All posts by Khabrain News

شاہ رخ خان کی بیوی گوری خان کے اسلام قبول کرنے کی خبر جھوٹ ہے

سوشل میڈیا پر کچھ تصاویر وائرل ہورہی ہیں جن میں بھارتی اداکار شاہ رخ خان، ان کی بیوی گوری اور بیٹا آریان خان قمیص شلوار میں ملبوس خانہ کعبہ کے سامنے موجود ہیں۔

تصاویر کے ساتھ یہ تاثر بھی دیا جارہا ہے کہ شاہ رخ خان نے اپنی فیملی کے ساتھ عمرہ کی ادائیگی کی ہے اور ان کی اہلیہ گوری خان اسلام قبول کرچکی ہیں۔

تاہم فیکٹ چیک سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ یہ تمام تر تصاویر جعلی اور آرٹی فیشل انٹیلی جنس سافٹ ویئرز سے بنائی گئی ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

اداکاروں کے اصل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایسی کوئی تصویر یا بات شیئر نہیں کی گئی جس سے ظاہر ہو کہ وہ عمرہ ادائیگی پر گئے تھے یا گوری نے اسلام قبول کیا ہے۔

شاہ رخ خان یا گوری خان کی جانب سے بھی میڈیا پر کوئی ایسا آفیشل بیان سامنے نہیں آیا، جس کی بنیاد پر یہ قیاس آرائی کی جائے۔ جبکہ اے آئی سے بنائی گئی کچھ تصاویر میں موجود خامیاں بھی اس جانب نشاندہی کررہی ہیں کہ یہ تصاویر جعلی ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اے آئی سے بنائی گئی ان غلطیوں سے بھرپور تصاویر پر بھی کئی سوشل میڈیا صارفین اعتبار کررہے ہیں۔ تاہم یہ تصاویر سراسر جعلی ہیں۔

راشد خان ھیرو، افغانستان کس کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیت لی؟


افغانستان نے دوسرے ٹیسٹ میں زمبابوے کو 72 رنز سے شکست دیکر سیریز 0-1 سے جیت لی۔

بلاوائیو میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے میچ میں راشد خان کی تباہ کن بولنگ کی بدولت افغانستان نے زمبابوے کو شکست دے دی۔

راشد خان نے دوسری اننگز میں سات کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ پہلی اننگز میں انہوں نے 4 وکٹیں اپنے نام کی تھیں۔

دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں افغان ٹیم 157 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، زمبابوے نے اپنی پہلی اننگز میں 243 رنز بنائے۔

افغانستان نے 86 رنز کے خسارے سے دوسری اننگز شروع کی اور 363 رنز اسکور کیے۔

زمبابوے کو جیت کیلئے 278 رنز کا ہدف ملا جس کے جواب میں پوری ٹیم 205 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

راشد خان کو شاندار پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ رحمت شاہ 392 رنز بنانے پر سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ ڈرا ہوگیا تھا جبکہ اس سے قبل ون ڈے اور ٹی 20 سیریز میں بھی افغانستان نے کامیابی سمیٹی تھی۔

وزیر اعظم کا انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کو نشان عبرت بنانے کا حکم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں تمام انسانی اسمگلنگ کے گروہوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ وہ نشان عبرت بنیں۔

وزیراعظم سے جاری بیان کے مطابق اپنی زیر صدارت ملک میں انسانی اسمگلنگ کے خلاف لیے گئے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کے دوران شہباز شریف نے انسانی سمگلنگ میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف لیے گئے حالیہ اقدامات پر ایف آئی اے کو سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ انسانی اسمگلروں کے سہولت کار سرکاری افسران کے خلاف حالیہ تادیبی کارروائیوں کا آغاز خوش آئند ہے، سہولت کاروں کے خلاف تادیبی کاروائی کے بعد سخت تعزیری اقدامات بھی لیے جائیں، ملک میں تمام انسانی اسمگلنگ کے گروہوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے، تاکہ وہ نشان عبرت بنیں۔

