All posts by Khabrain News

ایشوریا سے شادی کی خواہش رکھنے والے ہاٹ میل کے بانی کیساتھ سلمان خان نے کیا کیا؟

مشہور بھارتی ٹیکنالوجی ماہر اور ہاٹ میل کے بانی صابر بھاٹیا کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ انہوں نے ماضی میں بالی ووڈ اداکارہ ایشوریہ رائے سے شادی کی خواہش کا اظہار کیا تھا، جس کے بعد ان کی سلمان خان سے ایک دلچسپ اور غیر متوقع ملاقات ہوئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 2001 میں ایک ہائی پروفائل پارٹی میں صابر بھاٹیا، ٹی وی میزبان سمی گریوال کے ہمراہ شریک تھے جہاں ان کی ملاقات سلمان خان سے ہوئی۔ اس وقت سلمان اور ایشوریہ کے تعلقات خبروں میں تھے کہ وہ ڈیٹ کر رہے ہیں۔

ملاقات کے دوران سلمان نے طنزیہ انداز میں صابر بھاٹیا سے کہا، ’تو تم وہ ہو جو ایش سے شادی کرنا چاہتے ہو؟‘ جس پر صابر نے مسکراتے ہوئے اسے محض ایک افواہ قرار دیا، جس پر سلمان خان نے کہا، ’وہ (ایشوریا) بہت اچھی لڑکی ہے‘۔

رپورٹ کے مطابق پارٹی میں ایک موقع پر صابر بھاٹیا کے ہاتھ پر سلمان خان کی جلتی سگریٹ حادثاتی طور پر لگ گئی، جس پر سلمان نے طنزیہ انداز میں کہا، ’آخرکار تمہارے ہاتھوں پر راکھ آ ہی گئی‘۔

یاد رہے کہ سلمان خان ایشوریا سے شادی کرنا چاہتے تھے تاہم دونوں کے تعلقات خراب ہوئے اور بریک اپ ہوگیا جبکہ صابر بھاٹیا نے بعد ازاں 2008 میں تانیہ شرما سے شادی کی جو 2013 میں طلاق پر ختم ہوئی۔

واضح رہے کہ صابر بھاٹیا نے 1996 میں ہاٹ میل متعارف کرائی تھی، جو دنیا کی پہلی ویب بیسڈ ای میل سروس تھی تاہم ایک سال بعد ہی مائیکروسافٹ نے اسے 400 ملین ڈالر میں خرید لیا تھا۔

اپنی شادی کی دعائے خیر کا لباس مستقبل میں اپنی بہو کو دونگی: ماہرہ خان

پاکستان کی سپر اسٹار ماہرہ خان  نے کہا ہےکہ وہ اپنی شادی کی  دعائے خیر کا لباس مستقبل میں  اپنی  بہو کو دیں گی۔

سوشل میڈیا پر ماہرہ خان کا ایک انٹرویو کا کلپ وائرل ہورہا ہے جس دوران انہوں نے مختلف موضوعات کے ساتھ ساتھ اپنی شادی کی تقریبات اور ملبوسات پر بھی گفتگو کی۔

 اداکارہ نے بتایا کہ’ میری شادی کی تقریبات کا آغاز دعائے خیر سے ہوا تھا، میری والدہ کی خواہش تھی  کہ میری شادی کی تقریبات کا آغاز دعا سے کیا جائے، اس تقریب میں زہرہ نگاہ نے دعا کروائی تھی‘ ۔

 ماہرہ خان کے مطابق’دعائے خیر کی تقریب  کا سارا اہتمام گھر پر ہی کیا گیا تھا جو میرے لیے ایک یادگار لمحہ تھی، میری دعائے خیر کے جوڑے کو ڈیزائنر عمر سعید نے حیدرآبادی انداز میں ڈیزائن کیا تھا،  اس جوڑے پر میں نے ہلکا پھلکا میک اپ  جیولری اور پھولوں کے گہنے کے ساتھ چوٹی باندھی تھی‘۔

