امریکا کی مشہور ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے کہا ہے کہ ایزور کلاؤڈ اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) کی توسیع کے لیے 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔
غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق مائیکروسافٹ کے سی ای او ستیا ناڈیلا نے کہا کہ بھارت میں ایزور کلاؤڈ اور اے آئی کی صلاحیت میں توسیع کے لیے 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی، جس سے بھارت میں کمپنی کی سرمایہ کاری دوگنا اور قیمتوں میں کمی آئے گی۔
مائیکروسافٹ کے ترجمان نے بتایا کہ دوسالہ سرمایہ کاری بھارت کے شہریوں میں اے آئی استعمال کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کے لیے ہوگی۔
انہوں نے بھارت میں اب تک کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سرمایہ کاری کمپنی کی جانب سے حال ہی میں مالی سال 2025 میں اے آئی ڈیٹا سینٹرز پر 80 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے اعلان کا حصہ ہے۔
ستیا ناڈیلا نے بھارت کے شہر بنگلور میں ایک کانفرنس میں کہا کہ بھارت کے 10 شہروں میں مائیکروسوفٹ کے 20 ہزار سے زائد ملازمین ہیں اور کمپنی کا عزم مقامی صارفین اور شہریوں میں صلاحیت بڑھانے کے لیے مدد کرنا ہے۔
انہوں نے نشان دہی کی کہ کمیونٹی کی مائیکروسافٹ کے لیے تعاون خاص طور پر ڈیولپرز کے لیے اے آئی کی بنیاد پر جی آئی ٹی ہب کوپیلوٹ پر اے آئی پروجیکٹس سے منسلک ہونا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت جی آئی ٹی ہب پر امریکا کے بعد دوسرا سب سے بڑا ملک ہے اور حقیقت میں 2028 تک سب سے بڑا ملک بنانے کے لیے کام جاری ہے اور ہمیں بھی بھارت سے اے آئی پروجیکٹس پر مدد ملی ہے جو امریکا کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔
ستیا ناڈیلا کا کہنا تھا کہ مائیکروسافٹ کا منصوبہ ہے کہ 2030 تک بھارت میں ایک کروڑ شہریوں کو اے آئی میں ماہر بنایا جائے جبکہ گزشتہ برس 24 لاکھ افراد کو تربیت دی گئی تھی۔
واضح رہے کہ امریکی ٹیکنالوجی کمپنی کے لیے بھارت ایک اہم مارکیٹ ہے، اسی لیے کمپنی کے اعلیٰ عہدیداروں سے لے کر ایڈوانسڈ مائیکرو ڈیوائسز کے سربراہ تک بھارت کا دورہ کرچکے ہیں اور بڑی سرمایہ کاری کے وعدے کر رکھے ہیں۔
ستیا ناڈیلا کا آبائی ملک بھارت ہے اور ٹیکنالوجی کی دیگر چند ایک کمپنیوں کے سربراہان کی طرح وہ بھی بھارت میں مقبول ہیں جہاں انجینئرنگ کی ڈگری کو خوش حالی کا سبب گردانا جاتا ہے۔
ان کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے ہوتا ہے کہ مائیکروسوفٹ اے آئی ٹورر کے سلسلے میں بھارت میں موجودگی کے دوران منگل کو بنگلور میں ان کے پروگرام میں بھارتی شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی تھی۔