انہوں نے کہا کہ انسانی اسمگلروں کی جائدادوں اور اثاثوں کی ضبطگی کے لئے فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، اس مکروہ دھندے میں ملوث تمام افراد کے خلاف استغاثہ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے، استغاثہ کے لیے وزارت قانون و انصاف سے مشاورت کے بعد اعلیٰ ترین درجے کے وکلاء تعینات کیے جائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دفتر خارجہ بیرون ملک سے انسانی سمگلنگ کا دھندہ چلانے والے پاکستانیوں کے لیے متعلقہ ممالک سے رابطہ کرے اور انکی پاکستان حوالگی کے حوالے سے جلد از جلد اقدامات اٹھائے، وزارت اطلاعات و نشریات، وزارت داخلہ کے تعاون سے عوام میں بیرون ملک نوکریوں کے لیے صرف قانونی راستے اختیار کرنے کی، آگاہی مہم چلائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں ایسےٹیکنیکل ٹریننگ اداروں کی ترویج کی جائے جو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق سرٹیفائیڈ پیشہ ور افراد بیرون ملک مارکیٹ کو فراہم کرسکیں ، ہوائی اڈوں پر بیرون ملک جانے والے افراد کی سکریننگ کا عمل مزید مؤثر بنایا جائے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں انسانی سمگلنگ کے خلاف لیے گئے اقدامات، سہولت کاروں کے خلاف قانونی کارروائی کی پیشرفت اور انسانی سمگلنگ کے خاتمے کے لیے قانون سازی کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے کشمیر و گلگت بلتستان انجینیئر امیر مقام اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

باکس آفس پر 10 ہزار کروڑ کمانے والی سب سے کامیاب بالی ووڈ اداکارہ کا راز

بالی ووڈ کی خوبرو سپر اسٹار دیپیکا پڈوکون نے بھارتی سینما کی سب سے کامیاب اور زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ کے طور پر اپنی پہچان بنالی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ان کے فلمی کیریئر میں اب تک کی مجموعی آمدنی 10 ہزار 2 سو کروڑ تک پہنچ چکی ہے، جس میں 8 ہزار کروڑ بھارتی فلموں سے اور 2 ہزار کروڑ ان کی واحد ہالی ووڈ فلم ’XXX: The Return of Xander Cage‘ سے شامل ہیں۔

گزشتہ دو سالوں میں دیپیکا کی کئی بڑی ریلیز نے انہیں یہ مقام دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ شاہ رُخ خان کے ساتھ ان کی فلم ’پٹھان‘، ‘جوان، اور تامل انڈسٹری کے سپر اسٹار پربھاس کے ساتھ کامیاب فلم ’کلکی 2898 اے ڈی‘ جیسی فلموں نے 1 ہزار کروڑ بھارتی روپے سے زیادہ کمائی کی۔

جبکہ ’فائٹر‘  اور ’سنگھم اگین‘ نے 300 کروڑ سے زائد کمائے، اس طرح ان پانچ فلموں کے ذریعے دیپیکا نے اپنے کیریئر کے باکس آفس مجموعے میں 4 ہزار کروڑ بھارتی روپے کا اضافہ کیا۔

اگرچہ ان کی کئی فلموں کی کامیابی کا کریڈٹ ان کے ساتھی ہیرو کو دیا جاتا ہے، جیسے شاہ رخ خان کے ساتھ ’جوان‘ یا پربھاس کے ساتھ ’کلکی ‘ لیکن ’پدماوت‘ جیسی کامیاب فلموں میں انہوں نے اپنی انفرادی طاقت بھی ثابت کی ہے جو بلاک بسٹر فلم تھی۔ دیپیکا کی کامیابی نے انہیں نہ صرف بھارتی سینما بلکہ عالمی سطح پر بھی بےحد شہرت دی ہے۔