سپر اسٹار کا کہنا تھا کہ ’یہ جوڑا میرے لیے بے حد خاص ہے جسے  میں مستقبل میں اپنی بہو کو دوں گی اور اسے سمجھاؤں گی کہ اس کا خیال رکھنا کیوں کہ یہ جوڑا میں نے بہت پیار اورمحبت  سے بنوایا ہے‘۔

 یاد رہے کہ ماہرہ خان نے اکتوبر 2023 میں کاروباری شخصیت سلیم کریم سے دوسری شادی کی تھی جب کہ پہلی شادی سے ان کا ایک بیٹا اذلان بھی ہے۔

حکومت نے ریگولر اسکیم کے تحت حاجیوں کو 3.5 ارب روپے کی واپسی شروع کر دی

وفاقی حکومت نے اس سال ریگولر اسکیم کے تحت حج ادا کرنے والے حاجیوں کو رقوم واپس کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے، دی نیوز نے جمعہ کو حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا۔

وزارتِ مذہبی امور کے مطابق 2025 کے حج کے دوران تقریباً 3.45 ارب روپے قومی خزانے میں جمع ہوئے۔

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے بتایا کہ تقریباً 75 فیصد حاجی — یعنی 84,960 میں سے 66,000 سے زائد — کو ان کے متعلقہ حج پیکج کے مطابق 12,000 روپے سے 110,000 روپے تک کی واپسی ہوگی۔

وزیر نے کہا کہ رقم واپسی کا عمل شفاف انداز میں جاری ہے اور جلد حاجیوں کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کر دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا، ’’حکومت نے رقم کی واپسی شروع کر دی ہے، یہ عمل 31 اکتوبر تک مکمل ہو جائے گا، جب کہ 25 فیصد (21,895) حاجی جنہیں نسبتاً بہتر رہائش ملی تھی، انہیں رقم واپس نہیں کی جائے گی۔‘‘

تفصیلات کے مطابق 14 فیصد حاجیوں (12,286) کو 12,000 روپے، 16 فیصد (13,939) کو 25,000 روپے، 10 فیصد (8,496) کو 75,000 روپے، 12 فیصد (10,945) کو 90,000 روپے، جبکہ 408 حاجیوں کو 110,000 روپے واپس کیے جائیں گے۔

سردار یوسف نے بتایا کہ پہلی بار منیٰ میں حاجیوں کو جِپسم دیواروں اور فولڈنگ گدوں کے ساتھ ایئرکنڈیشنڈ رہائش فراہم کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ اس سال سرکاری ریگولر اسکیم کے تحت کوٹہ میں 30,000 کا اضافہ کیا گیا اور تمام بکنگز مکمل ہو چکی ہیں، جب کہ پرائیویٹ اسکیم کی بکنگز بھی تقریباً مکمل ہیں۔

مختصر قیام کے لیے حاجی 12 لاکھ روپے، جبکہ 40 روزہ قیام کے لیے 11 لاکھ 50 ہزار روپے ادا کریں گے۔

وزیر نے مزید بتایا کہ دوسری قسط 6 لاکھ 50 ہزار روپے کی مقررہ بینکوں کے ذریعے 3 نومبر سے 15 نومبر تک جمع کرانا ہوگی۔ خواہشمند حاجیوں کو اپنے سفری بیگ کے ساتھ سعودی سم بھی فراہم کی جائے گی، جس میں 300 سے 600 مفت انٹرنیٹ منٹ ہوں گے۔

آخر میں انہوں نے سعودی وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ اور اسلام آباد میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے 2025 کے حج کے دوران پاکستانی حاجیوں کے لیے بہترین انتظامات میں تعاون کیا۔

ٹی ٹی پی کا تربیتی نیٹ ورک بےنقاب، افغان خودکش بمبار کا اعترافی بیان سامنے آگیا

افغان خودکش بمبار وسیم کا اعترافی ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد سرحد پار تحریک طالبان پاکستان کا بھرتی اور تربیتی نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا۔

