All posts by Khabrain News

ٹک ٹاک انتظامیہ کی حکومت کو معیاری مواد کی موجودگی کی یقین دہانی

ٹک ٹاک کے وفد نے حکومت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ٹک ٹاک پر زیادہ سے زیادہ معیاری اور سود مند مواد کو یقینی بنایا جائے گا، ٹک ٹاک وزارت آئی ٹی کے ذیلی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔

اس بات کی یقین دہانی ٹک ٹاک کے وفد نے وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونی کیشن شزہ فاطمہ خواجہ سے ملاقات میں کہی۔ وفد کی قیادت ٹک ٹاک کے ڈائریکٹر پبلک پالیسی مسٹر ایمر گیلنکی نے کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سوشل میڈیا پر معیاری مواد کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر سیکریٹری آئی ٹی ضرار ہاشم خان بھی موجود تھے وفد نے وزیر مملکت آئی ٹی کو ٹک ٹاک کے پاکستان میں اقدام اور مستقبل کے پروگرامز کے بارے میں بریف کیا۔

وزیر مملکت شزہ فاطمہ نے کہا کہ پاکستان میں ٹک ٹاک کے بہت زیادہ صارفین ہیں یہ بہت ضروری ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر معیاری مواد میسر ہو، چاہتے ہیں کہ پاکستان میں ٹک ٹاک پلیٹ فارم تعلیمی مقاصد کے لیے بھی استعمال ہو، اس کے ذریعے مختلف قسم کی اسکلز اور لوکل زبانوں میں بنیادی تعلیم دی جا سکتی ہے۔

ٹک ٹاک کے ڈائریکٹر پبلک پالیسی مسٹر ایمر گیلنکی کی قیادت میں آئے وفد نے حکومت کو یقین دہانی کرائی کہ ٹک ٹاک پر زیادہ سے زیادہ معیاری اور سود مند مواد کو یقینی بنایا جائے گا۔ وفد نے کہا کہ ٹک ٹاک وزارت آئی ٹی کے ذیلی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔

شاہ رخ خان اور مہیش بابو “موفاسا: دی لائن کنگ” میں آواز کا جادو جگائیں گے

ڈزنی کی مشہور فلم “موفاسا: دی لائن کنگ” کی نئی کہانی جلد ہی شائقین کے دل جیتنے آ رہی ہے۔ 

اس فلم میں شاہ رخ خان، مہیش بابو اور ارجن داس نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے، جس نے مداحوں میں بے حد جوش پیدا کر دیا ہے۔

شاہ رخ خان نے ہندی میں موفاسا کو اپنی آواز دی ہے، جبکہ ان کے بیٹے آریان خان نے سمبا اور ابراہم خان نے بچے موفاسا کے کردار کو آواز دی۔

اسی طرح تمل میں ارجن داس اور تیلگو میں مہیش بابو نے موفاسا کے کردار کو اپنی آواز دی ہے۔ ان کے علاوہ، فلم کے دیگر کرداروں کو بھی مشہور اداکاروں نے اپنی آواز دی ہے۔

یہ فلم اپنی بہترین آواز کاری اور شاندار کہانی کے ساتھ مداحوں کے لیے ایک یادگار تجربہ ثابت ہونے جا رہی ہے۔ “موفاسا: دی لائن کنگ” کا جادو دیکھنے کے لیے تیار رہیں، کیونکہ یہ فلم نہ صرف بچوں بلکہ بڑوں کو بھی محظوظ کرے گی۔

عمران خان کی رہائی کا ابھی کوئی امکان نہیں، عطاء تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی رہائی کا ابھی کوئی امکان نہیں ہے۔

عطاء تارڑ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کی منظوری اور رہائی کے حکم کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی آٹھ ایف آئی آرز میں ابھی ضمانت نہیں ہوئی، ان کیسز میں بانی کی ابھی تک رہائی نہیں ہوئی۔

خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف 6 بڑے قانونی معاملات چل رہے ہیں جن میں سے بیشتر میں وہ بری ہو چکے ہیں یا ان کی سزا معطل ہو چکی ہے یا پھر عدالت نے انہیں ضمانت دے دی ہے۔ لیکن حکومت کے پاس عمران خان کو جیل میں رکھنے کا کچھ جواز اب بھی موجود ہے اگر وہ اسے استعمال کرنا چاہے۔

