All posts by Khabrain News

کرم میں بے امنی؛ عدالت نے ہائر ایجوکیشن کمیشن اسکالرشپ انٹری ٹیسٹ روک دیا

ہائی کورٹ نے کرم میں ہائر ایجوکیشن کمیشن اسکالرشپ انٹری ٹیسٹ روک دیا۔

ضلع کرم میں امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث ہائر ایجوکیشن کمیشن اسکالرشپ انٹری ٹیسٹ روکنے کے لیے دائر کی درخواست پشاور ہائی کورٹ میں ہوئی، جس میں عدالت نے تحریری حکم نامہ جاری  کرتے ہوئے ضلع کرم کی حد تک انٹری ٹیسٹ روک دیا۔

عدالت نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے حکام کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔

تحریری حکم نامے کے مطابق ہائیر ایجوکیشن کمیشن حکام 31 دسمبر کو عدالت میں پیش ہوں۔ درخواست گزار کے مطابق ضلع کرم میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے، ضلع کرم کے طلبہ کے لیے صدہ میں انٹری ٹیسٹ ہال کا انتظام کیا جائے۔

ہائی کورٹ نے اپنے حکم نامے میں مزید لکھا کہ وکیلِ درخواست گزار نے بتایا کہ انٹری ٹیسٹ 26 دسمبر کو شیڈول ہے۔ فاٹا اور بلوچستان کے طلبہ کے لیے100 سیٹیں ہیں۔کرم میں حالات کشیدہ ہونے کی وجہ سے وہاں پر انٹری ٹیسٹ کا انعقاد نہیں طلبہ کے لیے امتحانی ہال صدہ منتقل کیا جائے۔

باکسنگ ڈے ٹیسٹ؛ ویرات کوہلی پابندی سے بچ نکلے، آسٹریلوی بلے باز کو کندھا مارنے پر جرمانہ عائد

بھارت کے تجربہ کار بلے باز ویرات کوہلی باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے پہلے روز ابتدائی سیشن کے دوران اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے آسٹریلیا کے اوپنر سیم کونسٹاس کو کندھا مارنے پر پابندی لگنے سے بچ نکلے، تاہم ان پر جرمانہ کردیا گیا۔

بھارتی خبر رساں ادارے انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق میلبورن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں آسٹریلیا کے خلاف بھارت کے چوتھے ٹیسٹ میں سام کونسٹاس کے ساتھ جھگڑا کرنے پر ویرات کوہلی کو ان کی میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق 26 دسمبر بروز جمعرات  کو ویرات کوہلی کو میچ کے پہلے سیشن میں آسٹریلوی ڈیبیو کرنے والے کھلاڑی کو کندھا دیتے ہوئے دیکھا گیا۔

بعد ازاں ویرات کوہلی کی میچ ریفری اینڈی پائکرافٹ سے ملاقات صرف 10 منٹ تک جاری رہی،  سابق بھارتی کپتان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے کو تسلیم کیا اور ان پر لیول ون کے جرم کا الزام عائد کیا گیا جو کہ میدان میں جسمانی طور پر ٹکرانے کی سب سے ہلکی دفعہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ  بہت زیادہ قیاس آرائی کی جا رہی تھی کہ ویرات کوہلی پر ایک میچ کی پابندی عائد کی جائے گی جب یہ ظاہر ہوا کہ وہ 19 سالہ نوجوان کرکٹ کے ساتھ جان بوجھ کر  ٹکرائے، جان بوجھ کر ٹکرانے کو اکثر لیول 2 جرم کے طور پر درجہ دیا جاتا ہے جس پر3  یا 4 ڈی میرٹ پوائنٹس دیے جاسکتے ہیں، اگر کوئی کھلاڑی 24 ماہ کے دوران 4  ڈی میرٹ پوائنٹس حاصل کرتا ہے تو اس پر ایک ٹیسٹ میچ یا  محدود اوورز کے 2 میچوں کی پابندی لگائی جا سکتی ہے۔

تاہم ویرات کوہلی کو صرف ایک دی میرٹ پوائنٹ دیا گیا۔

میچ کے 10ویں اوور کے اختتام پر ویرات کوہلی اور سیم کونسٹاس کے آپس میں کندھے ٹکرا گئے جس پر دونوں کے درمیان تکرار ہوئی تاہم عثمان خواجہ اور امپائرز نے بیچ بچاؤ کروا دیا۔

بعدازاں، ری پلے ویڈیو میں دیکھا گیا کہ 10ویں اوور کی آخری گیند کے بعد کونسٹاس واپس اپنی کریز پر آئے اور پھر دوسری طرف سیدھا چل پڑے جبکہ اسی دوران ویرات کوہلی پچ کی دوسری طرف سے آتے ہوئے کونسٹاس سے ٹکرا گئے۔