حال ہی میں بیٹی ’دعا‘ کو جنم دینے والی اداکارہ دیپیکا پڈوکون سنگھ گزشتہ روز 39 برس کی ہوگئی ہیں اور انہوں نے صرف 18 برس کے کیریئر میں اس قدر کامیابی حاصل کی ہے کہ پریانکا چوپڑا، ایشوریا رائے اور عالیہ بھٹ جیسی کامیاب اداکاراؤں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

جسٹن بیبر کے گانے کی قوالی ورژن نے لاہور میں دھوم مچا دی

لاہور کی ایک یونیورسٹی میں منعقدہ قوالی نائٹ کے دوران جسٹن بیبر کے مشہور گانے ‘Baby’ کو قوالی انداز میں پیش کیا گیا، جس نے حاضرین کو حیران اور محظوظ کر دیا۔

یہ انوکھا مظاہرہ جدید پوپ اور روایتی صوفی موسیقی کے ملاپ کا خوبصورت امتزاج تھا، جس نے طلباء اور اساتذہ سمیت تمام حاضرین کے دل جیت لیے۔ قوالی ورژن کی دھنوں نے محفل میں موجود ہر شخص کو داد دینے پر مجبور کر دیا۔

قوالی کے ذریعے گانے کے الفاظ میں موجود محبت اور جدائی کے موضوعات کو روحانی انداز میں پیش کیا گیا۔

ایک طالبعلم نے کہا، “یہ ایک لاجواب تجربہ تھا۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ موسیقی سرحدوں سے بالاتر ہو کر مختلف ثقافتوں کو قریب لا سکتی ہے۔”

جسٹن بیبر کا اصل گانا ‘Baby’، جو 2010 میں ریلیز ہوا تھا، اپنی دلکش دھن اور نوجوان محبت کے جذبات پر مبنی اشعار کی بدولت عالمی شہرت حاصل کر چکا ہے۔

مریم نواز کا پیغام: نوجوان بہکاوے میں نہ آئیں اور نہ ایندھن بنیں

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ توڑ پھوڑ کروانے والا شخص نوجوانوں کا دوست نہیں، نوجوان نہ کسی کے بہکاوے میں آئیں اور نہ کسی کا ایندھن بنیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان کی بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی میں ہونہاد اسکالر شپ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مریم نواز نے تقریب میں اسکالر شپ کو 100 ارب روپے تک بڑھانے کا اعلان کیا اور کہا کہ اگلے سال سے مزید 20 ہزار ہونہار سکالر شپ بڑھائی جائیں گے۔ انہوں نے نوجوانوں کے لئے نئے بزنس اور سٹارٹ اپس کے لئے 3 کڑور روپے تک بلا سود قرض دینے کا اعلان کیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے طلبہ کو اگلے سال سے ایک لاکھ ای بائیکس دینے،پنجاب کی یونیورسٹیوں اور کالجز میں ای بائیکس چارجنگ سٹیشن قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔

