All posts by Khabrain News

کراچی میں جاری دفاعی نمائش میں ملکی سطح پرتیارکیا گیا ریموٹ کنٹرول روبوٹ متعارف

ایکسپوسینٹرکراچی میں جاری دفاعی نمائش میں پہلی مرتبہ ملکی سطح پرتیارکیا گیا ریموٹ کنٹرول روبوٹ ’حیدرکرار‘متعارف کروادیا گیا، روبوٹ بیک وقت 300 سے500راؤنڈ کواپنے ساتھ لے جانےکی صلاحیت کا حامل ہے۔

کراچی ایکسپوسینٹرمیں جاری دفاعی نمائش میں نیشنل ریڈیوٹیلی کمونیکیشن کارپوریشن کی جانب سے ملکی سطح پرتیارکیا گیا روبوٹ ’ حیدرکرار‘ پہلی مرتبہ متعارف کروادیا گیا،چھوٹے سائزکے جنگی ٹینک سے مشابہت رکھنے والےروبوٹ پرسیون پوائنٹ سکس ٹوکی انتہائی مہلک گن نصب ہے،ہائیبرڈ ٹیکنالوجی کے حامل اس روبوٹ کوگراونڈ اسٹیشن سے8 کلومیٹرتک ہدف کا نشانہ بنانے کے لیے بھیجا جاسکتا ہے،حیدرکرار روبوٹ بیک وقت 300 سے 500 راؤنڈز کو اپنے ساتھ لے جانے کی صلاحیت کا حامل ہے۔

ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ نیشنل ریڈیوٹیلی کمیونیکشن رضاحیدرکے مطابق ماڈرن وارفیئرکے حامل اس روبوٹ کوملٹری ضروریات کے پیش نظربنایا گیا ہے،جس کی تیاری کے دوران پاکستان کی فیلڈانوائرمنٹ کومدنظررکھاگیا ہے،20سے زائد انجینئرزکی محنت کے بعد یہ ایک جدید روبوٹ کی شکل تک پہنچا۔

ین آرٹی سی کے اسٹال پربارودی سرنگوں اوردیگراقسام کے بموں کو ناکارہ بنانے والاروبوٹ بھی توجہ کا مرکزہے جو40 پونڈ وزنی کسی بھی بارودی اشیا کو اٹھاکرڈی فیوزکرسکتا ہے،اس روبوٹ پرانتہائی ہائی ریزولیشن کیمرے نصب ہیں جو کسی بھی ٹارگٹ کی جانب بڑھتے ہوئے براہ راست مناظرگراؤنڈ اسٹیشن تک بھیج سکتا ہے۔

ان جنگی آلات کو قیمتی انسانی جانوں کوضائع ہونے سے بچانے کے لیے ایجاد کیا گیا ہے کیونکہ اس سے قبل یہ سارے کام انسانوں کے ذریعے کیے جاتے تھےجس کے دوران بہت ساری جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔

نیشنل ریڈیوٹیلی کمونیکیشن کے اسٹال پرموجود اسالٹ ڈرون بھی توجہ کا مرکزہے جو آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے کسی بھی ٹارگٹ کوٹریکنگ کے ذریعے لاک کرکے اس کونشانہ بنا سکتا ہے،اسالٹ ڈرون 60ملی میٹرکا گرنیڈ کسی بھی ٹارگٹ پرمارسکتا ہے،اسالٹ ڈرون 800میٹرزتک کی بلندی پراڑنے کی صلاحیت کا حامل ہے۔

نیشنل ریڈیوٹیلی کمونیکشن انتظامیہ کے مطابق اس سے قبل یہ دفاعی آلات بیرون ملک سے درآمد کیے جاتے تھے،جوملکی سطح پرتیارروبوٹ کے مقابلے میں کافی مہنگے پڑتےتھے۔