افغان خود کش بمبار وسیم ارخی گوشتہ، ننگر ہار کا رہنے والا ہے جس نے 2023 میں مدرسہ انوار القرآن جلالہ آباد میں داخلہ لیا۔

اپنے اعترافی ویڈیو بیان میں افغان خودکش بمبار وسیم نے بتایا کہ جماعت الاحرار کے ایک کارندے نے خودکش بمبار کی تربیت کے لیے مجھے راضی کیا اور اگست 2023 میں شونکڑے، کنٹر کے ایک مدرسے میں خودکش حملے کی تربیت حاصل کی۔

افغان خودکش بمبار نے بتایا کہ شونکڑے کنٹر کا تربیتی مرکز مولوی بصیر کے زیر انتظام ہے جو ٹی ٹی پی کمانڈر ولی خراسانی کا بھائی ہے، شونکڑے اور آس پاس کے دوسرے تربیتی مراکز میں تقریباً 100 لڑکوں نے تربیت حاصل کی۔

اعترافی ویڈیو میں مزید بتایا کہ ٹی ٹی پی کے مولوی صدیق اور کمانڈر رشید ٹرینر تھے، ایک نقاب پوش شخص باقاعدگی سے مذہبی خطبات کے ذریعے ذہن سازی کرتا تھا۔

افغان خودکش بمبار نے بتایا کہ مئی 2024 میں پشاور میں خودکش حملے کا حکم ملا جس کے لیے اسمگلنگ نیٹ ورکس کے ذریعے پہلے کوئٹہ اور پھر پشاور پہنچا، لیکن پشاور پہنچتے ہی گرفتار ہوگیا۔

ٹک ٹاکر ڈکی بھائی کیس کی تحقیقات کرنیوالے ڈپٹی ڈائریکٹر سمیت دیگر لوگ بھی لاپتا ہونے کا انکشاف

اسلام آباد:

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے 10 روز سے لاپتا ڈپٹی ڈائریکٹر عثمان تاحال بازیاب نہ ہو سکے ۔

 پولیس 10 روز گزرنے کے باوجود بھی این سی سی آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر عثمان کا پتا لگانے میں ناکام ہے، جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے پولیس کو مغوی کی بازیابی کے لیے مزید ایک ہفتے کا وقت دے دیا۔

دورانِ سماعت عدالت نے پولیس کو مغوی کا واٹس ایپ ریکارڈ کا ڈیٹا بھی چیک کرنے کا حکم دیا۔ جسٹس اعظم خان نے ہدایت کی کہ ایک ہفتے کا وقت دے رہے ہیں پولیس مغوی کو بازیاب کروائے ۔ اصل مقصد معاملہ حل کرنا ہے صرف تاریخیں دینا نہیں ہوتا ۔

دوران سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ لاپتا ڈپٹی ڈائریکٹر عثمان کی اہلیہ روزینہ کا بھی پتا نہیں چل سکا ہے۔ وکیل رضوان عباسی نے مؤقف اختیار کیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کے بعد درخواست گزار روزینہ بھی لاپتا ہیں ۔

دوران سماعت جسٹس اعظم خان نے استفسار کیا کہ کیا پیش رفت  ہے ، آپ کو 3 روز کا وقت دیا تھا ، جس پر ڈی ایس پی لیگل نے عدالت کو بتایا کہ لاپتا ڈپٹی ڈائریکٹر کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں ۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں ۔

ڈی ایس پی لیگل نے عدالت کو بتایا کہ لاپتا ڈپٹی ڈائریکٹر ایک ٹک ٹاکر ڈکی بھائی کیس کی تحقیقات کر رہے تھے ۔ اس کیس کی تحقیقات کرنے والے باقی لوگ بھی غائب ہیں۔ متعلقہ تھانہ لاہور ہے جو ڈکی بھائی کیس کی تحقیقات کر رہا تھا ۔ درخواست گزار روزینہ پہلے لاہور پھر اسلام آباد تھیں۔  18 اکتوبر تک کا ڈیٹا ملا ہے۔ لاپتا عثمان کی اہلیہ کا ایڈریس ایمپریس روڈ کا آرہا ہے، اس کے بعد فون بند ہے۔ تفتیشی افسر ان کے گھر گیا تو بتایا  کہ گھر لاک ہے، بچے بھی ان کے ساتھ ہیں۔