ہونہار سکالر شپ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ نوجوانوں کا ہاتھ پکڑ لیں تو پاکستان کی تقدیر بدل سکتے ہیں، نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ چین میں کمسن بچوں کو آر ٹی فیشل انٹیلی جنس سیکھتے دیکھ کر حیرت ہوئی۔ ہم اپنے بچوں کو آرٹی فیشل انٹیلی جنس، روبٹک اور دیگر جدید آئی ٹی کے علوم سکھائیں گے۔ نوجوانوں کیلئے بہت سے مارکیٹ بیسڈ ٹریننگ پروگرام بھی شروع کیے گئے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ طلبہ کے لئے ایگریکلچر، انوئرمنٹ اور دیگر پیڈز انٹرن شپس شروع کیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو لون دیں گے تاکہ پڑھ لکھ کر والدین پر بوجھ نہ بنیں، کاروبار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کلچر کو ای وہیکل کی طرف منتقل کر رہے ہیں تاکہ پنجاب کے لوگ صاف ستھری فضا میں سانس لے سکیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگر کوئی قابل بچہ تعلیم سے محروم رہ گیا تو اسے اپنی ناکامی سمجھوں گی۔ طلبہ خاص طور پر بچیوں کو آمد و رفت کے لئے بسیں دے رہے ہیں۔ بچیوں کو ساٹھ فیصد ہونہار سکالرشپ ملنا بے حد خوشی کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایڈمیشن لینا بچوں کا کام، فیس ادا کرنا میری ذمہ داری ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ بہت جلد بچوں کے لئے لیپ ٹاپ بھی لا رہی ہوں اورلیپ ٹاپ کی پہلی کھیپ آ چکی ہے۔ نوجوانوں کو انکی خواہش کے مطابق انٹر نیشنل اسکالر شپ بھی دیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بچوں کو کہتی ہوں کہ سکون سے پڑھو فیس میری ذمہ داری ہے، اسکالر شپ 100 فیصد میرٹ پر دیے، کسی سے نہیں پوچھا کہ اسکا کس جماعت سے تعلق ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماں کے لئے سارے بچے برابر ہوتے ہیں، ایک بچہ اچھی یونیورسٹی میں پڑھے اور دوسرا فیس نہ ہونے سے نہ پڑھ سکے۔ میں ہونہار اسکالر شپ کا پیسہ گھر سے نہیں لائی، پیسے پہلے بھی تھے بچوں کو کیوں نہیں دیے گئے۔ بچے فخر سے سر اٹھا کر سکالر شپ لیں، یہ انکا حق ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بطور ماں جانتی ہوں کہ سکالرشپ ملنے پر والدین کتنے خوش ہوتے ہیں۔ نوجوان ملک کے خلاف نہ لڑنے کا عہد کریں۔

وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ آگ لگانے، گولی چلوانے، پولیس پر تشدد کرانے والے نوجوانوں کے دوست نہیں ہو سکتے، سیاسی بات نہیں ماں بن کر بچوں سے بات کر رہی ہوں۔ نوجوان کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں اور نہ کسی کا ایندھن بنیں۔ پاکستان کا مستقل اور جھنڈا نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ تھا کہ توڑ پھوڑ میں ملوث بچے معافیاں مانگ کر جیل سے باہر آے، دلی افسوس ہوا۔ جمہوریت میں اختلافی موقف رکھنا بری بات نہیں پر اخلاقیات کا دامن مت چھوڑیں۔ ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عزت نہ کرنا کسی کو زیب نہیں دیتا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ اخلاقی رویوں سے معاشرے پہچانے جاتے ہیں۔ طلبہ کو دیکھ کر یقین ہے اس ملک کو ترقی سے کوئی نہیں روک سکتا۔ میں طلبہ کی محنت اور میرٹ کو سلیوٹ کرتی ہوں۔ محمد نواز شریف صاحب نے بھی طلبہ کو مبارک باد کا پیغام بھیجا۔ دعا ہے وطن عزیر دن دگنی رات چوگنی ترقی کرے۔

کروڑوں کی ٹونا فش, 7 من مچھلی 36 کروڑ سے بھی مہنگی فروخت

جاپان میں بیوپاریوں نے موٹر بائک کے سائز کے برابر ایک ٹونا مچھلی 36 کروڑ 89 لاکھ پاکستانی روپے (13 لاکھ 23 ہزار ڈالر) کے عوض خرید لی۔

دارالحکومت ٹوکیو کی ٹویوسو فش مارکیٹ میں بیوپاریوں نے 20 کروڑ 7 لاکھ ین میں 276 کلو گرام بلیو فِن ٹونا خریدی۔

نیلامی میں کامیاب بولی میچلِن اسٹارڈ سوشی ریسٹورانٹس رکھنے والے اونوڈیرا گروپ اور ہول سیلر یامایوکی نے لگائی۔