ابھیشیک اور ایشوریا کی علیحدگی کی افواہوں پر امیتابھ بچن کا سخت ردعمل

بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن نے اپنے بلاگ میں خاندان کے بارے میں چلنے والی افواہوں پر سخت الفاظ میں ردعمل دیا ہے۔ 

ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے بچن کے درمیان علیحدگی کی افواہیں سوشل میڈیا پر گرم ہیں، جن پر امیتابھ نے “غلط خبروں” اور “سوالیہ نشان والی معلومات” کے ذریعے ہونے والے نقصان پر روشنی ڈالی۔

اپنے تازہ بلاگ میں انہوں نے لکھا، “میں شاذ و نادر ہی اپنے خاندان کے بارے میں کچھ کہتا ہوں، کیونکہ یہ میری ذاتی زندگی کا حصہ ہے، جسے میں محفوظ رکھتا ہوں۔” مزید لکھتے ہوئے انہوں نے کہا، “قیاس آرائیاں صرف قیاس آرائیاں ہیں، یہ غیر تصدیق شدہ جھوٹ ہوتے ہیں، جو صرف پروفیشنل مقاصد کے لیے پھیلائی جاتی ہیں۔”

امیتابھ بچن نے اپنے بلاگ میں میڈیا پر بھی سخت تنقید کی اور کہا، “سوالیہ نشان کے ساتھ دی گئی معلومات، چاہے وہ غلط ہوں، قاری کے ذہن میں شکوک پیدا کرتی ہیں اور ایسے مواد کو بار بار دہرایا جاتا ہے۔ یہ مواد کے ذریعے تجارتی فائدے حاصل کرنے کا ایک ذریعہ بن چکا ہے۔”

چند دن پہلے ایشوریا نے اپنی بیٹی آرادھیا کی 13ویں سالگرہ کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جن میں ابھیشیک بچن کی غیر موجودگی نے ایک بار پھر قیاس آرائیوں کو ہوا دی۔ رپورٹس کے مطابق، ایشوریا رائے اپنی والدہ کے ساتھ رہ رہی ہیں۔

ان افواہوں کا آغاز اس وقت ہوا جب جولائی میں ایک اعلیٰ تقریب میں ابھیشیک اور ایشوریا نے الگ الگ انٹری دی۔ اس کے علاوہ، ابھیشیک نے انسٹاگرام پر “گری divorces” کے بارے میں ایک پوسٹ لائک کی، جس نے ان خبروں کو مزید بڑھاوا دیا۔

ایشین جونیئرکپ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے پاکستانی ٹیم مسقط روانہ

پاکستان کی 18 رکنی جونیئر ہاکی ٹیم ایشین جونیئر کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے عمان کے شہر مقسط روآنہ ہوگئی۔

عمان کے دارالحکومت مسقط میں 26 نومبرسے 4 دسمبر 2024 تک شیڈول 10 ٹیموں کے ایونٹ کوعالمی جونیئر کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ راونڈ کی حیثیت حاصل ہے، پہلی 6 پوزیشن پانے والی ٹیمیں ایف آئی ایف کے تحت اگلے برس ہونے والے عالمی جونیئر کپ میں شرکت کی حامل ہوں گی۔

ایشین جونیئرکپ کے لیے قومی جونیئر اسکواڈ کی قیادت عبدالحنان کر رہے ہیں، انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کا رائزنگ اسٹار ایوارڈ جیتنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی سفیان خان نائب کپتان ہیں۔

قومی جونیئر ہاکی اسکواڈ فیضان جنجوعہ، علی رضا( گول کیپرز)، سفیان خان، عقیل احمد، بلال اسلم، ندیم خان، محمد زین، وسیم، سمیع(ڈیفینڈرز)، ذکریا حیات، محمد احمد مدی، عبدالحنان شاہدِ(مڈ ڈیفینڈر)، مغیرہ، رانا ولید، حمزہ فیاض، بشارت، قیوم ڈوگر اور سیف اللہ( فارورڈز) پر مشتمل ہے۔