وکیل رضوان عباسی نے بتایا کہ آخری کال درخواست گزار کو دھمکی آمیز آئی کہ پٹیشن واپس لیں ۔

جسٹس اعظم خان نے کہا کہ مطلب درخواست گزار مستقل لاہور رہتی ہیں ، شوہر اسلام آباد میں رہتے ہیں ۔ ہو سکتا ہے وہ والدین یا رشتے داروں کے ہاں رہ رہی ہوں ، جس پر وکیل نے  کہا کہ کیا وہ خوشی سے وہاں گئیں،  اگر گئی بھی ہوں تو۔

ڈی ایس پی لیگل نے عدالت کو بتایا کہ لاپتا ڈپٹی ڈائریکٹر کی آخری لوکیشن ایف سکس کی آئی ہے ،سی سی ٹی وی کیمرے چیک کیے ہیں ۔ واٹس ایپ ڈیٹا اگر مل جائے تو سب پتا چل جائے گا ۔

وکیل نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت سے بندہ اغوا ہوگیا ، 10 روز  گزر گئے ہیں ۔

دوران سماعت ڈی ایس پی لیگل نے واٹس ایپ ڈیٹا کے لیے ایک ہفتے کا وقت مانگ لیا، جس پر عدالت نے پولیس استدعا منظور کرتے ہوئے مغوی کی بازیابی کے لیے ایک ہفتے کا وقت دے دیا  اور کیس کی سماعت اگلے جمعے 31 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔

ٹی ایل پی پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری، کالعدم جماعت قرار دیدیا گیا

وزارت داخلہ نے ٹی ایل پی پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

وفاقی کابینہ نے گزشتہ روز ٹی ایل پی پر پابندی کی منظوری دی تھی جس کے بعد اب وزارت داخلہ نے مذہبی جماعت پر پابندی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن کے بعد ٹی ایل پی کو اب کالعدم جماعت قرار دے دیا گیا ہے، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کے پاس ٹھوس وجوہات ہیں کہ ٹی ایل پی دہشتگرد سرگرمیوں میں ملوث ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے مطابق  ٹی ایل پی کو فرسٹ شیڈول کے تحت کالعدم جماعتوں کی فہرست میں شامل کر لیا  گیا ہے۔

ٹی ایل پی پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری، کالعدم جماعت قرار دیدیا گیا

تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کا نوٹیفکیشن امیر ٹی ایل پی اور تمام متعلقہ اداروں کو بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل پنجاب کابینہ نے ٹی ایل پی پر پابندی کی منظوری دی اور اس کی سمری وفاقی حکومت کو ارسال کی تھی۔

کے پی میں میٹرک امتحان میں 40 فیصد سے کم نتائج، محکمہ تعلیم کا کارروائی کا فیصلہ

خیبر پختونخواہ کے محکمہ تعلیم نے میٹرک کے حالیہ امتحان میں 40 فیصد سے کم نتائج پر کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم خیبر پختونخواہ کی جانب سے مردان تعلیمی بورڈ کے زیر انتظام اسکولوں کی ناقص کارکردگی پر انکوائری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا کا اہم اجلاس بھی طلب کیا گیا جس میں تمام اسکول سربراہان کو مکمل ریکارڈ اور رپورٹ کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔

علاوہ ازیں نتائج بہتر بنانے کے لئے اقدامات کی سفارشات بھی تیار کی جائیں گی۔

اپنے ہی ملک میں میرے ساتھ ایسا سلوک ہوتا ہے، طلحہ انجم پر پھر کسنرٹ کے دوران بوتل پھینکنے دی گئی

پاکستان میوزک انڈسٹری کے عالمی شہرت یافتہ ریپر طلحہ انجم کے کنسرٹ میں ایک مرتبہ پھر اسٹیج پر بوتل پھینکنے کا واقعہ پیش آیا ہے جس پر گلوکار نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔ 