واضح رہے کی سیم کونسٹاس نے اپنے ڈیبیو میچ میں 65 گیندوں پر 60 رنز کی اننگز کھیلی جس میں دو چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔ انہوں نے جسمریت بمراہ کی 33 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 34 رنز جبکہ محمد سراج کی 19 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 20 رنز بنائے۔

ٹرمپ کے ایلچی کا عمران خان اور میزائل پروگرام پر بیان، دفتر خارجہ کا تبصرے سے انکار

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ افغان حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں، چاہتے ہیں کہ افغانستان کے ساتھ سیکیورٹی، تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھائیں۔ ترجمان نے رچرڈ گرنیل کے بیان پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارت کاری کے لیے 2024ء ایک سرگرم سال تھا، بیلا روس، چین، آذربائیجان، روس، سعودی عرب، ترکیہ، برطانیہ اور دیگر ممالک کے ساتھ اچھی انڈراسٹینڈنگ بنی۔ وزیر خارجہ نے بیلجیم، مصر، ایران، سعودی عرب، برطانیہ اور دیگر ممالک کے دورے کیے۔ اسی طرح وزیر اعظم اور صدر نے بھی 2024 میں مختلف ممالک کے دورے کیے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں ملائیشیا، روس، سعودی عرب اور دیگر ممالک کے وفود آئے، اس سال خطے اور دنیا بھر میں مختلف تبدیلیاں رونما ہوئیں۔ ان تبدیلیوں کے باوجود باہمی مفادات کے پیش نظر مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات اچھے بنائے۔ امریکا کے ساتھ اپنی انگیجمنٹ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ہم یورپ میں اپنے پارٹنرز کے ساتھ تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یورپی یونین نے پی آئی اے سے پابندی ہٹائی ہے، پاکستان پی آئی اے پروازوں سے پابندی ہٹانے کے لیے یورپی یونین کے علاوہ دیگر ممالک کے ساتھ بھی بات چیت کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ سال 2024ء کا آغاز ملٹری حملوں سے ہوا۔ اپریل میں دونوں ممالک کے درمیان انگیجمنٹ ہوئی، افغانستان کے ساتھ بارڈر پر مسائل رہے، ہم افغان حکام کے ساتھ رابطے میں رہے۔ چاہتے ہیں کہ افغانستان کے ساتھ سیکیورٹی تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھائیں۔
پاک امریکا تعلقات پر دفتر خارجہ نے کہا کہ اسلام آباد واشنگٹن کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے، پاکستان کسی دوسرے مملک کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پر گامزن ہے۔
رچرڈ گرنیل کے ٹوئٹس اور اس کے بیانات پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ باہمی عزت اور مفادات کی بنیاد پر مثبت تعلقات کا خواہاں ہے۔ ہم اُمید کرتے ہیں کہ امریکا بھی اس بات کا خیال رکھے گا، کسی ایک شخص کے بیانات پر میں کوئی رائے نہیں دے سکتی، امریکی حکام کے ساتھ بات چیت جاری رکھیں گے۔

پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی، عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچ گئی

پاکستان تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی، بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچ گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکراتی کمیٹی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے دوران مذاکرات کے پہلے دور میں ہونے والی گفتگو کے بارے میں  بریفنگ دے گی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کے 5 ارکان عمران خان سے ملاقات کے لیے  اڈیالہ جیل پہنچے ہیں۔

اڈیالہ جیل پہنچنے والوں مین عمر ایوب، صاحبزادہ حامد رضا، علامہ ناصر عباس بھی شامل ہیں، ان کے علاوہ وزیراعلی کے پی علی امین گنڈا پور اڈیالہ جیل پہنچے، علی امین گنڈا پور کی گاڑی کو اڈیالہ جیل کے اندر جانے کی اجازت دی گئی۔