عمران خان کیخلاف درج مقدمات میں عبوری ضمانت کی استدعا خارج

عمران خان کے خلاف نو مئی سے متعلق آٹھ مقدمات ہیں، جبکہ راولپنڈی میں حالیہ احتجاج کے تین مقدمات درج ہیں۔

چیمپینز ٹرافی کی جمعرات کو کراچی کے نیشنل بنک اسٹیڈیم میں رونمائی ہوگی

چیمپینز ٹرافی کی جمعرات کو نیشنل بنک اسٹیڈیم میں رونمائی ہوگی، آئی سی سی کی زیر نگرانی پی سی بی کے تحت جمعرات کی صبح ٹرافی کو نیشنل بنک اسٹیڈیم لایا جائے گا اور رونمائی کے بعد میڈیا کے لیے ٹرافی کا فوٹو سیشن ہوگا۔

چیمپینز ٹرافی بدھ کے روز دوپہر اسلام آباد سے کراچی ایئرپورٹ پہنچی اور مقامی ہوٹل لے جاتے ہوئے ٹرافی راستے میں شارع فیصل پر ٹریفک میں پھنس گئی جس کی وجہ سے شام کو ٹرافی کا سرکاری فوٹو سیشن نہ ہو سکا۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام کو ٹرافی کے ٹور کے حوالے سے سیکیورٹی کلیرنس کا انتظار ہے، انتظامیہ کی جانب سے اجازت ملنے کی صورت میں جمعرات کو ٹرافی کے ٹور کو حتمی شکل میں سامنے لایا جائےگا۔

ٹور شیڈول کے مطابق ٹرافی 25 نومبر تک کراچی میں رہےگی جسے مزار قائد کے بعد مہوٹہ پیلس بھی لے جانے کا پروگرام ہے، عوامی نمائش کے لیے مختلف مقامات پر رکھنے کے ساتھ ٹرافی کی نجی تعلیمی اداروں میں بھی نمائش طے ہے، دورہ پاکستان کے اختتام پر ٹرافی 26نومبر کو افغانستان پہنچا دی جائے گی،28 نومبر تک افغانستان میں نمائش ہوگی، ٹرافی 10 سے 13 دسمبر بنگلا دیش،15سے 22 دسمبر جنوبی افریقا میں رہے گی، 25 دسمبر سے 5 جنوری تک آسٹریلیا میں ٹور ہوگا، 6 سے 11جنوری نیوزی لینڈ، 12سے 14 جنوری انگلینڈ میں ٹور طے ہے اور آخر میں 15سے 26جنوری تک بھارت میں ٹرافی ٹور ہو گا۔

ٹرافی کے دورہ پاکستان کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے ہوا، چیمپئنز ٹرافی کو دامن کوہ فیصل مسجد اور پاکستان مونومنٹ میوزیم، متعدد تعلیمی اداروں اور مختلف مقامات پر لےجایا گیا، ٹرافی نے ٹیکسلا، خانپور، ایبٹ آباد، مری اور نتھیا گلی کا ٹور بھی کیا، آئی سی سی نے بھارتی دباؤ کے بعد ٹرافی کے دورہ پاکستان شیڈول میں رد و بدل کیا تھا، تین شہروں اسکردو، ہنزہ اور مظفر آباد میں ٹرافی کا دورہ منسوخ کر دیا گیا تھا۔

انیس بزمی نے شاہد کپور کے ساتھ فلم کی منسوخی پر خاموشی توڑ دی

معروف ہدایتکار انیس بزمی نے آخر کار اداکار شاہد کپور کے ساتھ اپنے تعلقات پر پھیلنے والی افواہوں پر وضاحت دی ہے۔ 

ان کا کہنا ہے کہ شاہد کے ساتھ ان کی منسوخ شدہ کامیڈی فلم کے باوجود ان کے ذاتی تعلقات میں کوئی تلخی نہیں ہے، اور وہ دوبارہ ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔

انیس بزمی نے بتایا: “فلم بناتے وقت دونوں افراد کے درمیان مکمل اتفاق ضروری ہوتا ہے۔ میں ایک مخصوص انداز میں کام کرتا ہوں، جو مجھے آرام دہ محسوس کراتا ہے، اور اتنے سالوں بعد اسے تبدیل کرنا مشکل ہے۔ شاہد کے بھی اپنے خیالات اور طریقے ہیں، اور کبھی کبھی یہ دو سوچیں آپس میں میل نہیں کھاتیں، لیکن یہ کوئی بڑی بات نہیں ہے۔”

بزمی نے مزید کہا: “شاہد بہت اچھے ہیں اور ان کے ساتھ کام کرنا ہمیشہ خوشگوار ہوتا ہے۔ میرے دل میں ان کے لیے بہت محبت ہے، اور وہ بھی مجھ سے محبت و احترام کے ساتھ بات کرتے ہیں۔ اگر ہمارے خیالات ایک بار پھر ہم آہنگ ہوئے، تو ہم یقینی طور پر ایک بہترین فلم بنائیں گے۔”

شاہد کپور اور راشمیکا مندانا کو لے کر بنائی جانے والی فلم 2023 میں شروع ہونے والی تھی، لیکن شاہد کے پروجیکٹ چھوڑنے کے بعد فلم ملتوی کردی گئی۔ تاہم، انیس بزمی نے تمام افواہوں کو رد کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ان کے اور شاہد کے درمیان کوئی ذاتی تنازع نہیں ہے۔

پی ٹی آئی احتجاج؛ اسلام آباد پولیس نے پنجاب اور سندھ پولیس سے مدد مانگ لی

پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد پولیس نے پنجاب اور سندھ پولیس سے مدد مانگ لی۔ 

پنجاب پولیس سے دو ڈی آئی جیز ، اور دس ڈی پی اوز اسلام آباد میں ڈیوٹی کریں گے۔ پنجاب کے دس ڈی پی اوز پانچ پانچ سو اہلکاروں کے ہمراہ طلب کیے گئے ہیں۔

سندھ اور پنجاب کانسٹیبلری کے بھی دو دو ہزار اہلکار مانگے گئے ہیں، ایف سی اور پنجاب پولیس کے جوان اینٹی رائٹس کیٹ کے ہمراہ ڈیوٹی کریں گے۔

احتجاج کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں چار ہزار رینجرز اہلکاروں کے ہمراہ پانچ ہزار ایف سی کے اہلکار بھی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ رینجرز اینٹی رائیٹس کٹس کے ہمراہ ڈیوٹی دیں گے۔

پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے انٹرن شپ پروگرام کا آغاز، 7 ہزار سے زائد اساتذہ بھرتی

وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب میں سب سے بڑے ہائیر ایجوکیشن انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں سیکرٹری ہائیرایجوکیشن ڈاکٹر فرخ نوید نے بریفنگ دی اور بتایا کہ پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے ہائیر ایجوکیشن انٹرن شپ پروگرام کے تحت سرکاری کالجز میں 7354 ٹیچز کو 8 ماہ کیلیے ماہانہ 50 ہزار وظیفے پر بطور انٹرن بھرتی کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شفافیت اور میرٹ پر انٹرنیز بھرتی کرنے پر ہائیر ایجوکیشن ٹیم کو شاباش دی اور امید ظاہر کی کہ اس اقدام کے اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔

اعلامیے کے مطابق کالج ٹیچر انٹرنز 31مارچ تک سرکاری کالجز میں اکیڈمیک سیشن مکمل ہونے تک تدریسی خدمات سرانجام دیں  گے۔ اس کے علاوہ ای ٹرانسفر پالیسی کے تحت کالجز کے 962 اساتذہ کی ٹرانسفر پوسٹنگ کا عمل مکمل کرلیا گیا۔

انٹرن بھرتی ہونے والے کالج کے ٹیچرزکو گھر بیٹھے پورٹل پر آن لائن اپلائی کرنے کے بعد آرڈر مل گئے ہیں۔

اسموگ اور موسمی خرابی کے باعث ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں، سی ای او پاکستان ریلویز

