بالی وڈ اداکار عامر خان کے بیٹے جنید خان اور آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی خوشی کپور کی بالی وڈ ڈیبیو فلم ‘لوویاپا‘ کے ٹائٹل ٹریک کو ملنے والی شاندار پذیرائی کے بعد عامر خان کا فلم کے ٹریلر ریلیز سے متعلق اہم اعلان سامنے آگیا۔
ٹریلر ریلیز سے پہلے فلم ’لوویاپا‘ کا پہلا ٹائٹل ٹریک ‘لوویاپا ہوگیا‘ سوشل میڈیا کے دور کی دو مین لیڈز ‘جنید اور خوشی‘ کے درمیان جاندار کیمسٹری کی بدولت شائقین کی داد وصول کرنے میں کامیاب ہوگیا۔
فلم کے ٹائٹل ٹریک کی ریلیز کے بعد مداحوں بالی وڈ کی نئی جوڑی پر مشتمل روم کوم فلم ’لوویاپا’ کو دیکھنے کیلئے انتہائی پُرجوش نظر آرہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے صاحبزادے جنید خان کی بالی وڈ ڈیبیو فلم ‘لوویاپا‘ کو سپورٹ کرنے بالی وڈ کے مشٹر پرفیکشنسٹ عامر خان میدان میں آگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ‘لوویاپا’ سے متعلق باخبر ذرائع نے آگاہ کیا ہے کہ ‘لوویاپا کے ٹائٹل ٹریک کی شاندار کامیاب ریلیز کے بعد میکرز کی جانب سے فلم کے ٹریلر کو لانچ کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق بیٹے کی پہلی فلم کی ریلیز کے موقع پر اداکار عامر خان ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے 10 جنوری 2025ء کو ٹریلر کی نقاب کشائی کریں گے جس کے بارے میں مزید تفصیلات کا انکشاف ہونا ابھی باقی ہے۔
جنید خان کی حالیہ فلم ‘مہاراج‘ کی ریلیز کے بعد سے ان کی فین فالوونگ میں حیران کُن اضافہ ہوا ہے، یہی وجہ ہے کہ مداحوں کی جانب سے جنید خان اور اداکارہ جھانوی کپور کی بہن خوشی کپور کی آنے والی رومانوی فلم کا بے صبری سے انتظار کیا جارہا ہے۔
ادویت چندن کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ‘لوویاپا‘ کی کہانی ڈیجیٹل دور میں محبت کی پیچیدگیوں کے گرد گھومتی ہے، فلم 7 فروری 2025 کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
واضح رہے کہ او ٹی ٹی پلیٹ فارم نیٹ فلکس سے اپنی فلموں ‘مہاراج’ اور ‘دی آرچیز’ میں ڈیبیو کرنے کے بعد ادویت چندن کی یہ فلم جنید خان اور خوشی کپور کی پہلی تھیٹر ریلیز ہوگی۔