بشارالاسد کی اہلیہ خطرناک بیماری میں مبتلا، بچنے کی امید 50 فیصد سے بھی کم

سابق شامی صدر بشارالاسد کی اہلیہ اسما اسد ایک بار پھر کینسر میں مبتلا ہو گئیں۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شام کے سابق صدر بشارالاسد کی اہلیہ اسما اسد خون کے کینسر میں مبتلا ہیں اور ان کی طبیعت انتہائی خراب ہے۔ ڈاکٹرزکا کہنا ہے کہا اسما اسد کے زندہ بچنے کی امید 50 فیصد سے بھی کم ہے۔ برطانوی نژاد اسما اسد کو انفیکشن سے بچنے کے لیے تنہائی میں رکھا گیا ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اسما اسد کے والد فواز اخراص ماسکو میں ان کی تیمارداری کر رہے ہیں۔ شام کے صدارتی محل نے رواں سال مئی میں بشارالاسد کی اہلیہ اسما اسد کے خون کے کینسر میں مبتلا ہونے کا اعلان کیا تھا۔ اس سے قبل اسما اسد چھاتی کے کینسر میں بھی مبتلا رہ چکی ہیں اور انہوں نے 2019 میں چھاتی کے کینسر سے صحت یابی کا اعلان کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق بشار الاسد کے شام چھوڑنے سے قبل 49 سالہ سابق خاتون اول علاج کے غرض سے پہلے ہی ماسکو پہنچ چکی تھیں۔ اسما اسد سے متعلق یہ اطلاعات بھی زیرگردش تھیں کہ وہ ماسکو میں خوش نہیں ہیں اور اپنے شوہر سے طلاق لینا چاہتی ہیں۔ بشارالاسد کی فیملی نے اس حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کیا تاہم کریملن نے طلاق کی افواہوں کی تردید کی ہے۔ بشارالاسد کے خاندان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسما اسد مر رہی ہیں اور ان کے بچنے کی امید 50 فیصد سے بھی کم ہے۔

قازقستان میں تباہ ہونے والے آذربائیجان کے مسافر طیارہ کا بلیک باکس مل گیا

گزشتہ روز قازقستان میں تباہ ہونے والے آذربائیجان کے مسافر طیارہ کا بلیک باکس مل گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حادثے کے نتیجے میں 38 افراد ہلاک ہو گئے۔

قازقستان کے محکمہ ٹرانسپورٹ کے پراسیکیوٹر نے ایک بریفنگ کے دوران بتایا کہ طیارے کا بلیک باکس تلاش کی کوششوں کے دوران ملا۔

انہوں نے کہا کہ بلیک باکس مل گیا ہے اور اسے حادثے کے شواہد میں شامل کرلیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق طیارے میں 67 افراد سوار تھے جن میں 42 کا تعلق آذربائیجان سے تھا، بد قسمت جہاز میں 16 روسی، 6 قازق اور 3 کرغیز شہری بھی شامل تھے۔

حادثے کا شکار طیارہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے روس کے زیر تسلط ریاست جمہوریہ چیچن کے دارالحکومت گروزنی جا رہا تھا کہ حادثے کا شکار ہوگیا۔

عینی شاہدین نے بتایا تھا کہ حادثے سے قبل طیارے نے اکتاؤ ایئرپورٹ کے اوپر کئی چکر بھی لگائے تھے، حادثے کی وجوہات کے تعین کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی تھی۔

ہیما مالنی کے والد دھرمندر سے انکی شادی کیخلاف کیوں تھے؟

بالی ووڈ کی ماضی کی مقبول اداکارہ ہیما مالنی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والد دھرمندر سے ان کی شادی نہیں کرنا چاہتے اور انہیں ملنے سے بھی روکنے کی کوشش کرتے تھے۔

 بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق ہیما مالنی نے انڈین آئیڈل کے 12 سیزن میں مداحوں کے ساتھ ایک دلچسپ واقعہ شیئر کیا تھا۔ اداکارہ نے بتایا کہ ان کے والد کو دھرمندر کے ساتھ ان کا وقت گزارنا ناگوارا گزرتا تھا اور اس ہی لئے ایک مرتبہ ان کے والد فلم کے سیٹ پر پہنچ گئے تھے تاکہ وہ دھرمندر کے ساتھ اکیلے وقت نہ گزار سکیں کیونکہ وہ شادی شدہ اور بچوں کے باپ تھے۔

دونوں اداکار کیسے ملے اور محبت میں گرفتار کیسے ہوئے اس پر بھی ماضی میں اداکارہ ہیما مالنی نے ایک انٹرویو میں دلچسپ واقعے کا ذکر کیا تھا۔ ہیما مالینی نے بتایا کہ وہ اور دھرمیندر پہلی بار 1970 میں فلم ’تو حسین میں جوان‘ کے سیٹ پر ملے تھے، جہاں وہ ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزار کر لطف اندوز ہوتے تھے اور فلم کی شوٹنگ کے اختتام تک دونوں ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوچکے تھے۔

بالی ووڈ کی ڈریم گرل ہیما مالینی نے کہا کہ دھرمیندر ان کے لیے ’لَو ایٹ فرسٹ سائٹ‘ ’پہلی نظر کی محبت‘ تھے اور دھرمیندر نے بھی اپنے ایک پرانے انٹرویو میں یہی بات کہی تھی، تاہم وہ اس محبت کے بارے میں شک میں مبتلا تھے کیونکہ وہ پہلے ہی شادی شدہ تھے اور 4 بچوں کے والد بھی تھے تاہم کچھ ہی وقت میں دونوں نے شادی کا فیصلہ کرلیا۔

