All posts by Khabrain News

محکمہ موسمیات کی شہر میں وقفے وقفے سے بارش برسنے کی پیشگوئی

شہر لاہور کا موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور افق پر بادلوں کے ڈیرے جم گئے ہیں جبکہ ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 17 اور زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ہوا کی رفتار 10 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 57 فیصد تک جا پہنچا ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج اور کل شہر میں وقفے وقفے سے بارش برسنے کا امکان ہے، جس سے موسم مزید خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔

سیکیورٹی خدشات کے باعث این اے 256 خضدار میں ضمنی الیکشن ملتوی

سیکیورٹی صورتحال کے باعث 5 اپریل کا الیکشن شیڈول معطل کیا گیا

الیکشن کمیشن نے سیکیورٹی خدشات کے باعث خضدار میں قومی اسمبلی کی نشست پر ہونے والا ضمنی الیکشن ملتوی کردیا۔

الیکشن کمیشن نے این اے 256 خضدار میں ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ بلوچستان حکومت نے حساس اداروں کی رپورٹ کی بنیاد پر الیکشن کمیشن سے پولنگ ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سیکیورٹی صورتحال کے باعث 5 اپریل کو ہونے والا الیکشن شیڈول معطل کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری اور آئی جی بلوچستان کو بھی بریفنگ کیلئے طلب کرلیا ہے۔ خضدار ضمنی انتخاب کا نیا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔

اوگرا نے ایل پی جی کی اضافی قیمت کی وصولی کا نوٹس لے لیا

کمپنیوں کو سرکاری ریٹ لسٹ کی خلاف ورزی پر ایکشن کا عندیہ

اوگرا نے ملک میں ایل پی جی کی اضافی قیمت کی وصولی کا نوٹس لے لیا۔ تمام کمپنیوں کو سرکاری ریٹ لسٹ کی خلاف ورزی پر ایکشن کا عندیہ دیدیا۔

ترجمان اوگرا کے مطابق ایل پی جی سیکٹر کی مانیٹرنگ سخت کردی ہے، اوگرا نے  ملک بھر میں فیلڈ انسپکشنز شروع کر دی ہیں، مارچ 2026 کی مقررہ قیمتوں پر فروخت یقینی بنائی جائے، تمام صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کو کارروائی کی ہدایت کردی گئی ہے۔

بیان کے مطابق ایل پی جی مارکیٹ میں اوورچارجنگ برداشت نہیں کی جائے گی، مارچ کے لیے ایل پی جی کی قیمت فی کلو 225 روپے مقرر ہے۔ مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت 400 سے 450 روپے وصول کی جارہی ہے جبکہ روپے 2665 والال گھریلو سیلنڈر 5 ہزار روپے تک فروخت ہورہا ہے۔

ٹرمپ کا ایران سے یورینیئم نکالنے کے آپریشن پر غور

وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ایران سے ایک ہزار پاؤنڈ وزنی یورینیئم نکالنے کے لیے فوجی آپریشن پر غور کر رہے ہیں۔

 

رپورٹ میں سکیورٹی اہلکاروں کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ اس آپریشن میں امریکی فوج کئی دنوں یا طویل عرصے تک‘ ایران میں رہ سکتی ہے۔

 

ٹرمپ نے تاحال اس بارے میں فیصلہ نہیں کیا مگر وہ اس پر غور کر رہے ہیں کیونکہ اس سے ایران کو ایٹمی ہتھیار بنانے سے روکنے کا مرکزی ہدف حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

 

نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق خطے میں تعینات فوجی دستوں کو اصفہان میں جوہری تنصیبات پر موجود افزودہ یورینیئم حاصل کرنے کے مشن میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ لیکن انھیں جزیرہ خارگ یا آبنائے ہرمز کے تحفظ کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے اس ماہ کے اوائل میں رپورٹ کیا تھا کہ یہ سمجھا جاتا ہے کہ اصفہان کے پہاڑ کے اندر جوہری ہتھیار بنانے کے لیے مواد رکھا گیا ہے جسے ضبط کر کے تباہ کرنے کے امریکی آپریشن پر ٹرمپ غور کر رہے ہیں۔

 

گزشتہ رات ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران یہ مواد حوالے کرنے کے لیے تیار ہے اور اگر وہ ایسا نہیں کرے گا تو اس کے پاس ملک ہی نہیں بچے گا۔

