All posts by Khabrain News

نیتن یاہو کی اہلیہ کیخلاف سیاسی مخالفین کو ہراساں کرنے کی تحقیقات شروع

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی اہلیہ پر سیاسی مخالفین کو ہراساں کرنے پرتحقیقات شروع کردی گئیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے اٹارنی جنرل نے سارہ نیتن یاہو کے خلاف تحقیقات کا آغاز کرنے کا حکم دیا۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی اہلیہ پر الزام ہے کہ انہوں نے شوہر کے خلاف بدعنوانی کے مقدمے میں سیاسی مخالفین اور گواہوں کو ہراساں کیا۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزارت انصاف نے جمعرات کی رات گئے جاری بیان میں کہا کہ سارہ نیتن یاہو کے خلاف  ٹیلی ویژن پروگرام میں چلنے والی رپورٹ کی بنیاد پر تحقیقات کی جائیں گی۔ اس پروگرام میں سارہ نیتن یاہو کے واٹس ایپ پیغامات دکھائے گئے ہیں جن میں وہ ایک سابق مشیر سے سیاسی مخالفین کے خلاف مظاہرے کروانے اور مقدمے کے اہم گوہ ہداس کلین کو ڈرانے دھمکانے کا کہہ رہی ہیں۔

محکمہ انصاف کی جانب سے جاری بیان میں نیتن یاہو کی اہلیہ کا نام نہیں لیے بغیر تحقیقات کا اعلان کیا گیا ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم کی اہلیہ سارہ نے ٹی وی پروگرام کی رپورٹ کو جھوٹ قرار دیا ہے۔

کامران غلام کی وکٹ کیپر اور ربادا سے تلخ کلامی کی ویڈیو وائرل

باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے پہلے روز قومی ٹیم کے بیٹر کامران غلام کی جنوبی افریقی وکٹ کیپر اور کگیسو ربادا سے تلخ کلامی کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

سینچورین میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز قومی ٹیم محض 211 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی تھی، پاکستان کی جانب سے کامران غلام نے سب سے زیادہ 54 رنز بنائے تھے۔

میچ کے دوران کامران غلام اور کگیسو ربادا کے درمیان اسوقت تلخ کلامی ہوئی جب سائیڈ اسکرین کے سامنے سے 2 افراد گزر رہے تھے تو بیٹر نے بالر کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر ربادا بھڑک اُٹھے اور دونوں کرکٹرز میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔

بعدازاں جنوبی افریقی وکٹ کیپر کائل ویرین اور کامران غلام کے درمیان بھی بحث ہوئی جس پر دونوں نے ایک دوسرے کو کھری کھری سنائیں، بعدازاں کامران غلام وکٹ گنوابیٹھے۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا، جنوبی افریقا اور انگلینڈ کے کرکٹرز حریف ٹیموں کو دباؤ میں لانے کیلئے تلخ جملوں کا سہارا لیتے ہیں تاکہ پریشر بڑھا کر وکٹ حاصل کی جاسکے۔

لاہور ہائیکورٹ نے نئے اسکولوں کی رجسٹریشن بسوں کی پالیسی سے مشروط کردی

ہائی کورٹ نے نئے اسکولوں کی رجسٹریشن کو بسوں کی پالیسی کے ساتھ مشروط کردیا۔

اسموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں  پر سماعت لاہور ہائی کورٹ میں ہوئی، جس میں عادلت نے نئے اسکولوں کی رجسٹریشن کو اسکول بسوں کی پالیسی کے ساتھ مشروط کر دیا۔

جسٹس شاہد کریم نے دوران سماعت ریمارکس دیے کہ اسکولوں کی رجسٹریشن میں اسکول بسوں کو لازمی قرار دیں۔ نئے اسکولوں کی رجسٹریشن بند کریں، ہر اسکول کو یہ پالیسی اپنانا ہوگی۔ 30 دسمبر تک اس حوالے سے پالیسی رپورٹ جمع کروائیں۔