یاد رہے کہ دھرمیندر نے پہلے پرکاش کور سے شادی کی تھی، جن سے ان کے چار بچے سنی دیول، بوبی دیول، وجیتا دیول اور اجیتا دیول تھے جبکہ ہیما مالنی انکی دوسری بیوی ہیں جن سے ان کے دو بچے ابھے دیول اور ایشا دیول ہیں۔

موزمبیق میں پرتشدد مظاہرے، جیل توڑ کر 1500 قیدی فرار، 33 ہلاک

پرتگالی بولنے والے افریقی ملک موزمبیق کے دارالحکومت کی ایک جیل کے اندر مبینہ طور پر ہنگامہ آرائی میں کم از کم 33 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے ہیں جب کہ 1500 سے زائد قیدی فرار ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق پولیس جنرل کمانڈر برنارڈینو رافیل  نے ایک میڈیا بریفنگ میں بتایا جیل تصادم کے نتیجے میں 33 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوئے، 1500 قیدی فرار ہوگئے، فرار ہونے والے 150 قیدیوں کو دوبارہ پکڑ لیا گیا ہے۔

انہوں نے جیل کے باہر ہونے والے مظاہروں کو جیل فسادات کی حوصلہ افزائی کا باعث قرار دیا۔

دوسری جانب وزیر انصاف نے مقامی نجی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ بےامنی جیل کے اندر سے شروع ہوئی تھی اور اس کا باہر کے احتجاج سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت واضح نہیں ہو سکی۔

ساؤتھ افریقن براڈکاسٹنگ کارپوریشن (ایس اے بی سی) کی ایک رپورٹ میں کہا گیا  کہ قیدیوں نے جیل کے محافظوں کو قابو کرکے ان کی اے 47 رائفلیں چھین لیں اور اصلاحی مرکز سے فرار ہو گئے۔

گزشتہ روز  وزیر داخلہ  نے کہا تھا کہ  موزمبیق کی اعلیٰ عدالت کی جانب سے متنازع انتخابات میں حکمران جماعت فریلیمو کی جیت کی تصدیق کے بعد سے شروع ہونے والی بے امنی میں کم از کم 21 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

وفاقی دارلحکومت میں یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ اور ترکش کلچر سینٹر کا افتتاح

وفاقی دارلحکومت میں یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ اور ترکش کلچر سینٹر کا افتتاح کردیا گیا۔

اسلام آباد میں یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ اور ترکش کلچر سینٹر کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے خصوصی خطاب کیا۔

 انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہرا لگاؤ اور محبت ہے، جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی کسی سرحد یا اچھے برے حالات کی محتاج نہیں ہے۔ دونوں ممالک مذہب اور ثقافت کے ذریعے بھی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے ترکیہ کی جانب سے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں سیاحتی اور ثقافتی شعبے میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ثقافتی تبادلوں کو بڑھانے اور عوامی رابطوں کے فروغ سے پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ وزیر اطلاعات نے دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کے شعبے میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔

پہلا ٹیسٹ؛ پاکستان کی جنوبی افریقا کے خلاف بیٹنگ جاری

باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کی جنوبی افریقا کے خلاف بیٹنگ جاری ہے، اوپنرز شان مسعود اور صائم ایوب وکٹ پر موجود ہیں۔

دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ سینچورین میں کھیلا جا رہا ہے۔ دونوں ٹیمیں چار فاسٹ بولر کے ساتھ میچ کھیل رہی ہیں، پلینگ الیون میں کوئی اسپیشلسٹ سپنر شامل نہیں۔

میزبان ٹیم کی جانب سے ایڈن مارکرم اور مہمان ٹیم کی جانب سے سلمان علی آغا اسپن بولنگ کروائیں گے۔

جنوبی افریقا کی طرف سے کوربن بوش نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا ہے۔

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں رسائی کے لیے جنوبی افریقا کے لیے ایک ٹیسٹ جیتنا ضروری ہے۔

پاکستان الیون

کپتان شان مسعود، صائم ایوب، بابراعظم، کامران غلام، محمد رضوان، سعود شکیل، سلمان علی آغا، عامر جمال، نسیم شاہ، خرم شہزاد اور محمد عباس۔

جنوبی افریقا الیون

کپتان ٹیمبا بووما، ٹونی ڈی زورزی، ایڈن مارکرم، ریان رکیلٹن، ٹرسٹن اسٹبس، ڈیوڈ بیڈنگھم، کائل ویرین، مارکو جانسن، کاگیسو ربادا، ڈین پیٹرسن، کوربن بوش۔