سونا آج بھی 3900 روپے فی تولہ مہنگا ہوگیا

کراچی: ملک بھر میں سونے کی قیمت میں 3900 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولر ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں سونے کی قیمت میں فی تولہ 3 ہزار 900 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 4 لاکھ 75 ہزار962 روپے ہوگئی ہے۔

اسی طرح 10گرام سونےکی قیمت 3ہزار 343روپے بڑھ کر 4لاکھ8ہزار 60روپے ہوگئی۔

دوسری جانب عالمی بازارمیں سونے کی قیمت39 ڈالر بڑھ کر 4533 ڈالر فی اونس ہے۔

نئے فارمولے کے تحت فکسڈ چارجز، بجلی صارفین کا بل کئی گنا بڑھ گیا

اسلام آباد: بجلی کے فکسڈ چارجز کو کھپت کے بجائے لوڈ سے منسلک کرنے کے فیصلے کے بعد ملک بھر کے صارفین کے بجلی بل کئی گنا بڑھ گئے۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے جنوری 2026 سے نئے ٹیرف میں فکسڈ چارجز لوڈ کی بنیاد پر عائد کرنے کی منظوری دی تھی جب کہ اس سے قبل یہ چارجز ماہانہ بجلی کھپت کے مطابق وصول کیے جاتے تھے۔

نیپرا نے وفاقی حکومت کی درخواست پر گھریلو صارفین کے لیے ماہانہ فی کلوواٹ کی بنیاد پر فکسڈ چارجز لگانے کی اجازت دی جس کے تحت لائف لائن صارفین کے علاوہ تمام گھریلو صارفین پر فکسڈ چارجز لاگو کردیے گئے۔

یہ منظوری تمام پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے دی گئی جب کہ نئے فارمولے میں لوڈ سے منسلک ہونے سے بل میں فکسڈ چارجز بوجھ کئی گنا ہوگیا۔

نئے فارمولے میں مختلف گھریلو سلیبز کے لیے 200 روپے فی کلو واٹ سے 675 روپے ماہانہ تک فکسڈ چارجز کی منظوری دی گئی ہے جب کہ اس سے قبل فکسڈ چارجز صرف 300 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر کھپت کے مطابق لاگو ہوتے تھے۔

پرانے فارمولے کے مطابق فکسڈ چارجز کم سے کم 200 اور زیادہ سے زیادہ 1000روپے تھے جب کہ نئے فارمولے میں متعلقہ سلیب فکسڈ چارجز کیلئے متعلقہ لوڈ کے مطابق بنے گا۔

اگرکسی صارف کا لوڈ 5 کلوواٹ ہے تو اس کےچارجز ایک ہزار سے 3375 روپے تک ہوسکتے ہیں جب کہ بڑے سلیب میں جانے اور زیادہ لوڈ ہونے سے چارجز کا اضافہ ہو رہا ہے۔

بلوچستان میں شدید بارشیں، ژوب ڈیرہ قومی شاہراہ سیلاب میں بہہ گئی

ژوب سے ڈیرہ اسماعیل خان جانے والی مصروف قومی شاہراہ رات گئے ایک دل دہلا دینے والے سیلابی ریلے کا شکار ہوگئی۔

 

گنڈی عاشق کے مقام پر ندی نالوں میں طغیانی سے سڑک زد میں آگئی جس کے نتیجے میں ٹریفک بالکل مفلوج ہو کر رہ گیا، رات بھر جاری تیز بارش نے علاقے کے خشک نالوں کو بھر دیا اور اچانک سیلابی پانی قومی شاہراہ پر اُتر آیا۔

 

گنڈی عاشق کا مقام، جو پہلے ہی قدرتی طور پر کمزور سمجھا جاتا ہے، اس بار پانی کی شدت سے مکمل طور پر ڈوب گیا۔

عینی شاہدین بتاتے ہیں کہ پانی کی تیز رفتار لہریں گاڑیوں کے ٹائروں تک پہنچ گئیں اور کئی گاڑیاں پانی میں پھنس کر کھڑی ہو گئیں، جائے وقوع کا منظر دل دہلا دینے والا تھا جہاں ایک طرف ٹریفک کی لمبی قطاریں، جن میں بسیں، ٹرک، گاڑیاں اور موٹر سائیکلز شامل تھیں۔

 