اولمپئین قمرابراہیم ہیڈ کوچ، اولمپئین کامران اشرف کوچ، اجمل خان منیجر اور ابوذر ویڈواینالسٹ ہیں۔

ایشین جونئیرکپ میں شریک 10 ٹیموں کو دوگروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے  دفاعی چیمپئین بھارت، جاپان، جنوبی کوریا، تھائی لینڈ اور چائینیز تائپے پر مشتمل ہے۔

گروپ بی میں پاکستان، بنگلا دیشں، چین، ملائشیا اور میزبان عمان کی ٹیمیں شامل ہیں۔

پاکستان اپنا پہلا گروپ میچ 27 نومبر کو چین کے خلاف کھیلے گا، اگلے روز دوسرے میچ میں بنگلا دیشں سے مقابلہ ہوگا، 30 نومبرکو قومی جونیئر ٹیم اپنے تیسرے میچ میں ملائشیا سے مقابلہ کرے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے 1988 میں کراچی میں ہونے والا پہلا ایشین جونیئرکپ جیتنے کے بعد 1992 اور پھر 1996 میں منعقدہ ایونٹ جیت کر مسلسل تین مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، پاکستان مجموعی طور پر7 مرتبہ ایشین جونیئر کپ کا فائنل کھیل چکا ہے۔

حکومت نے علی امین گنڈاپور کے ساتھ مذاکرات کیلئے رابطہ کیا ہے، اسد قیصر

پی ٹی آئی رہنما و سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکومت نے علی امین گنڈاپور کے ساتھ مذاکرات کیلئے رابطہ کیا ہے، اب پارٹی فیصلہ کرے گی کہ کس طرح اور کس حد تک مذاکرات کیے جائیں۔

صوابی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے علی امین گنڈاپور کے ساتھ مذاکرات کیلئے رابطہ ہوا ہے، بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور کو مذاکرات کی اجازت دی ہے، اب پارٹی اپنا فیصلہ کرے گی کہ وہ کس طرح اور کس حد تک مذاکرات کرنا چاہتی ہے۔

انہوں ںے کہا کہ اب دیکھنا یہ ہے کہ حکومت کتنی سنجیدہ ہے اور کتنی سنجیدگی سے اس ایجنڈے کو آگے بڑھاتی ہے، 24 نومبر کے احتجاج کیلئے ہم نے حکمت عملی تبدیل کی ہوئی ہے، پہلی دفعہ عوام میں بڑا جوش و خروش ہے، ہمارے صوابی سے اتنے لوگ ہونگے کہ اگر باقی علاقوں سے لوگ نہ بھی آئیں تو یہ کافی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پشاور، چارسدہ، مردان اور نوشہرہ کے کارکنان صوابی سے اسلام آباد جائیں گے، باقی اضلاع کے کارکنان مختلف روٹس سے ہوتے ہوئے اسلام آباد کی طرف مارچ کرینگے۔

اسد قیصر نے کہا کہ بشریٰ بی بی سے میری ملاقات ہوئی ہے، بشریٰ بی بی کے ساتھ ظلم ہوا، وہ 8 مہینے جیل میں رہیں، بشریٰ بی بی ہمارے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ اور غیرسیاسی خاتون ہیں، اس کے باوجود بشریٰ بی بی کے ساتھ جو کچھ ہوا، تو ان کا حق بنتا ہے کہ وہ اس تحریک میں اپنا کردار ادا کریں لیکن جو حکم اور ہدایات ملتی ہیں وہ صرف اور صرف بانی چیئرمین عمران خان سے ملتی ہیں۔