یہ قیمت سال کی افتتاحی آکشن میں ادا کی جانے والی دوسری بڑی قیمت ہے،جبکہ  ان خریداروں نے لگاتار پانچویں سال سب سے بڑی بولی جیتی ہے۔

ٹونا مچھلی کے لیے سب سے زیادہ قیمت کی ادائیگی کا ریکارڈ ایک ریسٹورانٹ مالک کیوشی کِمورا کے پاس ہے جو انہوں نے 2019 میں 278 کلو گرام بلیو فِن کے لیے ادا کی تھی۔

اونوڈیرا گروپ کا کہنا تھا کہ تازہ ترین شکار کو وپا پنے پورے جاپان کے ریسٹورانٹ میں سرو کریں گے۔

کینیڈا کے وزیراعظم کا مستعفی ہونے کا اعلان

جسٹن ٹروڈو نے کینڈا کے وزیراعظم اور اپنی جماعت کے سربراہ کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق اوٹاوا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ وہ اپنی مصروفیات کی وجہ سے لبرل پارٹی کے سربراہ کا عہدہ چھوڑ رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق نئے رہنما کے انتخاب تک ٹروڈو نگراں کی حیثیت سے وزیر اعظم رہیں گے۔ انہوں نے مستعفی ہونے کا اعلان پارٹی میں جاری اختلافات کی وجہ سے کیا۔

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے استعفیٰ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیسے ہی حکمران جماعت لبرل پارٹی نئے رہنما کا انتخاب کرے گی وہ عہدہ چھوڑ دیں گے۔

واضح رہے کہ جسٹن ٹروڈو سال 2015 میں پہلی مرتبہ وزیراعظم منتخب ہوئے تھے جس کے بعد 2019 اور 2021 میں بھی وہ مسلسل تین بار انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے وزارت عظمیٰ تک پہنچے۔

دسمبر میں جسٹن ٹروڈو نے وزیر خزانہ کرسٹیا فری لینڈ کی تنزلی کی کوشش کی تھی جس پر فری لینڈ نے استعفیٰ دیتے ہوئے ایک خط میں ٹروڈو پر “سیاسی چالوں” کا الزام لگایا تھا۔

انکے مخالفین کا کہنا ہے کہ ٹروڈو کی غلط امیگریشن پالیسی لاکھوں کی تعداد میں تارکین وطن کی کینیڈا آمد کا باعث بنی جس سے پہلے سے دباؤ کا شکار ہاؤسنگ مارکیٹ پر دباؤ میں مزید اضافہ ہوا۔

وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے مستعفی ہونے کے ساتھ ہی لبرل پارٹی بھی اپنے سربراہ سے محروم ہو جائے گی جبکہ دوسری جانب رائے عامہ کے جائزوں سے معلوم ہوتا ہے کہ اکتوبر میں ہونے والے انتخابات میں کنزرویٹو پارٹی کو برتری حاصل ہوگی۔

جسٹن ٹروڈو کے اعلان کے بعد جلد انتخابات کا مطالبہ زور پکڑ سکتا ہے تاکہ امریکا میں ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے ساتھ تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے کینیڈا میں نئی حکومت نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہوں۔

کرینہ اور سیف کا سوئٹزرلینڈ میں نئے سال کی تقریبات میں شاہی انداز

بالی وڈ کامعروف جوڑا، کرینہ کپور خان اور سیف علی خان نے نئے سال کا آغاز سوئٹزرلینڈ کے مشہور مقام گسٹاڈ میں کیا، جو  تعطیلات کے دوران تصویروں میں نطر آتے ہیں۔ کرینہ نے اپنے سوشل میڈیا پر اس جشن کے مناظر شیئر کیے، جہاں وہ چاندی کے لباس میں چمک رہی تھیں جبکہ سیف بلیک بو ٹ  سوٹ میں نظر آئے۔ ان کے چھوٹے بیٹے جے بھی ان تصویروں میں نظر آئے اور ان کی موجودگی نے تصاویر کو مزید دلکش بنایا۔

