتنے گھر بنا لیے گئے، وفاقی اور صوبائی حکومت کی زلزلہ متاثرہ علاقوں میں بحالی کی پرفارمنس کیا ہے۔

جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے کہ متاثرین کے لیے کتنے فنڈز آئے اور متاثرین کے لیے فنڈز میں کتنا کہاں پر خرچ ہوا، عدالتی سوالات پر جامع رپورٹ دی جائے۔

جنگلات کی کٹائی کیس

جسٹس امین الدین خان سربراہی میں چھ رکنی آئینی بینچ نے سماعت کی۔ سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے جنگلات کی کٹائی کیس میں وفاقی صوبائی حکومتوں سے رپورٹ طلب کرلی۔

آئینی بینچ نے رپورٹ میں پوچھا ہے کہ بتایا جائے جنگلات کے کتنے رقبہ پر قبضہ کیا گیا اور بتایا جائے جنگلات کے کتنے رقبہ پر قبضہ واگزار کرایا گیا۔ جنگلات کی کٹائی روکنے کے کیا اقدامات اور ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لیا گیا، جنگلات بڑھانے کے لیے اب تک کیا اقدامات لیے گئے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ مارگلہ ہلز کے پیچھے فارم ہاؤس اور ہاؤسنگ سوسائیٹیز بن رہی ہیں، جنگلات کی کٹائی اور جنگلات رقبہ پر قبضہ کا بہت بڑا مافیا ہے۔ سرکاری حکام کی ملی بھگت سے جنگلات رقبہ پر تجاوزات اور کٹائی ہوتی ہے، جنگلات کی زمین فالتو نہیں دیگر مقاصد کے لیے الاٹ کی جائے۔

جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ جنگلات کی زمین کسی دوسرے مقصد کے لیے الاٹ نہیں ہو سکتی۔

پی ٹی آئی احتجاج کے بجائے مذاکرات سے معاملات حل کرے، گورنر پنجاب

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے پی ٹی آئی کو پرتشدد احتجاج کے بجائے ڈائیلاگ کا مشورہ دے دیا۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کا کہنا ہے کہ پرامن احتجاج حق ہے لیکن پی ٹی آئی پُرامن احتجاج نہیں کرتی، پی ٹی آئی کا ٹریک ریکارڈ احتجاج کے حوالے سے درست نہیں، پُرتشدد احتجاج  سے ملک کا نقصان ہوتا ہے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا تاثر غلط جاتا ہے۔

 گورنر پنجاب نے کہا کہ پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان اعتماد کا فقدان ہے، پی ٹی آئی کو جلسہ کی اجازت دینے کے حوالے سے کوئی رسک نہیں لے گا، پی ٹی آئی نے پرامن رہنا نہیں لہذا انہیں کوئی اجازت نہیں ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ میسج جائے گا کہ ہم اپنے ہاتھوں سے پی ٹی وی کی توڑ پھوڑ، پارلیمنٹ پر حملہ اور سپریم کورٹ پر کپڑے لہرانے ہیں تو کوئی سرمایہ کار پاکستان نہیں ائے گا، پی ٹی آئی کو سوچنا چاہئے کہ احتجاج کے بجائے ڈائیلاگ کر کے اپنے معاملات حل کرنے چاہئیں۔

رونالڈو کے یوٹیوب چینل کا پہلا مہمان کون؟

پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے یوٹیوب چینل پر پہلی ویڈیو کیلئے مہمان کی شناخت سے پردہ اٹھادیا۔

رپورٹس کے مطابق معروف فٹبالر اور یوٹیوب کی دنیا میں سنسنی خیز انداز میں قدم رکھنے والے کرسٹیانو رونالڈو کے پہلے کوئی اور نہیں بلکہ مسٹر بیسٹ ہیں۔

رونالڈو نے رواں ہفتے اپنے یوٹیوب چینل یو آر کرسٹیانو پر ایک نئے پراسرار مہمان کا ذکر کرکے مداحوں کو حیران کیا تھا اور کہا تھا کہ یہ قسط دنیا بھر میں دھوم مچائے گی۔

اسٹار فٹبالر کے اعلان کے بعد مداحوں کی جانب سے مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ مہمان ہوگا تاہم نام سامنے آنے پر مداح حیران ہیں کیونکہ مسٹر بیسٹ کو رونالڈو کا یوٹیوب کی دنیا میں سب سے بڑا حریف سمجھا جارہا تھا۔

کرسٹیانو رونالڈو کا یوٹیوب چینل یو آر کرسٹیانو پہلے ہی ریکارڈ توڑ چکا ہے اور اس کے 67 ملین سے زائد سبسکرائبرز ہیں۔

تاہم یہ مسٹر بیسٹ کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں جن کے اس وقت یوٹیوب پر 330 ملین سبسکرائبرز ہیں۔