اسد قیصر نے کہا کہ تحریک انصاف سب سے بڑی سیاسی پارٹی ہے، ہمیں عوام نے مینڈیٹ دیا اور ہم سے یہ مینڈیٹ زبردستی چھینا گیا، جعلی مینڈیٹ کی بنیاد پر حکومت بنائی گئی اور اس کے ذریعے قانون سازی ہو رہی ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ ملک میں استحکام آنا چاہیے، اس وقت لاء اینڈ آرڈر چیلنجز کا سامنا ہے، اگر ملک میں سیاسی عدم استحکام ہوگا تو ملک انارکی کی طرف جائے گا۔

سابق اسپیکر نے کہا کہ ہم آئین و قانون پر یقین رکھتے ہیں، ملک میں جب عدلیہ آزاد، قانون کی حکمرانی نہیں ہوگی اور عوام کو عزت نہیں ملے گی تو ملک آگے نہیں بڑھ سکے گا، ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، ظلم، جبر اور تشدد کا راج ہے، پارلیمنٹ کی کوئی حیثیت نہیں رہی، پارلیمنٹ بے توقیر ہو گئی ہے، آئین سیاسی جماعت اور عوام کو پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے، یا تو آئین سے یہ شق نکال لیں، آپ ہمیں دیوار سے لگائیں گے تو احتجاج کے علاوہ ہمارے پاس کونسا راستہ ہے۔

پاکستان کی کرکٹ ہمارے پیسوں سے چل رہی ہے، بھارتی اینکر کی بڑھک پر پاکستانی صحافی کا کرارا جواب

بھارت کے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے پاکستان نہ آنے کے حوالے ڈیڈ لاک برقرار ہے جس کی بنیاد پر بھارتی میڈیا بھرپور پروپیگنڈا کر رہا ہے۔

گزشتہ دنوں بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل پر رضا مندی خبریں پھیلائیں گئیں جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئر مین محسن نقوی نے دوٹوک موقف دیتے ہوئے کہا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر آئی سی سی سے رابطے میں ہیں، پہلے پاکستان ہے پھر کوئی چیز، ہم ایونٹ پورے ایونٹ کی میزبانی کریں گے۔

اس ضمن میں بھارتی ٹی وی چینل کے ایک شو میں متنازع بھارتی صحافی ارنب گوسوامی اور پاکستانی صحافی حافظ عمران کے درمیان ہونے والی شدید بحث کا کلپ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے۔

کلپ میں ارنب گوسوامی نے بھارت کو باس قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر بھارتی وزیر اعظم اعلان کریں کہ ہم کوئی فنڈنگ نہیں کریں گے تو آپ کا کرکٹ بورڈ بیٹھ جائے گا۔ یہ بات بری لگے گی لیکن سچ کو تسلیم کرنا ہوگا۔آپ کےپاس پیسے نہیں ہیں، آپ وہ لڑائی کیوں لڑ رہے ہیں جو آپ جیت نہیں سکتے۔

حافظ عمران نے بھارتی صحافی کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا کہ انڈیا یہ پیسا انڈیا اے سے کھیل کر نہیں بناتا۔ وہ یہ پیسا پاکستان، آسٹریلیا، انگلینڈ اور دیگر ٹیموں کے ساتھ کھیل کر بناتا ہے۔ آپ اس خمار سے باہر نکلیں کہ یہ پیسا آپ کی وجہ سے آتا ہے۔ انڈیا کی انڈسٹری ہم لوگو ں کی وجہ سے اور دنیائے کرکٹ کی وجہ سے چل رہی ہے۔

دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کا منصوبہ؛ پی پی اور ن لیگ میں اختلافات شدید

دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے مجوزہ منصوبے پر پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں اختلافات شدید ہو گئے۔

سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے اس حوالے سے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانی کے انتظام پر سندھ کے خدشات بے بنیاد نہیں ہیں۔ پانی سب کا مشترکہ حق ہے،  بغیر اتفاق رائے کے کوئی بھی منصوبہ شروع کرنا مناسب عمل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ  1991 کا پانی معاہدہ سندھ سمیت تمام صوبوں  میں پانی کی منصفانہ تقسیم کو لازمی قرار دیتا ہے۔ عظمیٰ بخاری پہلے زمینی حقائق معلوم کریں، پھر بیان دیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ پورے پاکستان میں خوشحالی ہو اور زراعت کا شعبہ ترقی کرے۔ چھوٹے کسانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور مدد کی ضرورت ہے، اس حوالے سے سندھ کا مؤقف واضح ہے۔