جنوبی افریقہ نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میں بھی ہرا کر سیریز 0-2 سے جیت لی

جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹیسٹ میں میچ میں بھی پاکستان کو شکست دے کر 0-2 سے سیریز بھی جیت لی۔ ہوم ٹیم نے 58 رنز کا ہدف بغیر کوئی وکٹ گنوائے 8ویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کرلیا۔

جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ بیڈنگھم 30 گیندوں پر 44 جبکہ ایڈن مارکرم 13 گیندوں پر 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے چوتھے روز کھیل کےلیے کپتان شان مسعود اور نائٹ واچ مین خرم شہزاد بیٹنگ کےلیے آئے۔ پاکستان کا اسکور 235 رنز پر پہنچا تو خرم شہزاد آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 18 رنز بنائے۔

پاکستان کی تیسری وکٹ کامران غلام کی صورت میں گری۔ کامران 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

وکٹ کی ایک جانب موجود کپتان شان مسعود کا ساتھ چوتھی وکٹ پر سعود شکیل نے دیا، دونوں کے درمیان 51 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔ تاہم 329 کے مجموعے پر سعود شکیل کگیسو ربادا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

اسی اسکور پر قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود میراتھون اننگز کھیل کر پویلین لوٹے، انہوں نے 145 رنز بنائے تھے۔

چھٹی وکٹ پر محمد رضوان اور سلمان علی آغا کے درمیان ففٹی پارٹنرشپ نے جنوبی افریقہ کی برتری ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ دونوں کے درمیان 88 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔

محمد رضوان 417 کے مجموعے پر 41 رنز بنانے کے بعد کیشو مہاراج کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ سلمان علی آغا 48 رنز بنا کر 441 پر میدان چھوڑ گئے۔

آٹھویں وکٹ پر عامر جمال اور میر حمزہ نے 37 رنز جوڑ کر ٹیم کے ٹوٹل کو 478 رنز تک پہنچایا، جہاں پہلے عامر جمال اور پھر میر حمزہ بھی آؤٹ ہوئے۔ صائم ایوب کی انجری کے باعث عدم دستیابی کی وجہ سے 9 وکٹوں کے ساتھ پاکستان ٹیم 57 رنز کی برتری لے کر آل آؤٹ ہوئی۔

جنوبی افریقا کی جانب سے کگیسو ربادا اور کیشو مہاراج نے 3، 3 جبکہ مارکو یانسن نے دو اور کوینا ماپھاکا نے ایک وکٹ لی۔

451 رنز کے خسارے سے دوسری اننگز شروع کرنے کے بعد پاکستانی ٹیم کے اوپنرز کپتان شان مسعود اور بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کی اور پہلی وکٹ پر 205 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔

بابر اعظم 81 رنز بنا کر مارکو یانسن کی گیند پر آؤٹ ہو گئے تھے۔

پہلی اننگز میں بابر اعظم نے 58 اور محمد رضوان نے 46 رنز اسکور کیے تھے۔

جنوبی افریقا کی پہلی اننگز

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوسرے دن جنوبی افریقا کی ٹیم پہلی اننگز میں 615 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔

جنوبی افریقا کی جانب سے ریان ریکلٹن نے ڈبل سنچری بنائی تھی، ٹمبا باووما اور کائل ویریانے نے سنچریاں بنائی تھیں۔

پاکستان کی طرف سے محمد عباس اور سلمان علی آغا نے تین تین جبکہ میر حمزہ اور خرم شہزاد نے دو دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔

پاکستان کی پہلی اننگز

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 194 رنز پر آؤٹ ہو کر فالو آن کا شکار ہو گئی تھی۔

قومی ٹیم کی جانب سے بابر اعظم 58 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے تھے جبکہ محمد رضوان 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے۔

جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ کوینا ماپھاکا اور کیشو مہاراج نے دو دو جبکہ مارکو یانسن اور ویان ملڈر نے ایک ایک وکٹ لی تھی۔