مسافر گاڑیوں سے باہر نکل کر ایک دوسرے سے حالات پوچھتے، بچے رو رہے تھے، خواتین پریشان تھیں اور بوڑھے لوگ تھکاوٹ سے بیٹھے ہوئے تھے، ہوا میں بارش کی بو، پانی کی آواز اور مسافروں کی بے چینی کا شور گونج رہا تھا۔

متاثرہ مسافر   بتایا کہ صبح سویرے ہم اپنے پورے خاندان سمیت ڈیرہ اسماعیل خان جا رہے تھے کہ اچانک سامنے پانی کا طوفان نظر آیا، گھنٹوں سے یہاں پھنسے ہوئے ہیں، بچوں کا کھانا پانی ختم ہو گیا ہے جبکہ موبائل کی بیٹری بھی ڈاؤن ہے۔ اللہ ہی رحم کرے۔

 

دوسری جانب ایک خاتون مسافر نے روتے ہوئے بتایا کہ میں اپنی بیٹی کو ڈاکٹر کے پاس لے کر جا رہی تھی، اب کیا کروں؟ راستہ بند ہے، کوئی مددگار نہیں۔

 

ضلعی انتظامیہ، قومی شاہراہ اتھارٹی این ایچ اے اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئیں، بھاری مشینری، بلڈوزر اور مزدوروں کی ٹولیاں لگائی گئی ہیں تاکہ پانی کو نکال کر روڈ کو جلد از جلد کھولا جا سکے۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مکمل نگرانی ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ دوپہر تک ٹریفک بحال ہو جائے  تاہم ابھی تک پانی کی سطح زیادہ ہے اور گاڑیوں کی آمدورفت ناممکن ہے۔

 

حکام نے تمام مسافروں سے سخت اپیل کی ہے کہ وہ بغیر تصدیق کے اس روٹ پر نہ نکلیں، متبادل راستوں کا استعمال کریں۔

صدر آصف زرداری کا چینی سفارتخانے کا غیر اعلانیہ دورہ

صدر مملکت آصف علی زرداری نے گزشتہ رات چینی سفارتخانے کا غیر اعلانیہ دورہ کیا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے چین کے سفارتخانے کا دورہ اسلام آباد میں چار ملکی مذاکرات مکمل ہونے کے بعد کیا۔

صدارتی ترجمان کی جانب سے کسی بھی قسم کے دورے یا ملاقات کے ہونے یا نہ ہونے سے متعلق تردید یا تصدیق سے گریز کیا گیا ہے۔

صدارتی ترجمان کا کہنا ہے پالیسی کے مطابق کسی بھی ملاقات کے ہونے سے قبل آگاہی فراہم نہیں کی جاتی، ملاقات ہونے کی صورت میں میں پریس ریلیز اور ویڈیو جاری کردی جاتی ہے۔

تعلیمی ادارے یکم اپریل سے کھلیں گے،ہفتے میں پانچ دن کلاسز ہوں گی:رانا سکندر حیات

 رانا سکندر حیات نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب بھر کے تمام تعلیمی ادارے یکم اپریل سے معمول کے مطابق کھل جائیں گے۔

صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں ہائبرڈ نظام نافذ نہیں کیا جائے گا اور ہفتے میں 3 یا 4 دن کلاسز لینے کی تجویز مسترد کر دی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے بھر میں ہفتے کے 5 دن باقاعدہ تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔

رانا سکندر حیات کے مطابق میٹرک امتحانات کے 246 مراکز کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تعلیمی کیلنڈر میں بھی تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں، جس سے آئندہ سال امتحانات دینے والے طلبہ کو بہتر تیاری کا موقع ملے گا۔

سرکاری اسکولوں کو یکم اپریل تک نتائج جاری کرنے کی ہدایت

محکمہ تعلیم نے سرکاری اسکولوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ پہلی سے ساتویں جماعت تک کے نتائج یکم اپریل کو جاری کیے جائیں۔

پیکٹاء حکام کے مطابق تمام اسکولز 31 مارچ تک نتائج کو پیکٹاء کی ویب سائٹ پر آن لائن اپ لوڈ کریں گے، جبکہ یکم اپریل کو اساتذہ میٹنگ کے ساتھ والدین کو نتائج فراہم کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق آٹھویں جماعت کے بورڈ کے نتائج بھی سالانہ رزلٹ کے ساتھ 9 اپریل تک جاری کیے جانے کا امکان ہے۔