ایک حالیہ کنسرٹ میں کسی نوجوان نے طلحہ انجم پر شیشے کی بوتل پھینک دی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ طلحہ انجم نے اس طرح کے سلوک پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے ہی ملک میں لوگ اس طرح سلوک کرتے ہیں۔

گلوکار کا کہنا تھا کہ میں بنگلہ دیش گیا، کینیڈا گیا، بھارتی مداح نے میرے پاؤں چھو کر بولا کیا لکھتے ہو کیا گاتے ہو مگر میرے اپنے ملک میں میرے ساتھ ایسا کیا جاتا ہے جس پر دکھ ہوتا ہے۔

طلحہ انجم نے مزید کہا کہ اگر میں ابھی کنسرٹ چھوڑ کر چلا جاؤں تو کوئی کیا کرلے گا؟ گلوکار نے کنسرٹ میں موجود مداحوں سے کہا کہ بوتل پھینکنے والا اپنی اوقات دکھا رہا ہے آپ اسے میری اوقات بتاؤ جس پر مداحوں نے گلوکار کا ساتھ دیتے ہوئے انہیں خوب سراہا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی طلحہ انجم پر کئی مرتبہ کنسرٹ کے دوران بوتل پھینکی جاچکی ہے جس پر انہوں نے شدید ردعمل دیا تھا۔ سوشل میڈیا صارفین کا بھی کہنا ہے کہ ہماری نوجوان نسل کو فنکاروں کی عزت کرنی چاہیئے۔

علی ترین کی پی سی بی پر شدید تنقید، لیگل نوٹس پھاڑ دیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز  ملتان سلطانز  کے مالک علی ترین نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا لیگل نوٹس پھاڑ دیا۔

سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں علی ترین نے کہا کہ پی ایس ایل منیجمنٹ نے انہیں ایک لیگل نوٹس بھیجا ہے جس میں تنقیدی بیانات واپس لینے اور معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معافی نہ مانگنے کی صورت میں فرنچائز معاہدہ ختم کرنے اور مجھے بلیک لسٹ کرنے کی دھمکی بھی دی گئی ہے تاہم وہ خاموش نہیں رہیں گے۔

علی ترین نے کہا کہ انہیں پی ایس ایل سے محبت ہے اور یہ لیگ پورے پاکستان کی ہے، مسائل کے حل کے لیے ساتھ بیٹھنےکو تیار ہوں لیکن مجھ سے آج تک اس حوالے سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔

یاد رہےکہ پی سی بی نے معاہدے کی خلاف ورزی اور پی ایس ایل کی شہرت کو نقصان پہنچانے کی مہم چلانے پر ملتان سلطانز کو نوٹس جاری کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ فرنچائز نے نوٹس کا تسلی بخش جواب نہ دیا تو معاہدے کی منسوخی اور فرنچائز مالکان کو بلیک لسٹ ہونے کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔

سکیورٹی فورسز کی لکی مروت میں کامیاب کارروائی، 8 خوارج ہلاک، 5 شدید زخمی

سکیورٹی فورسز نے لکی مروت میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 8 خوارج کو ہلاک کردیا جب کہ 5 شدید زخمی ہو گئے۔

سکیوڑٹی ذرائع کے مطابق  24اکتوبر کو کی جانے والی اہم کارروائی میں 8 خوارج مارے گئے جب کہ 5 شدید زخمی ہوئے۔ فورسز کی یہ  کارروائی خفیہ اطلاعات پر لکی مروت کے علاقے وانڈہ شیخ اللہ میں کی گئی۔

سکیورٹی فورسز کی نہایت عسکری مہارت سے کی گئی اس کارروائی میں خوارج کو فرار ہونے کا کوئی موقع نہیں  مل سکا۔ علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کی موجودگی کے خدشات کے پیش نظر سرچ آپریشن جاری ہے۔

 نیشنل ایکشن پلان کے تحت آخری خارجی کے خاتمے اور امن و امان کی مکمل بحالی تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