عدالت نے دوران سماعت استفسار کیا کہ 50 فیصد بچوں کے لیے بسیں شروع کرنے کے عدالتی حکم پر عمل کیوں نہیں ہوا۔ بچوں کی اسکولز بسوں کے لیے اقدامات کیوں نہیں کیے گئے۔ عدالت نے کہا کہ سیکرٹری اسکولز نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی ہے۔ بسوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ سے متعلق تمام ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں۔

ممبر جوڈیشل کمیشن نے عدالت میں بتایا کہ ہم نے ایم ڈی واسا کو کہا ہے کہ واٹر میٹر کے کام کو پھر سے شروع کریں، جس پر واسا کے وکیل نے بتایا کہ  ہمارے چائینیز کمپنی کے ساتھ پیسوں کے مسائل تھے۔ چائنیز کمپنی یہاں اکاؤنٹ کھلوانا چاہتی تھی۔

جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ یہ کام بہت تاخیر کا شکار ہو چکا ہے، اس کو جلدی شروع کریں۔ اگلے ایک ماہ میں پھر سے اسموگ شروع ہو جائے گی۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 30 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

اسکول میں چھٹی کروانے کیلیے 14 سالہ لڑکے نے دوسری جماعت کے طالبعلم کو قتل کردیا

بھارت میں اسکول میں چھٹی کروانے کے لیے 14 سالہ طالبعلم نے دوسری جماعت کے طالب علم کو قتل کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع ہاتھرس میں 14 سالہ بچے نے اپنے ہی اسکول میں دوسری جماعت میں پڑھنے والے بچے کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچے نے اسکول میں چھٹی کروانے کے لیے دوسری جماعت کے 9 سالہ طالب علم کو گلے میں تولیہ ڈال کر گلا گھونٹ کر قتل کیا۔ ملزم بچے نے اپنا جرم قبول کرلیا۔ ملزم طالب علم کا پڑھنے میں دل نہیں لگتا تھا اور قتل کرنے سے پہلے ملزم نے اپنے موبائل پر کافی تحقیق کی تھی کہ اسکول کو کیسے بند کروایا جا سکتا ہے۔ جب اس کو معلوم ہوا کہ کسی ساتھی طالبعلم کی اس طرح موت ہونے سے اسکول بند ہو سکتا ہے تو اس نے اس قتل کا منصوبہ تیار کیا۔

پولیس کے مطابق طالب علم کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب اس نے تفتیشی افسر کے سامنے اقبال جرم کیا۔ اس نے سوچا تھا کہ طالبعلم کی موت سے اسکول بند ہو جائے گا اور اسے کلاس نہیں جانا پڑے گا۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ قتل کے واقعے کی تقتیش کے دوران انھیں کچھ سراغ ملے۔ اسکول کے بعض بچوں نے بتایا کہ ملزم طالبعلم نے ان سے پوچھا تھا کہ اسکول میں کس طرح چھٹی کروائی جا سکتی ہے کیونکہ وہ ہاسٹل میں نہیں رہنا چاہتا تھا اورگھر واپس جانا چاہتا تھا۔  کچھ طلبہ نے اسے تولیہ چھپاتے ہوئے بھی دیکھا تھا۔

معاملے کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ فی الحال 14 سالہ آٹھویں درجے کے ملزم طالب علم کو بچوں کے اصلاحی مرکز میں بھیج دیا گیا ہے۔ قتل کا یہ معاملہ تین مہینے پرانا ہے۔ پولیس کی اس ابتدائی تفتیش سے دور دور تک سنسنی پھیل گئی تھی کہ بورڈنگ سکول کا نو سالہ بچہ کیسے قتل ہو گیا۔ پولیس نے بچے کی لاش 26 ستمبر کو اسکول کے ڈائریکٹر کی کار سے برآمد کی تھی۔ پولیس نے مقتول بچے کے والد کی شکایت پر ڈائریکٹر، ان کے والد اوراسکول کے تین ٹیچرز کو گرفتار کیا تھا۔