دریں اثنا پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چیئرمین پی پی پی نے دریائے سندھ سے 6نئی کنال نکالنے کی تجویز پر وفاقی حکومت کو اہم تجویز دی ہے۔ پانی کے معاملے پر سندھ اور بلوچستان کے لوگوں کے جائز تحفظات کو سنا جائے۔ چیئرمین پی پی نے واضح کیا ہے کہ متنازع منصوبے شروع کرنے کے بجائے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین پی پی نے تجویز دی ہے کہ صوبوں کے زرعی منصوبوں کو وفاقی حکومت سنے اور اس کا متفقہ حل نکالے۔ وفاقی حکومت دریائے سندھ سے مزید نہریں نکالنے والے اپنے منصوبے پر نظر ثانی کرے۔ طاقت کے ذریعے اپنی رائے مسلط کرنے سے سیاسی عدم استحکام پیدا ہوگا اور ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

شازیہ مری کا کہنا تھا کہ سندھ میں اسمارٹ ایریگیشن کے مختلف منصوبے بنائے ہیں، وفاقی حکومت انہیں سبوتاژ نہ کرے۔ سندھ اور بلوچستان کے تحفظات پر غور نہ کیا گیا تو منصوبہ متنازع ہو جائے گا۔ پی پی پی کو پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتظامی معاملات کے حوالے سے شکایات ہیں۔ وفاقی حکومت سیاسی عدم استحکام سے گریز کرے۔ ملک اس وقت عدم استحکام کا متحمل نہیں ہے۔ یکطرفہ فیصلے کسی بھی صورت ملک کے مفاد میں نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم فوری طور پر سی سی آئی کا اجلاس بلائیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مطالبے کے باوجود سی سی آئی کا اجلاس 9ماہ سے طلب نہیں کیا گیا۔ غیر مقبول فیصلے کرنے سے وفاقی حکومت اجتناب کرے، صوبوں میں اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔ کوئی بھی ایسا فیصلہ قبول نہیں کیا جائے گا جو سندھ اور بلوچستان کے کسانوں اور ان کی زراعت کے نقصان کا باعث ہو۔

عمران خان کی رہائی کا مقصد اتنا بڑا ہے کہ معمولی اختلافات معنی نہیں رکھتے، عاطف خان

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عاطف خان  نے کہا ہے کہ  بانی  پی ٹی آئی کی رہائی کا مقصد اتنا بڑا  ہے کہ معمولی اختلافات کوئی معنی نہیں رکھتے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاطف خان نے کہا کہ  24 نومبر کے احتجاج کے حوالے سے عمران خان کا پیغام بشریٰ بی بی کے ذریعے ملا ہے، بانی کا کہنا ہے کہ عاطف احتجاج کیلیے اس طرح کی تیاری کرے جس طرح جلسوں کیلیے کرتے تھے۔

عاطف خان نے کہا کہ گنڈاپور کی قیادت میں جانے میں کوئی عار نہیں، اختلافات کسی سے بھی ہوسکتے ہیں مگر بانی کی رہائی کا مقصد اتنا بڑا ہے کہ معمولی اختلافات کوئی معنی نہیں رکھتے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی پر کوئی اختلاف نہیں، اپنے گلے شکوے پارٹی فورم پر کرتا ہوں،  میڈیا پر ڈسکس کرنا مناسب نہیں سمجھتا۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ تمام تر فوکس 24 نومبر کے احتجاج پر ہے،آپس کے اختلافات چلتے رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان  نے جیل سے پیغام بھیجا ہے کہ اپ کو ملنے والے نوٹسز کا معاملہ خود دیکھوں گا۔