چیف ایگزیکٹو افسر پاکستان ریلویز عامر علی بلوچ نے ای کچہری میں عوام الناس کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے کی ٹرینیں آج کل بنیادی طور پر اسموگ اور موسم کی خرابی کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہیں پاکستان ریلوے کا آپریشن تب بھی آچل رہا ہوتا ہے جب ایئرپورٹس اور موٹر ویز بند ہوتے ہیں ہمیں تاخیر سے زیادہ مسافروں کے جانی تحفظ کی فکر ہوتی ہے۔

عامر علی بلوچ نے کہا کہ میں ٹرینوں کے اوقات کار کی خود نگرانی کر رہا ہوں، ہم ان تمام وجوہات کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جن کی وجہ سے آمد ورفت کے اوقات متاثر ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مسافروں کی سہولت کے لیے آئندہ تمام ٹرینوں میں تعینات ٹرین مینیجرز کا نام اور فون نمبر واضح طور پر ٹرین میں لکھا جائےگا۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد دو سے تین ٹرینیں اپ گریڈ کر کے سسٹم میں شامل کی جائیں گی اور مزید ایک ٹرین کم اسٹاپجز کے ساتھ چلانے کا ارادہ ہے۔

چیف ایگزیکٹو افسر پاکستان ریلویز نے کہا کہ مسافروں کو سہولتیں پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے اور ہم اپنی استطاعت کار کے مطابق دستیاب وسائل کو بروئے کار لا رہے ہیں۔

سی ای او ریلوے نے کہا کہ ریجنل کنکٹیوٹی کے پراجیکٹ اربوں ڈالر کے ہوتے ہیں اور اس ضمن میں مختلف پراجیکٹس پر بات چیت ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھر کول پراجیکٹ پر بھی کام تیزی سےجاری ہے۔

ای کچہری میں چھبیس ہزار سے زائد لوگ شامل ہوئے اور سات ہزار تین سو کے قریب کمنٹس موصول ہوئے۔

انتخابات میں مسلم مخالف مہم بند کی جائے؛ الیکشن کمیشن کا مودی کی جماعت کو حکم

بھارتی ریاست جھاڑکھنڈ میں ہونے والے عام انتخابات کے دوران مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے شرانگیز مذموم مقاصد کو الیکشن کمیشن نے ناکام بنادیا۔  

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی الیکشن کمیشن نے انتخابات کے دوران مسلمانوں کے خلاف منفی پروپیگنڈا اور نفرت آمیز مہم چلانے پر بی جے پی کو نوٹس جاری کردیا۔

الیکشن کمیشن نے حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی سے وضاحت طلب کرتے ہوئے مسلم مخالف بینرز کو ہٹانے اور نعروں کو مٹانے کا حکم بھی دیا ہے۔

بھارتی الیکشن کمیشن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سمیت تمام ویب سائٹس سے بھی انتخابی مہم کے سلسلے میں مسلمانوں کیخلاف منفی اور شرانگیز مواد ہٹانے کا حکم بھی دیا۔

الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ کسی بھی مذہب، نسل، طبقے اور فرقہ کے خلاف نفرت آمیز مہم چلانا انتخابی ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

واضح رہے کہ جھاڑکھنڈ میں ریاستی انتخابات کا دوسرا مرحلہ آج سے شروع ہو رہا ہے جس کے نتائج کا اعلان 23 نومبر کو کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کی مریم نواز سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں رہنے والے بھائیوں کی مانند ہیں، دہشت گرد بلوچستان کی ترقی پر اثر انداز ہونا چاہتے ہیں۔

مریم نواز شریف نے ان خیالات کا اظہار ملاقات کے لیے آنے والے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر گفتگو اور باہمی دلچسپی کے امور اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مریم نواز نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے، دہشت گردی کے مسئلے کے حل کیلئے بھرپور معاونت کریں گے۔

مریم نواز نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے مزید کہا کہ صوبائی سطح پر باہمی تعاون کو مزید فروغ دیں  گے اور پاکستان میں ترقی کا سفر جاری و ساری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی اور بین الصوبائی ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلیے مل جل کر کام کریں گے۔

 اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ مریم نواز شریف پنجاب کے عوام کی مثالی خدمت کر رہی ہیں،  ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلیے جامع حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہے۔

 ملاقات میں پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب اور سابق وزیراعظم انوار الحق کاکڑ بھی موجود تھے۔