عالمی امن و خوشحالی کیلیے پاکستان چین ملکر کام کر سکتے ہیں، وزیر اعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان اور ماؤزے تنگ نے جدید چین کی بنیاد رکھی، پاکستان اورچین کے تاریخی تعلقات باہمی احترام اور اعتماد کی بنیاد پر استوار ہیں۔

پاکستان اور چین کی آل ویدر اسٹرٹیجک پارٹنر شپ نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے، عالمی امن و خوشحالی کیلیے پاکستان اور چین مل کر کام کر سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ممتاز چینی آرٹسٹ، مجسمہ ساز ماسٹر یوآن شیکم سے ملاقات اور25 دسمبرکو قائد اعظم اور26 دسمبر کو ماؤزے تنگ کی سالگرہ کی مناسبت سے  ان کے مجسموں کی نقاب کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر چیئرمین ماؤزے تنگ کی بھتیجی مادام ما شیا چنگ بھی موجود تھیں۔ وزیراعظم نے قائد اعظم اور چیئرمین ماؤ کے شاندار سکلپچرز بنانے پر ماسٹر یوآن کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا یہ تقریب تاریخی ہے، دونوں رہنماؤں کے مجسمے ماسٹر یوآن کی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی تعلقات باہمی احترام و اعتماد پر مبنی ہیں، چین اور پاکستان دونوں قدیم تاریخی ورثوں کے امین ہیں۔

ہمار ی تہذیبیں ہزاروں سال پرانی ہیں۔ رواں سال جون میں اپنے دورہ چین کے دوران شیان میں ٹیرا کوٹا واریئرز میوزیم جانے کا اتفاق ہوا جو کہ انتہائی متاثر کن تاریخی ورثہ اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان وادی سندھ کی قدیم ترین تاریخ کا مسکن ہے ۔موہنجو دڑو اور ہڑپہ میں ہزاروں سال پرانی انسانی تاریخ پنہاں ہے، رواں سال چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ کے پاکستان کے دورہ سے دونوں ممالک کے مثالی تعلقات مزید مستحکم ہوئے۔

سی پیک سے لے کر دفاع اور دفاعی پیداوار اور زراعت کے شعبوں میں تعاون میں مزید بہتری آ رہی ہے،پاکستان سے زراعت کے شعبے کے گریجویٹ کا پہلا بیچ چینی زرعی یونیورسٹیوں میں تربیت اور تحقیق کی غرض سے جلد چین روانہ ہو گا۔

وزیراعظم نے بانی پاکستان اور چیئرمین ماؤ کے مجسموں کو قیمتی تحفے قرار دیا۔

قبل ازیں یوآن نے شہباز شریف کو اپنے بنائے ہوئے دونوں رہنماؤں کے مجسموں کا تحفہ پیش کیا۔

علاوہ ازیں شہباز شریف آذربائیجان کے سفارت خانے گئے اور آذربائیجان کے سفیر سے ملاقات کی۔

انہوں نے آذربائیجان کے ہوائی جہاز کو پیش آنیوالے حادثے اور اس میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے کہا دکھ کی اس گھڑی میں حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام آذربائیجان کے بھائیوں اور بہنوں کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکرتے ہیں۔

پاکستان اور چین کی آل ویدر اسٹرٹیجک پارٹنر شپ نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے، عالمی امن و خوشحالی کیلیے پاکستان اور چین مل کر کام کر سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ممتاز چینی آرٹسٹ، مجسمہ ساز ماسٹر یوآن شیکم سے ملاقات اور25 دسمبرکو قائد اعظم اور26 دسمبر کو ماؤزے تنگ کی سالگرہ کی مناسبت سے  ان کے مجسموں کی نقاب کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر چیئرمین ماؤزے تنگ کی بھتیجی مادام ما شیا چنگ بھی موجود تھیں۔ وزیراعظم نے قائد اعظم اور چیئرمین ماؤ کے شاندار سکلپچرز بنانے پر ماسٹر یوآن کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا یہ تقریب تاریخی ہے، دونوں رہنماؤں کے مجسمے ماسٹر یوآن کی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی تعلقات باہمی احترام و اعتماد پر مبنی ہیں، چین اور پاکستان دونوں قدیم تاریخی ورثوں کے امین ہیں۔