عاطف خان کا کہنا تھا کہ مذاکرات ہوتے رہتے ہیں اگر واضح نتیجہ نکلتا ہے توٹھیک، صرف بات برائے بات نہیں ہوگی۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ  احتجاج اس وقت تک موخر نہیں کریں گے جب تک عمران خان کا حکم نہیں آتا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی کا وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے ٹیلی فونک رابطہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپور نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اورخیبرپختونخوامیں سیکیورٹی صورت حال پر بات کی۔

ذرائع نے بتایا کہ وفاقی زیرداخلہ اور وزیراعلی کے پی میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔

مزید بتایا گیا کہ وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے حملوں پر تشویش کا اظہار کیا۔

نومئی عسکری ٹاور جلاو گھیراو کیس؛ پی ٹی آئی رہنما اسلم اقبال اشتہاری قرار

نومئی کو عسکری ٹاور جلاو گھیراو کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اسلم اقبال کو اشتہاری قرار دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ کیس سماعت کی۔

پولیس نے عدالت کو بتایا کہ اسلم اقبال نو مئی کے مقدمہ میں رو پوش ہیں، پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کو اشتہاری قرار دیا جائے۔

اے ٹی سی کے ایڈمن جج منظر علی گل نے پی ٹی آئی رہنما میاں اسلم اقبال کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے پیش کرنے کا حکم جاری کردیا۔

وزیراعظم کی پپرا میں اصلاحات، اثرورسوخ سے پاک بنانے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے پبلک پروکیورمنٹ ریگیولیٹری اتھارٹی (پپرا) میں اصلاحات لا کر اس کو کسی بھی قسم کے اثر و رسوخ سے پاک بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی اداروں میں پروکیورمنٹ کے عمل میں شفافیت سے بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بڑھے گا۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پبلک پروکیورمنٹ اور گڈ گورننس کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جہاں وزیراعظم نے کہا کہ تمام سرکاری اداروں میں شفاف طریقے سے خریداری اور خدمات کا حصول حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی اداروں میں پروکیورمنٹ کے عمل میں شفافیت لانے سے بیرونی سرمایہ کاروں کا پاکستان پراعتماد مزید بڑھے گا۔

وزیراعظم نے حکام کو پپرا میں اصلاحات لا کر اس کو کسی بھی قسم کے اثر و رسوخ سے پاک بنانے کی ہدایت کردی اور مزید کہا کہ تمام سرکاری پروکیورمنٹس میں تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بشمول کوالٹی اشورنس یقینی بنائی جائے۔

وزیراعظم نے پروکیورمنٹ کے عمل میں شکایات کے ازالے کے لیے پروکیورمنٹ ایجنسی سے ہٹ کر کمیٹی قائم کرنے کی بھی ہدایت کردی اور کہا کہ پپرا میں میرٹ پر باصلاحیت، پیشہ ور اور مطلوبہ تجربہ رکھنے والے ماہرین تعینات کیے جائیں۔

انہوں نے تمام سرکاری اداروں کو ای پروکیورمنٹ استعمال کرنے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ سرکاری اداروں میں خریداری اور سروسز کے حصول کے لیے خصوصی پروکیورمنٹ سیل قائم کیے جائیں، سرکاری امور میں شفافیت ملکی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پپرا آرڈیننس اور متعلقہ قواعد و ضوابط کا جائزہ مکمل ہو چکا ہے اور یہ ترامیم جلد وفاقی کابینہ کی منظوری کے لیے پیش کی جائیں گی۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ ان ترامیم کا مقصد پروکیورمنٹ کے عمل میں شفافیت اور ان کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق لانا ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک، وزیر خزانہ اورنگزیب خان، وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، پپرا بورڈ ممبران، ورلڈ بینک کنٹری ڈائریکٹر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