ہمار ی تہذیبیں ہزاروں سال پرانی ہیں۔ رواں سال جون میں اپنے دورہ چین کے دوران شیان میں ٹیرا کوٹا واریئرز میوزیم جانے کا اتفاق ہوا جو کہ انتہائی متاثر کن تاریخی ورثہ اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان وادی سندھ کی قدیم ترین تاریخ کا مسکن ہے ۔موہنجو دڑو اور ہڑپہ میں ہزاروں سال پرانی انسانی تاریخ پنہاں ہے، رواں سال چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ کے پاکستان کے دورہ سے دونوں ممالک کے مثالی تعلقات مزید مستحکم ہوئے۔

سی پیک سے لے کر دفاع اور دفاعی پیداوار اور زراعت کے شعبوں میں تعاون میں مزید بہتری آ رہی ہے،پاکستان سے زراعت کے شعبے کے گریجویٹ کا پہلا بیچ چینی زرعی یونیورسٹیوں میں تربیت اور تحقیق کی غرض سے جلد چین روانہ ہو گا۔

وزیراعظم نے بانی پاکستان اور چیئرمین ماؤ کے مجسموں کو قیمتی تحفے قرار دیا۔

قبل ازیں ماسٹر یوآن نے شہباز شریف کو اپنے بنائے ہوئے دونوں رہنماؤں کے مجسموں کا تحفہ پیش کیا۔

علاوہ ازیں شہباز شریف آذربائیجان کے سفارت خانے گئے اور آذربائیجان کے سفیر سے ملاقات کی۔

انہوں نے آذربائیجان کے ہوائی جہاز کو پیش آنیوالے حادثے اور اس میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے کہا دکھ کی اس گھڑی میں حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام آذربائیجان کے بھائیوں اور بہنوں کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکرتے ہیں۔

عدالت کا پی ٹی آئی کے مغوی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کو 10 روز میں بازیاب کرانے کا حکم

لاہور ہائی کورٹ  نے  پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ایکٹوسٹ شایان بشیر کو 10 روز میں بازیاب کروانے کی ہدایت کردی۔

لاہور ہائی کورٹ میں  پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ایکٹوسٹ شایان بشیر کی بازیابی کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس طارق ندیم نے مغوی کی اہلیہ علیشا نوید کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار کی جانب سے سمیر کھوسہ ایڈووکیٹ پیش ہوئے،اور مؤقف اپنایا کہ شایان بشیر کو گھر سے نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا ہے،  انہوں نے عدالت عالیہ سے استدعا کی کہ  وہ مغوی شایان بشیر کو بازیاب کروانے کا حکم دے۔

دوران سماعت پولیس نے بتایا کہ مغوی کی گمشدگی کے حوالے سے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

فریقین کا مؤقف سننے کے بعد  لاہور ہائی کورٹ نے نے ایس پی انوسٹی گیشن لاہور کو 10 روز میں مغوی کو بازیاب کروانے کی ہدایت کردی۔

گھریلو صارفین اولین ترجیح؛ وزیراعظم کا گیس سپلائی میں کمی کی شکایات پر نوٹس

وزیراعظم نے ملک میں گیس سپلائی میں کمی کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے گھریلو صارفین کو بلاتعطل گیس فراہمی کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں گیس سپلائی کے حوالے سے  جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وزیر اعظم نے گھریلو صارفین کو گیس سپلائی میں کمی کی شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ موسم سرما میں گھریلو صارفین کو گیس کی بلا تعطل فراہمی کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم نے سسٹم کی ساخت میں اصلاحات لانے کی ہدایت  کی تاکہ اس  مسئلے کو مستقل طور پر حل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ گھریلو صارفین کو  گیس کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ  سسٹم میں سرپلس آر ایل این جی موجود ہے، جس کی وجہ سے گیس لوڈ مینجمنٹ میں پچھلے سال کی نسبت بہتری آئی ہے۔ پچھلے سال کی نسبت اس سال گیس لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم ہے۔ گھریلو صارفین کو صبح 5 بجے سے رات 10 بجے تک گیس فراہم کی جارہی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاور سیکٹر کو بھی گیس ڈیمانڈ کے مطابق دی جا رہی ہے۔ صارفین کی شکایات کے حوالے سے ایس این جی پی ایل اور ایس ایس جی سی کے  آن لائن ڈیش بورڈز کام کر رہے ہیں۔ ایس این جی پی ایل کی شکایات کو حل کرنے کی شرح 93 فیصد جب کہ ایس ایس جی سی کی شرح 79 فیصد ہے جب کہ  ملک کی تمام گیس فیلڈز فعال ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، وزیراعظم  کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔

اسٹاک ایکسچینج میں مندی کے بعد تیزی، انڈیکس کی ایک لاکھ 11 ہزار پوائنٹس کی سطح بحال

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک دن کی  مندی کے بعد آج تیزی کا رجحان ہے، جس کے سبب انڈیکس کی ایک لاکھ 11 ہزار پوائنٹس کی سطح بحال ہو گئی۔

کاروباری ہفتے کے آخری روز بازار حصص میں ابتدا ہی سے تیزی کا رجحان ہے، جب مارکیٹ کا آغاز 608 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ ہونے سے کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر 111031 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

گزشتہ روز (جمعرات کو ) پی ایس ایکس میں مجموعی طور پر مندی کا رجحان رہا تھا، جس کے سبب انڈیکس ایک لاکھ 10 ہزار پوائنٹس  کی سطح پر بند ہوا تھا۔

آج جمعہ کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھی  جا رہی ہے اور 1179 پوائنٹس کی بڑی تیزی کے سبب ایک لاکھ 11 ہزار پوائنٹس کی سطح بحال ہونے سے 100 انڈیکس بڑھ کر 111602 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ چکا ہے۔

امریکی صدر کا یوکرین کو ہتھیاروں، گولہ بارود کی سپلائی بڑھانے کا حکم

امریکا کے صدر جو بائیڈن نے یوکرین کو ہتھیاروں اور گولہ بارود کی سپلائی بڑھانے کا حکم دے دیا۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سروس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے امریکی محکمہ دفاع سے کہا  ہے کہ وہ یوکرین کو امریکی ہتھیاروں اور گولہ بارود کی سپلائی کو بڑھاتا رہے۔ امریکا نے حالیہ مہینوں میں یوکرین کو سینکڑوں فضائی دفاعی میزائل فراہم کئے ہیں اور مزید کی فراہمی جاری ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صدر جو بائیڈن نے محکمہ دفاع کو ہدایت کی ہے کہ وہ یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی میں اضافہ جاری رکھے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امریکا یوکرین کےدفاع کو مضبوط بنانے کے لئے کام جاری رکھے گا۔

وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے 2 دسمبر کو کہا تھا کہ جنوری 2025 کے وسط تک یوکرین حکومت کو دی جانے والی امریکی فوجی امداد میں لاکھوں توپ کے گولے اور میزائل شامل ہوں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر آج اہم پریس کانفرنس کریں گے

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری آج اہم پریس کانفرنس کریں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کی اہم پریس کانفرنس  دوپہر 2  بج کر 30 منٹ پر ہوگی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر اہم پریس کانفرنس میں ملکی سلامتی، سیکیورٹی صورتحال اور دیگر اہم امور پر بات چیت کریں گے۔